ہوم بلاگ صفحہ 6333

حکومت انتخابات کی طرف نہ بڑھی تو فائنل کال دینگے، فواد چوہدری

0

پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت انتخابات کی طرف نہ بڑھی تو فائنل کال دی جائیگی اور 2 ہفتوں میں یہ فائنل کال دی جاسکتی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی کور کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے گی، تمام تنظیموں کو کہہ دیا ہے مہنگائی کے خلاف احتجاج کی تیاری کریں، کارکنان ستمبر کے مہینے میں ہی فائنل کال کا انتظار کریں، اسلام آباد میں ایسی احتجاج کی کال آئے گی جو اس سے پہلے کسی نے دیکھی نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہہ چکے ہیں کہ انتخابات کی بات کریں آکر ہمارے ساتھ بیٹھا جائے، اس وقت دو راستے ہیں ایک آئیڈیل جمہوریت بن کر ابھریں گے یا نارتھ کوریا اور برما بن جائیں، خواجہ آصف نے اگر کہا ہے بات چیت کے لیے تیار ہیں تو یہ مثبت بات ہے پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے، اس وقت ملک کے مفاد میں ہے کہ بغیر کسی انتشار کے بغیرالیکشن کی طرف بڑھیں، اگر نقصان ہوا تو اس کی ذمے داری تحریک انصاف پر نہیں ہوگی، عبوری حکومت نے آنا ہی آنا ہے اس پر کوئی دو رائے نہیں ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کور کمیٹی نے ملک کی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے، ملک میں ایک سیاسی عدم استحکام پیدا کیا گیا ہے، ملک کے برے شہروں میں اسٹریٹ کرائمز بڑھ گئے ہیں، کریانے کی دکان اور بیکریوں پر بھی ڈاکے پڑ رہے ہیں، لوگوں کو روٹی کے لالے پڑ گئے ہیں اس لیے اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوا ہے، لوگوں کی نوکریاں جارہی ہیں مہنگائی بڑھ گئی ہے، اگلے چند ماہ میں مزید 10 لاکھ افراد بے روزگار ہونگے، حکومت نے چیخوں کے علاوہ اور کوئی پلان نہیں دیا۔

انہوں نے بتایا کہ کور کمیٹی اجلاس میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا، ہونے والی تباہی پر دلی صدمہ ہے، سندھ اور بلوچستان میں سیلاب سے بہت زیادہ تباہی ہوئی ہے، سیلاب کے متاثرین کی مدد کا ملک گیر منصوبہ ہے، پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ٹیلی تھون میں 11 ارب روپے دیے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جن صوبوں میں ہماری حکومت ہے وہاں 26 اکتوبر سے 9 نومبر تک عشرہ رحمت العالمین ﷺ منائیں گے۔

مالک کی موت پر دل گرفتہ گائے لاش کے قریب رونے لگی

0

اکثر جانوروں کو اپنے مالک سے بے انتہا انسیت ہوجاتی ہے اور وہ اس سے بچھڑنا برداشت نہیں کرسکتے، ایسی ہی ایک گائے کی ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے جو اپنے مالک کی موت پر اس کی لاش کے قریب رو رہی ہے۔

یہ واقعہ بھارتی ریاست جھاڑ کھنڈ کے ایک گاؤں میں پیش آیا، ایک کسان کی موت کے بعد اسے آخری رسومات کے لیے شمشان گھاٹ لے جایا گیا جہاں عجیب واقعہ پیش آیا۔

میت کے اہل خانہ اور رشتے دار اس کی آخری رسومات کی تیاری کر رہے تھے جب اچانک اس کی گائے بھی وہاں آن پہنچی، وہ ادھر ادھر سر گھما کر مالک کو ڈھونڈنے لگی، لوگوں نے راستہ بنا کر اسے آگے جانے دیا جہاں بیچوں بیچ میت رکھی تھی۔

گائے وہاں جا کر کھڑی ہوگئی اور رونے لگی جس پر وہاں موجود افراد حیران رہ گئے، ایک روتا ہوا شخص گائے کو روتا دیکھ مزید افسردہ ہوگیا۔

لوگوں نے گائے کو تسلی سے اس کے مالک کے قریب سوگ منانے دیا اور بعد ازاں میت کی آخری رسومات ادا کیں۔

بائیک سوار کے سر پر الیکٹرک پول گر گیا، رونگٹے کھڑے کردینے والی ویڈیو

0

موٹر سائیکل چلاتے ہوئے ہیلمٹ پہنا نہ صرف حفاظتی اصولوں میں سے ایک ہے بلکہ اسے ٹریفک قانون کی حیثیت بھی حاصل ہے، ایک اور ویڈیو نے اس سچائی کو ثابت کردیا۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو پوسٹ کی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہیلمٹ پہنا ہوا ایک موٹر سائیکل سوار تیزی سے آتا ہے اور سامنے کھڑی گاڑی سے بری طرح ٹکراتا ہے جو اسی وقت آگے بڑھ رہی تھی۔

ٹکرانے کے بعد موٹر سائیکل سوار زمین پر گرتا ہے اور کئی قلابازیاں کھاتا ہے، اس دوران اس کا سر کئی بار زمین سے ٹکراتا ہے لیکن اس کے باوجود وہ اٹھ کھڑا ہوتا ہے۔

ابھی وہ اٹھ ہی رہا ہوتا ہے کہ اس کے قریب موجود پول، جس سے اس کی بائیک ذرا دیر پہلے ٹکرائی تھی، دھڑام سے اس کے اوپر گرتا ہے اور موٹر سائیکل سوار ایک بار پھر زمین پر گر جاتا ہے۔

لیکن اس بار بھی خدا کی قدرت سے وہ محفوظ رہتا ہے اور دوبارہ اٹھ کھڑا ہوتا ہے۔

دہلی پولیس نے اسے ہیلمٹ کی کرامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ خدا بھی ان کی مدد کرتا ہے جو ہیلمٹ پہنتے ہیں۔

ویڈیو کے کیپشن میں لکھا دکھائی دیتا ہے کہ ہیلمٹ پہننا آپ کو ایک دو بار نہیں متعدد بار بچا سکتا ہے۔

اس دل دہلا دینے والی ویڈیو کو اب تک لاکھوں افراد دیکھ چکے ہیں، ایک شخص نے کہا کہ ہیلمٹ سے اس کا سر تو بچ ہی گیا شکر ہے کہ گردن نہیں ٹوٹی۔

بعض صارفین نے مقامی انتظامیہ کو برا بھلا کہتے ہوئے پول کی خستہ حالی پر تنقید کی اور کہا کہ ایک ذرا سی ٹکر لگنے سے پول ہی نیچے گر گیا۔

زیادہ تر افراد نے مذکورہ شخص کی جان بچنے پر اسے خوش قسمت قرار دیا اور ہیلمٹ پہننے پر زور دیا۔

ملک میں احتساب کا جنازہ نکل چکا ہے، بابر اعوان

0

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ ملک میں احتساب کا جنازہ نکل چکا ہے 95 فیصد احتساب کے مقدمات ختم ہو گئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل ایسا واقعہ ہوا کہ پاکستان میں جو احتساب کا ادارہ تھا وہ فوت ہوگیا، پنجاب اور سندھ کے گھرانوں کو کس طرح فائدہ دیا گیا ہے، فضل الرحمان سمیت دیگر کیخلاف جو مقدمات تھے اس پر فاتحہ پڑھ لی گئی ہے، پی ڈی ایم کے وزیروں نے کہا تھا کہ ستمبر میں نوازشریف کو لائیں گے، پھر دوسرا بیان آیا کہ کیس پہلے ختم ہوں گے نواز شریف بعد میں آئیگا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ نیب ترامیم کے مطابق 99 لوگ لٹ جائیں گے تو انہیں لوٹنے والا لٹیرا نہیں ہوگا، 49 کروڑ 99 لاکھ 99 ہزار 999 روپے کی کرپشن کرنے والا کرپٹ نہیں ہوگا، یہاں ملزمان کو سزا نہیں ہوتی اور سالہا سال فرد جرم عائد نہیں ہوتے، لیکن نیب ترمیم کے بعد اگر کیس ثابت نہیں ہوا تو کیس کرنے والے کو 5 سال قید بامشقت سزا ہوگی، تو جو پیسے والا ہے اس کے خلاف اب کون مقدمہ بنائے گا؟

یہ بھی پڑھیں: قانون میں تبدیلی : شہباز، حمزہ، پرویز اور گیلانی کے نیب مقدمات ختم

بابر اعوان نے کہا کہ اس وقت معیشت کریش کر رہی ہے، کل سے پاکستان میں افراط زر ریڈ زون میں داخل ہوا ہے، کل اس کو آخری بوسٹر لگ گیا ہے، اب اسے ناقابل علاج بنایا جارہا ہے، مہنگائی آسمان پر تھی اب ساتویں آسمان پر جا رہی ہے۔

وزیراعظم اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کیلیے روانہ

0

وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہوگئے ہیں وہ براستہ لندن امریکا جائیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے براستہ لندن امریکا کے لیے روانہ ہوگئے ہیں، وہ ایک ہفتے کے دورے کے دوران لندن اور نیویارک جائیں گے۔

وزیراعظم لندن میں قیام کے دوران 19 ستمبر کو ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے ملاقات کریں گے۔

شہباز شریف 19 ستمبر کو لندن سے نیویارک روانہ ہوں گے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے جب کہ اس دوران وہ مختلف عالمی شخصیات سے سائیدْ لائن ملاقاتیں بھی کریں گے۔

کیا آپ ان سیبوں میں سے مختلف سیب ڈھونڈ سکتے ہیں؟

0

تصاویر میں چھپی اشیا ڈھونڈنا یا اس میں چھپی ہوئی پہیلی بوجھنا، جو بہت مہارت سے چھپائی جاتی ہیں، دماغ کے لیے ایک اچھی خاصی مشق ہوتی ہے۔

یہ ایک طرف تو تصویر بنانے والے کی مہارت کی عکاس ہوتی ہیں، تو دوسری طرف دیکھنے والے کی حاضر دماغی اور مشاہدے کی عادت کا بھی علم دیتی ہیں۔

آج آپ کے لیے ایسی ہی ایک تصویر پیش کی جارہی ہے جس میں چھپی ہوئی پہیلی بوجھنا آپ کی ذہانت کی نشاندہی کرے گا۔

اس تصویر میں آپ کو بہت سے سیب دکھائی دے رہے ہیں، ویسے تو یہ تمام سیب خراب ہیں جس کا ثبوت ان میں لگنے والا کیڑا ہے۔

اس کے باوجود اس میں ایک سیب کچھ مختلف ہے، کیا آپ اس سیب کی نشاندہی کرسکتے ہیں؟

کیا آپ نے وہ سیب ڈھونڈ لیا؟

صحیح جواب ہے کہ ایک سیب میں موجود کیڑے کا رنگ دیگر سیبوں کے کیڑوں سے مختلف ہے۔

نیب ترمیمی بل : ’’ملک کو دیمک کی طرح چاٹنے والے اب آزاد گھومیں گے‘‘

0
نیب بل

لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر عمرسرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ این آر او 2 کے تحت من پسند احتساب کی بندر بانٹ کے نتائج آنا شروع ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ احتساب عدالتوں نے 50سے زائد کرپشن کے ریفرنسز واپس کردیے، سازش کے تحت اقتدار حاصل کرکے مقدمات ختم کرنے کے مشن کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔

سابق گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہی ہے، پی ڈی ایم ٹولہ پتلی گلی سے نکل لیا، شریف برادران، یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف، سلیم مانڈوی والا اور دیگر کو کلین چٹ مل گئی۔

انہوں نے کہا کہ ملکی خزانے کو دیمک کی طرح چاٹنے والے اب آزاد گھومیں گے، پی ڈی ایم ٹولے نے ملک میں جنگل کا قانون نافذ کر رکھا ہے۔

عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) ترمیمی بل ’’اندھا بانٹے ریوڑیاں اپنے اپنوں کو دے‘‘کی جیتی جاگتی مثال ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی طاقتور اور کمزور کے لیے یکساں انصاف کا مشن لے کرحکومت میں آئی تھی، پی ڈی ایم ٹولے نے ایک بار پھر ملک کو عشروں پیچھے دھکیل دیا۔

مزید پڑھیں : قانون میں تبدیلی : شہباز، حمزہ، پرویز اور گیلانی کے نیب مقدمات ختم

واضح رہے کہ پارلیمنٹ میں نیب قوانین میں کی جانے والی ترمیم کے بعد نیب کیسز میں ملوث کے بڑے ملزمان کو بڑا ریلیف مل گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز، راجا پرویز اشرف اور سید یوسف رضا گیلانی کے خلاف عائد الزامات سمیت 50 کرپشن ریفرنسز احتساب عدالتوں نے واپس کر دیے۔

’عوام عمران خان کی کال کے لیے بے تاب ہے‘

0

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ عوام عمران خان کی کال کے لیے بے تاب ہے۔

پی ٹی آئی کے سینیٹر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ عمران خان ا چار سدہ میں سیلاب زدگان سے ملاقات کریں گے اور ریلیف کے کاموں کا جائزہ لیں گے۔

فیصل جاوید نے کہا کہ حقیقی آزادی مہم فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، عوام عمران خان کی کال کے لیے بے تاب ہے، آج عمران خان چار سدہ میں جلسے سے خطاب بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ موجودہ پی ڈی ایم حکومت اور ہوشربا مہنگائی کیخلاف تحریک انصاف آج چارسدہ میں عوامی قوت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف آج چار سدہ میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی

جلسہ عام کے لئے بائی پاس روڈ اتمانزئی گراؤنڈ میں 40 فٹ بلند اور 16 فٹ چوڑا اسٹیج تیار کیا گیا، جلسہ گاہ میں خواتین کے لئے علیحدہ جگہ مختص کی گئی ہے۔

یو اے ای نے 5 سالہ ’’ملٹی پل سیاحتی ویزے‘‘ کا حصول آسان کردیا

0

متحدہ عرب امارات نے دنیا بھر کے شہریوں کے لیے 5 سالہ ملٹی پل سیاحتی ویزے کے اجرا کو مزید آسان بنانے کا اعلان کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات نے تمام ممالک کے شہریوں کیلیے 5 سالہ ملٹی پل سیاحتی ویزے کے اجرا کو مزید آسان بناتے ہوئے اس کے لیے کسی اسپانسر یا اندرون ملک میزبان کی شرط ختم کردی ہے جب کہ دیگر چار شرائط عائد کی ہیں جن پر آئندہ ماہ 3 اکتوبر سے عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق ملٹی پل سیاحتی ویزے کے خواہشمند افراد کو درخواست دیتے وقت 4 ہزار ڈالر بیلنس کا بینک اسٹیٹمنٹ دینا ہوگا اور یہ اسٹیٹمنٹ ویزے کے حصول کی درخواست دینے کی تاریخ سے 6 ماہ پہلے تک کا ہونا چاہیے، اس کے ساتھ ویزا فیس، مالیاتی گارنٹی اور ہیلتھ انشورنس اسکیم بھی ضروری ہوگی۔

اس کے علاوہ ویزا لینے والے کو اپنے امارات آمد کا مقصد بتانا ہوگا اور اس کو کسی بھی صورت ایک سال سے زیادہ قیام کی اجازت نہیں ہوگی۔

نئی شرائط کے ستھ 5 سالہ سیاحتی ویزا لینے والے کو متعدد سہولتیں اور رعایتیں بھی فراہم کی جائیں گی جس کے تحت ویزا ہولڈر 90 دن تک مسلسل امارات میں قیام کرسکے گا جب کہ اس میں مزید 90 روز کی توسیع بھی ہوسکتی ہے، تاہم اس سے قبل امارات میں قیام کی کل مدت ایک سال می 180 دن سے زیادہ نہ رہی ہو۔

اس حوالے سے اماراتی حکام نے کہا ہے کہ سیاحتی ویزے کی درخواست سے قبل امیدوار اس بات کا اطمینان کرلیں کہ وہ ایسے ملک کا شہری تو نہیں ہے جس کو یو اے ای آنے کے لیے ویزا نہیں لینا پڑتا۔

سندھ میں سیلاب سے نقصانات کا تخمینہ34 ارب تیرہ کروڑ سے تجاوز

0
سیلاب

حالیہ سیلاب سے سندھ کے پرائمری ہیلتھ اسٹرکچر سسٹم کو شدید نقصان پہنچنے کا انکشاف ہوا ہے، صوبے کے1091 مراکز صحت مکمل یا جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔
،،،
ہیلتھ سسٹم کو پہنچنے والے نقصانات کی رپورٹ سندھ حکومت کو ارسال کردی گئی، سیلاب سے نقصانات کا تخمینہ چونتیس ارب تیرہ کروڑ سے زائد لگایا گیا ہے۔

اس حوالے سے وزارت قومی صحت کے ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا ہے کہ سیلاب سے سندھ کا پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم شدید متاثر ہوا ہے۔

سندھ کے ہیلتھ سسٹم کو ہونے والے نقصانات کا انکشاف اسسمنٹ سروے میں ہوا، ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں سیلاب سے 1091 مراکز صحت کو مکمل یا جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے،جس کا تخمینہ 34 ارب 13 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق سندھ میں سیلاب سے 125 مراکز صحت مکمل تباہ ہوچکے ہیں جبکہ 966 مراکز صحت کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

سندھ میں سب سے زیادہ 247 مراکز صحت سکھر میں متاثر ہیں، سکھر میں سیلاب سے 247حیدر آباد 205 مراکز صحت متاثر ہوئے ہیں۔

لاڑکانہ میں سیلاب سے 212، میرپور خاص 236،،شہید بینظیر آباد 163 جبکہ کراچی میں سیلاب سے 28 مراکز صحت متاثرہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق سکھر میں 230 مراکز صحت جزوی، 17 مکمل تباہ ہوئے ہیں، حیدر آباد میں 183 مراکز صحت جزوی جبکہ 22 مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق لاڑکانہ میں 199 مراکز صحت جزوی اور 13 مکمل تباہ ہو چکے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ میرپور خاص میں سیلاب سے 171 مراکز صحت جزوی اور 65 مکمل تباہ ہوئے ہیں۔

شہید بینظیر آباد میں 156 مراکز صحت جزوی اور7 مکمل تباہ ہوگئے۔ سیلاب سے کراچی میں 27 مراکز صحت جزوی نقصان پہنچا ہے جبکہ ایک مرکز صحت مکمل تباہ ہوچکا ہے۔