ہوم بلاگ صفحہ 6919

سہراب گوٹھ ہنگامہ آرائی: پولیس سے ہتھیار چھین کر فائرنگ کی گئی

0

کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سپر ہائی وے پر گزشتہ روز ہونے والی ہنگامہ آرائی کے دوران سرکاری ہتھیار لوٹنے اور اسی سے فائرنگ کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سپر ہائی وے پر ہونے والے احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے دوران سرکاری ہتھیار اور ایمونیشن لوٹنے کا انکشاف ہوا ہے، شرپسند عناصر نے سرکاری افسر کا نائن ایم ایم پستول اور موبائل بھی چھین لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ احتجاج کے دوران مسلح ملزمان نے ایس ایم جی کی 750 گولیاں اور نائن ایم ایم کی 600 گولیاں لوٹیں، ملزمان نے پولیس سے چھینے گئے ہتھیاروں سے فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کی۔

پولیس کے مطابق سپر ہائی وے اور سروس روڈ پر کار سواروں اور پیدل افراد سے لوٹ مار بھی کی گئی، شرپسند عناصر نے سرکاری دفاتر اور پرائیوٹ املاک کو نقصان پہنچایا۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ شرپسندوں کی فائرنگ سے 4 راہگیر زخمی ہوئے، 2 زخمی دوران علاج اسپتال میں جاں بحق ہوگئے۔

دوسری جانب گزشتہ روز کی ہنگامہ آرائی میں ملوث 190 سے زائد افراد کو پکڑا گیا ہے جبکہ 4 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سہراب گوٹھ تھانے میں 2 اور مبینہ ٹاؤن تھانے میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے، سہراب گوٹھ تھانے میں درج مقدمات میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ حیدر آباد کے ایک ہوٹل میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے بلال کاکا نامی شخص کے قتل کے بعد سندھ بھر میں حالات کشیدہ ہیں اور لسانی فسادات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

ڈی سی ساؤتھ کے گھر میں آتشزدگی، زخمی حالت میں اسپتال منتقل

0

کراچی: ڈپٹی کمشنر ساؤتھ عبدالستار عیسانی کے گھر میں آتشزدگی کا واقعہ رونما ہوا ہے، جس کے نتیجے میں وہ جھلس کر زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق ڈی سی ساؤتھ عبدالستار عیسانی کے گھر میں رات گئے آگ لگ گئی، آتشزدگی کے نتیجے میں ڈی سی ساؤتھ اور ان کے گھر آئے دوست جھلس کر زخمی ہوگئے، جن کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ وہ بھی سندھ کے اعلیٰ ترین افسر ہے۔

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری ڈی سی ساؤتھ کی رہائش گاہ پہنچی اور انہوں نے جھلس کر زخمی ہونے والے دونوں افسران کو کلفٹن کے نجی اسپتال منتقل کیا۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں افسران کا جسم پچاس فیصد جھلسا ہے، دونوں کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کیسے پیش آیا، فی الحال کچھ کہا نہیں جاسکتا۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی پولیس کو شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت

0
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے، پولیس اور ضلعی انتظامیہ شہر کی معمول کی زندگی کو یقینی بنائیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کی کوئی بھی سڑک بند نہیں ہونی چاہیئے، شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹا جائے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے والے کے خلاف کارروائی کی جائے، شہر میں افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ سڑکیں بند کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام متعلقہ افراد سے اس معاملے پر بات چیت کی ہے، تمام فریقین اس قسم کی حرکت سے لاتعلقی کا اظہار کر رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ شہر کی معمول کی زندگی کو یقینی بنائیں۔

"آرٹیکل چھ کی بات کرنیوالوں کا باپ بھی کچھ نہیں کر سکتا”

0

لاہور: سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آرٹیکل چھ کی بات کرنیوالوں کا باپ بھی میرا کچھ نہیں کر سکتا، لاہور والوں نے درست فیصلہ کرلیا تو سب دھرا رہ جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ کے کہنے پر مجھے آج اینٹی کرپشن نے بلایا تھا، ڈی جی اینٹی کرپشن رانا عبدالجبار اجرتی قاتل رانا ثنا اللہ کا ساتھی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کا بیانیہ چوروں اور لٹیروں کے خلاف ہے، نواز شریف نے کہا ووٹ کو عزت دو لیکن اس نے لوٹے کو عزت دی،لوٹا بھی گوالمنڈی کا ہے جس میں چھ چھید ہیں عوام کا فیصلہ عمران خان کے حق میں ہے، انشااللہ سترہ جولائی کو تاریخ رقم ہونے جارہی ہے۔

سابق وزیر داخلہ نے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروش کو کہنا چاہتا ہوں زمین میری ہے میں نے بیچی ہے، یہ میری زمین ہے میں نے بیچی ہے تمہارےباپ سے تو نہیں لی، جس کو بیچی شریف آدمی نے ابھی تک مجھے پیسے بھی نہیں دیئے۔

یہ بھی پڑھیں: "رانا ثنااللہ آرٹیکل 6 سے پیچھے مت ہٹنا”، فواد چوہدری کا چیلنج

اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ نے اینٹی کرپشن لاہور میں طلبی نوٹس کے خلاف درخواست پر سابق وزیرداخلہ کو غیرقانونی ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم جاری کیا، جسٹس فاروق حیدر نے سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں چیف سیکریٹری پنجاب، سیکریٹری ہوم، ڈی جی اینٹی کرپشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔

شیخ رشید نے عدالت سے استدعا کی کہ بیس جولائی کو سپریم کورٹ میں پیش ہونا ہے جس پر عدالت نے شیخ رشید کی استدعا پر تاریخ 27 جولائی کردی۔

تصویر پہیلی: صرف ذہین افراد 20 سیکنڈز میں بلی ڈھونڈ سکتے ہیں

0

ہم آپ کے لیے ایک اور تصویری چلینج لے کر آئے ہیں، بہت سارے چہروں کے درمیان آپ کو بلی ڈھونڈنی ہے، وہ بھی صرف 20 سیکنڈز میں۔

ہمارا یہ چیلنج ہے کہ صرف ذہین اور باصلاحیت افراد ہی ان بہت ساری خواتین میں سے 20 سیکنڈز میں بلی کو پہچان سکتے ہیں۔

اس تصویر میں بلی ڈھونڈنا بلاشبہ آسان نہیں ہے، یہ دماغ کو ہلا دینے والی تصویر ہے، آپ کو اس میں صرف انسانی چہرے ہی نظر آ رہے ہیں لیکن یقین مانیے کہ عورتوں کے درمیان ایک بلی بھی ہے۔

بلی بہت مزے سے عورتوں کے درمیان گھس کر سر نیہوڑائے بیٹھی ہوئی ہے، اور آپ نے صرف بیس سیکنڈ میں اس کا پتا لگانا ہے۔

اس قسم کی پہیلیاں آپ کی دماغی طاقت کو بڑھانے میں بہت فائدہ مند ہیں، بالکل ایک "ذہنی جمنازیم” کی طرح۔ جواب کے لیے نیچے اسکرول کرنے سے پہلے ڈھونڈنے کی اپنی کوشش تو کریں!

تو آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ ایسی تصاویر آپ کے ارتکاز کی سطح اور توجہ بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں، جب آپ دماغی مشقت کر کے ہدف کو تلاش کرتے ہیں تو آپ نہ صرف چیلنج سے لطف اندوز ہوتے ہیں بلکہ اپنے بارے میں بہت زیادہ اعتماد بھی محسوس کرتے ہیں۔

 

پنجاب ضمنی الیکشن سے قبل پی ٹی آئی کی بڑی فتح

0

پنجاب ضمنی الیکشن میں دھاندلی سے متعلق پی ٹی آئی کے خدشات درست ثابت ہوئے، الیکشن کمیشن نے سنگین غلطی کو تسلیم کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں ووٹر لسٹوں میں غلطی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی ، درخواست گزار پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد نے مؤقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن نے زندہ لوگوں کو مردہ قرار دیدیا ہے۔

دوران سماعت صوبائی الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے الزامات کو تسلیم کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ڈیٹا آپریٹر کی غلطی سے چالیس لاکھ لوگوں کو فوت شدگان لکھا گیا، یہ انسانی غلطی تھی جسے فوری طور پر ٹھیک کیا گیا۔

صوبائی الیکشن کمشنر نے عدالت کو بتایا کہ ووٹرلسٹ پر غلطی سےپرنٹنگ دو جون کی تاریخ لکھی ہوئی ہے یہ اپ ڈیٹ ہونیوالی لسٹ عام انتخابات کیلئے ہے، پنجاب اسمبلی کے ضمنی الیکشن پچیس مئی دو ہزار بائیس کو اپ ڈیٹ ہونے والی لسٹ کے مطابق ہوگا۔

الیکشن کمیشن کے جواب کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست نمٹا دی، عدالت نے حکم دیا کہ اگر یاسمین راشد کی ضمنی الیکشن سے متعلق اگر کوئی درخواست زیرالتوا ہے تو الیکشن کمیشن اس کا فیصلہ کرے۔

عدالتی فیصلے کے بعد اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے نوٹس لیا جو کہ اچھی اور خوش آئند بات ہے، میں ووٹرلسٹ اور الیکشن ٹریبونل کا معاملہ عدالت میں لیکر گئی، ہم چاہتے ہیں کہ پولنگ ایجنٹ وہاں بیٹھیں اور دھاندلی پر نظر رکھیں، ہمیں ہر صورتحال کےلئے الرٹ رہنا چاہیے۔

یاسمین راشد نے کہا کہ الیکشن کمشنر پر واضح کیا کہ جمہوریت اسوقت مضبوط ہوگی جب الیکشن شفاف ہو،صاف و شفاف الیکشن ہونگے تو ہی جمہوریت مضبوط ہوتی ہے۔

صحافی عمران ریاض کو زہر دئیے جانے کا شبہ ہے، عمران خان

0

لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی نے معروف صحافی اور اینکر عمران ریاض کو زہر دئیے جانے کے خدشے کا اظہار کردیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں عمران خان نے کہا کہ عمران ریاض کو ایسی جیل میں رکھا جہاں مہذب ممالک جانور کو بھی نہ رکھیں، معروف صحافی کو زہر دینےکا بھی شبہ ہے ، تمام ذمہ داروں کو شرم آنی چاہیے۔

عمران خان نے لکھا کہ ایسے اقدام خوفزدہ کرنے کے بجائے عوام کے غصے میں اضافہ کرتا ہیں جس سے بدمعاشوں ،انکے ہینڈلرز کیخلاف عوام کےغصےمیں اضافہ ہوتا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے ویڈیو بھی شیئر کی۔

واضح رہے کہ آج نامور اینکر عمران ریاض لاہور سے دبئی جانے کے لئے لاہور ایئرپورٹ پہنچے تو امیگریشن حکام نے انہیں طیارے سے آف لوڈ کردیا۔

ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کا نام بلیک لسٹ میں شامل ہونے کے باعث یہ اقدام اٹھایا گیا، واقعے سے متعلق اعلیٰ افسران کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صحافی عمران ریاض کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا

بعد ازاں معروف صحافی نے ٹوئٹ کیا کہ میرے ڈاکٹرز کے مطابق دوران گرفتاری مجھے کچھ ایسا کھانے کے لیے دیا گیا جو خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، مجھے کچھ ٹیسٹ کروانے تھے تاکہ ثابت کر سکوں کہ کیا کوشش کی گئی ہے؟ مگر مجھے ایئر پورٹ پر روک لیا گیا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ واقعے سے متعلق مکمل تفصیلات کچھ دیر میں شیئر کروں گا۔

واقعہ رپورٹ ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ‘عمران ریاض خان پوائزنڈ’ کے نام سے ٹرینڈ جاری ہے، جس پر ہزاروں صارفین نے اپنی آرا کا اظہار کیا اور اسے اوچھا اقدام قرار دیا، کسی نے لکھا کہ حق وسچ کی آواز بند کرنے کے لئے حکومت ہٹ دھرمی پر اتر آئی۔

حجاج کرام وطن واپسی پر اپنے پیاروں کے لیے کیا تحائف لا رہے ہیں؟

0

ریاض: سعودی عرب میں فریضہ حج کے بعد حجاج کرام اپنے عزیزوں اور دوستوں کے لیے تحائف کی خریداری کر رہے ہیں، حجاج کے درمیان عربی لباس ثوب اور غترہ کافی مقبول ہورہا ہے۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام مکہ مکرمہ میں تحائف خریدنے میں مصروف ہیں، جس سے بازاروں کی رونق دوبالا ہوگئی ہے۔

حج سیزن بخیر و خوبی مکمل ہونے کے بعد مختلف ممالک سے آنے والے حجاج کرام ان دنوں مکہ مکرمہ کے بازاروں میں اپنے عزیزوں اور دوستوں کے لیے تحائف کی خریداری کر رہے ہیں۔

مسجد الحرام کی قریبی مارکیٹوں میں حجاج کرام کی بڑی تعداد دیکھی جا سکتی ہے جو فجر کی نماز کے بعد اپنی رہائش گاہوں پر جانے سے قبل مارکیٹس میں پہنچتی ہے۔

حجاج سب سے زیادہ تسبیح کی خریداری کر رہے ہیں جبکہ جائے نمازیں بھی بڑی تعداد میں خریدی جا رہی ہیں، عربی لباس ثوب اور غترہ بھی حجاج میں کافی مقبول ہے جو وہ تحفہ دینے اور خود استعمال کرنے کے لیے بھی خریدتے ہیں۔

حرمین شریفین اور مقامات مقدسہ کی تصاویر بھی حجاج کی خاص دلچسپی کا باعث ہیں۔

آئمہ حرم کی آوازوں میں تلاوت پر مبنی ڈیجیٹل قرآن کریم حجاج خاص طور پر تحفہ دینے کے لیے خرید رہے ہیں، دیگر تحائف میں عطر، بخور اور دینی کتب بھی خریدی جا رہی ہیں۔

مدینہ منورہ میں حجاج کی سب سے زیادہ توجہ کھجوروں پر ہے۔ مدینہ منورہ کی کھجور منڈی کے ایک دکاندار کا کہنا تھا کہ عجوہ کھجور سب سے زیادہ فروخت کی جاتی ہے۔

وزیر اعظم کا شہید کرنل لئیق کو خراج عقیدت

0

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کوئٹہ میں شہید ہونے والے کرنل لئیق بیگ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کرنل لئیق شہید کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، دہشت گردوں کو عبرت کی مثال بنائیں گے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ فوج کے افسران اور جوانوں کی مادر وطن کے لیے عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، ہشت گردی کا خاتمہ قومی عزم ہے، پوری قوم اس پر یکسو ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرنل لئیق بیگ شہید کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔

خیال رہے کہ کوئٹہ میں تعینات کرنل لئیق کو زیارت سے واپسی کے دوران دہشت گردوں نے اغوا کرلیا تھا، ان کی بازیابی کے لیے کیے جانے والے آپریشن میں دہشت گردوں نے انہیں گولی مار دی جبکہ 2 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

"رانا ثنااللہ آرٹیکل 6 سے پیچھے مت ہٹنا”، فواد چوہدری کا چیلنج

0

لاہور: سابق وزیراطلاعات اور رہنما پی ٹی آئی فواد چوہدری نے رانا ثنااللہ کو کھلا چیلنج دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں فواد چوہدری نے رانا ثنااللہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رانا ثنااللہ آج آپ کی نام نہاد کابینہ کا اجلاس ہے بالکل آرٹیکل چھ سے پیچھے نہیں ہٹنا آپ نے جسٹس مندوخیل کی خواہش کےمطابق پی ٹی آئی قیادت پر آرٹیکل6 لگاناہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جج صاحب کو ہی اس خصوصی عدالت کی سربراہی دیں وہ پہلے کیس میں مشرف صاحب پر غداری کا شوق پورا نہیں سکےتشنگی نہ رہے یہ شوق پورا کر لیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی زیر صدارت اجلاس میں سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی مواد کی تشہیر، شہریوں کی ہراسگی اور کردار کشی کی ذریعے ساکھ خراب کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا پر شہریوں کی کردار کشی کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ

اجلاس میں سائبر کرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت اور فوری ایکشن کے لیے ہدایات جاری کردی گئیں، سائبر کرائم اور سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد سے متعلق قوانین کو مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد اور شہریوں کی کردار کشی قابل قبول نہیں، غیر اخلاقی اور توہین آمیز مواد کی موجودگی سے انارکی کا اندیشہ ہے، ایسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔