ہوم بلاگ صفحہ 7102

اے آر وائی نیوز کو سچ کے ساتھ کھڑے ہونے کی سزا دی جا رہی ہے، سلمان اقبال

0

اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال نے کہا ہے کہ اے آر وائی نیوز کو سچ کے ساتھ کھڑے ہونے کی سزا دی جا رہی ہے۔

اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال نے وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹس میں ردعمل کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اے آر وائی نیوز کو سچ کے ساتھ کھڑے ہونے کی سزا دی جا رہی ہے، وفاقی وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس اس بات کو ثابت کرتی ہے۔

سلمان اقبال نے کہا کہ وزیر اطلاعات نے لاہور ہائیکورٹ سے متعلق جھوٹا بیان دیا جب کہ واضح عدالتی آرڈر ہے کہ اے آر وائی پی ٹی وی معاہدہ قانون کے مطابق ہے۔

صدر اور سی ای او اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک نے کہا کہ اگر حکومت یہ سمجھتی ہے کہ وہ اے آر وائی کو ایسے ہتھکنڈوں سے دبا سکتی ہے تو یہ اس کی غلط فہمی ہے۔

سلمان اقبال نے اپنے ٹوئٹ میں مزید کہا ہے کہ اےآر وائی پی ٹی وی معاہدے میں اے آر وائی نے خرچہ اپنے ذمے لیا، معاہدے میں اے آر وائی نے 60 فیصد خرچہ اپنے ذمے رکھا جب کہ منافع میں صرف 40 فیصد کا حصہ رکھا۔

صدر اور سی ای او اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کا کہنا تھا کہ ان کا یہ اقدام صرف پاکستان کیلئے ہے کہ میں ایسے معاہدے پر رضامند ہوا، کیونکہ کوئی کاروباری شخص ایسی شرائط پر آمادہ نہیں ہوتا جو مفاد میں نہ ہو، بڈنگ میں بولی دہندگان میں سے کسی نے ان شرائط پر آمادگی ظاہر نہیں کی تھی لیکن پاکستان اور کرکٹ سے محبت کی وجہ سے میں ان شرائط پر آمادہ ہوا۔

سلمان اقبال نے اپنے ٹوئٹ میں اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ ٹیم اے آر وائی پاکستان کے عوام کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ میں نے عدالتوں میں اپنا کیس لڑا ہے اور لڑتا رہوں گا، عدالتیں اور عوام تعین کریں گی کہ کون صحیح ہے اور کون غلط ہے؟ مجھے عدالتوں پر پورا بھروسہ ہے قانون کا بول بالا ہوگا۔

شادی کب کریں گے؟ مداح کے سوال پر فہیم اشرف نے کیا کہا؟

0

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف نے خاتون مداح کو شادی سے متعلق سوال کا جواب دے دیا۔

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف نے گزشتہ دنوں نجی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں شرکت کی جہاں ان سے مداحوں کی جانب سے سوالات پوچھے گئے۔

فہیم اشرف سے ایک خاتون مداح نے سوال کیا کہ ’آپ کے باقی دوستوں نے شادی کرلی لیکن آپ کا شادی کے بارے میں کیا خیال ہے؟

جواب میں فہیم اشرف بے ساختہ کہہ اٹھے کہ ابھی تو شاداب خان کی بھی شادی نہیں ہوئی ہے۔

قومی کرکٹر نے کہا کہ ’بس شادی کے لیے آپ دعا کریں اب دعاؤں پر ہی ساری امیدیں ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں بس اپنے دوستوں کو دیکھ رہا ہوں کہ وہ کیسے رہ رہے ہیں اور ان سے تجربہ حاصل کررہا ہوں یہ بھی دیکھ رہا ہوں کہ شادی زیادہ مشکل کام تو نہیں ہے۔‘

مزید پڑھیں: خاتون مداح کی شادی کی پیشکش پرامام الحق نے کیا کہا؟

واضح رہے کہ اس سے قبل امام الحق کو شو میں شریک ایک لڑکی نے شادی کی پیشکش کی تھی جس پر میزبان تابش ہاشمی سمیت امام الحق بھی حیران رہ گئے تھے۔

لڑکی نے امام الحق کو پروپوزکرتے ہوئے کہا تھا کہ ’کیا آپ مجھ سے شادی کریں گے؟ جس پر پہلے تو امام الحق حیران ہوئے، بعد ازاں میزبان تابش سے پوچھا کہ وہ اس بات کا کیا جواب دیں ؟

تاہم لڑکی کے اصرار پر خاموش ہوگئے، لڑکی نے امام الحق سے اصرار کرتے ہوئےکہا کہ ’سر پلیز میری بات کی عزت رکھ لیجیے گا جس پر کرکٹر نے جواب دیا کہ اس کے لیے آپ کو میری والدہ سے بات کرنی پڑے گی کیوں کہ وہی اس بات کا مناسب جواب آپ کو دے سکیں گی۔

اس پر لڑکی کا کہنا تھا کہ آپ جس کے پاس کہیں گے میں چلی جاؤں گی۔

شاہ رخ خان کو بالی وڈ میں 3 دہائیاں مکمل

0

ممبئی: بالی وڈ کے لیجنڈ کہلائے جانے والے اداکار شاہ رخ خان کو فلم انڈسٹری میں تین دہائیاں مکمل ہوگئیں اور وہ آج بھی دلوں پر راج کر رہے ہیں۔

شاہ رخ خان نے”دیوانہ“ سے 1992 میں اپنا فلمی کیریئر شروع کیا تھا۔ انہوں نے کئی بلاک بسٹر فلمیں کیں اور کئی بڑے ایوارڈز اپنے نام کیے۔

بالی وڈ میں 30 سال مکمل ہونے پر اداکار نے دنیا بھر میں موجود اپنے مداحوں کے لیے فلم ”پٹھان“ کا پوسٹ بطور تحفہ پوسٹ کیا ہے۔

انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ ”30 سال ہوگئے لیکن مداحوں کی محبت اور مسکراہٹیں لامحدود ہیں۔ یہاں سے پھر ”پٹھان“ سے شروعات کر رہا ہوں۔“

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Shah Rukh Khan (@iamsrk)

شاہ رخ خان فلم ”پٹھان“ کے ساتھ تقریباً چار سال بعد فلمی دنیا میں واپس آ رہے ہیں جس کا مداحوں کو بے حد انتظار ہے۔ فلم میں جان ابراہم اور دپیکا پڈوکون بھی نظر آئیں گے۔

”پٹھان“ کو اگلے سال 25 جنوری کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اس سے قبل شاہ رخ خان اور دپیکا پڈوکون نے ایک ساتھ فلم ”اوم شانتی اوم“، ”چنئی ایکسپریس“ اور ”ہیپی نیو ایئر“ میں کام کیا تھا۔

عمران خان کا پریڈ گراؤنڈ میں‌ جلسے کا اعلان

0

چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان نے آئندہ ہفتے پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہری جلسے میں شرکت کریں

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بنی گالہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نیب قانون میں ترامیم کے نام پر پاکستان کو تباہی کی طرف دھکیل دیا گیا، ان کے ذہن میں معیشت تھی نہ مہنگائی تھی اور نہ ہی انہوں نے ملکی معیشت ٹھیک کرنے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے کوئی تیاری کی تھی، ان کے ذہن میں بس یہ تھا کہ کیسے این آر او ٹو لینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ عارضی بجٹ پیش کیا گیا، تیل کی قیمتیں مسلسل بڑھائی جارہی ہیں جس سے مہنگائی بڑھ رہی ہے، اب یہ آئی ایم ایف کی وجہ سے دوسرا بجٹ لارہے ہیں، عام آدمی کا انہوں نے معاشی قتل کردیا ہے۔

عمران خان نےکہا کہ تیل کی قیمتوں کیساتھ ساتھ یہ پیٹرولیم لیوی بھی لارہےہیں، اور پیٹرولیم لیوی کے نام پر 50 روپے فی لیٹر تیل کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائیگا، یہ عام آدمی پر مزید بوجھ ڈالیں گے، سپر ٹیکس بھی لگادیاگیا ہے، سپرٹیکس کی وجہ سے مہنگائی کی شرح اب 40 فیصدپر جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بجلی، تیل اور گیس کی قیمتوں میں ویسے ہی اضافہ کردیا گیا ہے، چیزیں بنانے کا جو خرچہ آئے گا وہ بڑھے گا جس سے انڈسٹری پر بوجھ پڑے گا، کئی انڈسٹریاں بند ہونا شروع ہوگئی ہیں، اور لوگ بے روزگار ہورہے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ڈیزل مہنگا ہونے اور لوڈشیڈنگ کا سب سے زیادہ اثر کسانوں پر پڑے گا، تنخواہ دار طبقہ ویسے ہی پریشان ہے اب زراعت کو بھی تباہ کیا جارہا ہے، پہلے انہوں نے 1 لاکھ تنخواہ دار کو ٹیکس چھوٹ دی تھی، اب انہوں نے 50 ہزار تنخواہ دار پر بھی ٹیکس لگادیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم تو ٹیکس کا ہدف 8 ہزار ارب سے بھی زائد رکھتے اور پورا کرتے، ہم موجودہ لوگوں پر مزید بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے تھے بلکہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانا چاہتے تھے، اپریل سے ہم نے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا پروگرام بنایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں ہم نے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا، ٹیکنالوجی کے ذریعے ہم نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم متعارف کرایا، شوگر انڈسٹری میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم سے سیلز ٹیکس کی چوری روکی، ہم ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے دکانوں کو بھی ٹیکس نیٹ میں لانا چاہتے تھے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے انڈسٹری پر بوجھ نہیں ڈالا اسی لیے ریکارڈایکسپورٹ کی گئیں، فیصل آباد میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کیلئے مزدور نہیں مل رہے تھے، آج فیصل آباد میں فیکٹریاں بند ہورہی ہیں، بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔

اقتصادی سروے رپورٹ میں ہماری گروتھ کے اعدادو شمار موجود ہیں، روزگار فراہمی میں ہم نے پیپلزپارٹی اور ن لیگ سے زیادہ روزگار دیا، ہم ڈالر 178 پر چھوڑ کرگئے تھے آج 210 روپے کا ہے، ان لوگوں کے اقدامات کی وجہ سے مزید روپےکی قدر گرے گی۔

عمران خان نے کہا کہ نیب قانون میں ترامیم کو چیلنج کرنے کیلئے آج سپریم کورٹ گئے ہیں، عدالت کا احترام ہے وہ پاکستان پر اس قسم کا ظلم نہیں ہونے دےگی، نیب قانون میں ترامیم کو قبول کرلیا گیا تو پاکستان کو دشمن کی ضرورت نہیں، یہ ملک کی تباہی ہے۔

نیب قانون میں ترامیم کے ذریعے بڑے ڈاکوؤں کو چھوٹ دے دی گئی ہے، ان لوگوں نے اپنی چوری بچانے کیلئے احتساب کے نظام کی قبر کھود دی ہے، زرداری اور شریف جیسے لوگ بیٹھے ہوتے ہیں اسی لیے ہر غریب ملک غریب تر ہوتا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں قانون ہے آپ کے اکاؤنٹ میں پیسہ آئے گا تو آپ کو بتانا پڑیگا کہاں سے آیا، ان لوگوں نے دنیا کے قانون کو الٹ کردیا ہے، نئے نیب قانون کے مطابق کسی بیرون ملک بینک اکاؤنٹ کا ذکر عدالت میں نہیں کیا جاسکتا، بڑے ڈاکو ملک سے پیسہ باہر بھیجیں گے ان سے پوچھا نہیں جاسکتا۔

عمران خان نے کہا کہ ایف آئی اے نے 16 ارب روپے کا کیس پکڑا، یہ پاکستان میں رکھتے تو پوچھا جاتا، نئے قانون کے مطابق اب ان سے پوچھ گچھ نہیں ہوسکتی اس کی، انہوں نے کہا کہ یہ وہ کیسز ہیں جو پکڑے گئے ہیں جو پکڑے نہیں گئے وہ معلوم نہیں کتنے ان لوگوں نے پیسہ چوری کیا اور ملک سے باہر بھیج دیا۔

دوران کھیل اسکارف نہ پہننے پر کئی نوعمر لڑکیاں گرفتار

0

ایران میں پولیس نے اسکیٹ بورڈنگ کے ایونٹ میں اسکارف نہ پہننے پر منتظمین سمیت کئی نوعمر کھلاڑی لڑکیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

برادر اسلامی ملک ایران جہاں عوامی مقامات پر بالغ خواتین کے لیے سر پر حجاب پہننا لازمی ہے وہاں کھیل کے میدان میں اس پابندی کی خلاف ورزی پر کئی لڑکیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ایران کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق ملک کے جنوبی شہر شیراز میں مقامی پولیس نے اسکیٹ بورڈنگ میں بغیر سر پر حجاب لیے کھیل میں شرکت کرنے والی نوعمر لڑکیوں اور اس کے منتظمین کو گرفتار کرلیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ کارروائی مذکورہ ایونٹ کی سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لیا گیا ہے جس میں لڑکیوں کو بغیر حجاب اسکیٹنگ کرتے دکھایا گیا تھا۔

اس حوالے سے شیراز پولیس کے چیف فراج شجاعی کا کہنا ہے کہ متعدد لڑکیوں نے کھیلوں کے ایونٹ کے دوران مذہبی تعلیمات اور قانونی اصولوں کا خیال کیے بغیر اپنے حجاب کو ہٹایا اور اس موقع پر منتظمین نے بھی غفلت برتی جس پر یہ کارروائی کی گئی ہے۔

باسط علی اور فیصل اقبال کو سائیڈ لائن کردیا گیا

0

کراچی: قومی سلیکٹرز و ریجنل کوچز باسط علی اور فیصل اقبال کو خاموشی سے سائیڈ لائن کردیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق قومی قومی انڈر 19 کپ میں فیصل اقبال اور باسط علی کو منتخب نہیں کیا گیا جبکہ تمام ریجنز کی فرسٹ و سیکنڈ الیون کی ٹیموں کے ہیڈ کوچز کو اسلام آباد ایونٹ میں لگادیا گیا ہے۔

گزشتہ سیزن میں باسط علی اور فیصل اقبال نے پہلی بار فرسٹ الیون ٹیموں کی کوچنگ کی تھی اور انہیں سندھ اور بلوچستان کے ساتھ ایک اور سیزن میں مقرر کیا گیا تھا تاکہ وہ اپنی ٹیموں کو مزید مضبوط بنا سکیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس سال اکتوبر میں تجویز کردہ پاکستان جونیئر لیگ کیلئے تیاریاں تیز کرتے ہوئے ندیم خان کو ٹورنامنٹ ڈائریکٹر مقرر کیا تھا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر ندیم خان پاکستان کرکٹ بورڈ میں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس بھی ہیں، پاکستان جونیئر لیگ کیلئے انہیں اضافی چارج دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ انڈر 19 کرکٹرز کیلئے ’پاکستان جونیئرلیگ‘ اس سال اکتوبر میں شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

ایونٹ کی 6 فرنچائز ٹیموں کی فروخت کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے چند روز قبل اشتہار جاری کیا تھا جس کے جواب میں 30 اداروں نے ٹیمیں خریدنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

نیٹ فلکس نے صارفین کو خوشخبری سنا دی

0

کیلیفورنیہ: دنیا بھر میں مشہور اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس نے سستی سبکرپشن متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیٹ فلکس کی جانب سے یہ اعلان صارفین کی تعداد میں ہوشربا کمی کے بعد سامنے آیا ہے اور سستی سبکرپشن کا مقصد صارفین کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے۔

سی ای او نیٹ فلکس ٹیڈسرینڈوس نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سال کے اختتام پر اشتہارات کے اشتراک سے سستی سبسکرپشن متعارف کروانے پر غور کر رہے ہیں اور یہ فیصلہ صارفین کی تعداد میں کمی کے باعث کیا جا رہا ہے۔

مارچ میں نیٹ فلکس نے پاس ورڈ شئیرنگ کی سہولت بھی ختم کر دی تھی جس کا مقصد صارفین کی تعداد میں اضافہ کرنا تھا لیکن کمپنی کا یہ تجربہ ناکام ثابت ہوا۔

نیٹ فلکس پچھلے چند مہینوں سے دباؤ کا شکار ہے اور یہ دباؤ دنیا میں بڑھتی مہنگائی اور روس یوکرین جنگ کی وجہ سے ہے۔

سبسکرائبرز کی تعداد میں کمی کے بعد نیٹ فلکس نے اب تک اپنے درجنوں ملازمین کو فارغ کر دیا ہے۔ کچھ روز 300 ملازمین کو نوکری سے نکالا گیا۔

چوہدری شجاعت کا اپنے بھائی کے الزامات پر ردعل سامنے آگیا، کیا کہا؟

0
سیاسی اختلافات بھلا کر ملک کی خاطر اکٹھے بیٹھنا چاہیے، چوہدری شجاعت

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے اپنے بھائی چوہدری وجاہت کے الزامات کو انتہائی بیہودہ قرار دے دیا۔

چوہدری شجاعت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ میرے چھوٹے بھائی وجاہت حسین نے آبائی علاقہ گجرات میں کچھ باتیں کی ہیں، جس میں انہوں نے قومی سطح کے لیڈر اور سابق صدر آصف زرداری پر الزام تراشی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری وجاہت نے تقریر کے دوران میرے بیٹوں پر آصف زرداری سے ڈالر مانگنے کا انتہائی بے ہودہ الزام لگایا ہے، چھوٹے بھائی کے آصف زرداری پر الزام تراشی درست نہیں ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ق لیگ کے سینئر رہنما چودھری وجاہت حسین نے گجرات میں ورکرز سے خطاب کے دوران اپنے بھائی کے بیٹے پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ چوہدری ظہورالہٰی کے پوتے نے زرداری سے ڈالرز مانگے۔

انہوں نے کہا کہ طارق بشیر چیمہ نے ہمارے خاندان کو تقسیم کردیا ہے، نہ جانے ہمارے خاندان کو کس کی نظر لگ گئی ہے، چودھری شجاعت کے گھر کبھی زرداری کبھی شہباز اور کبھی مولانا پہنچ جاتے ہیں۔

چوہدری وجاہت کا کہنا تھا کہ چودھری شجاعت نے مجھ سے کہا کہ عوام کو پیغام دو کہ میں اور پرویزالہٰی ایک تھے اور ہیں، میں نے ان سے کہا کہ الیکشن کسی وقت بھی متوقع عوام کی رائے سے کوئی لاعلم نہیں، اس وقت پولیس ایک بھائی کے آگے ہے اور دوسرے بھآئی کے پیچھے ہے۔

سلو میاں کا سارہ علی خان کو فلم میں کام دینے سے انکار

0

ممبئی: معروف اداکار سلمان خان نے بالی وڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان کی بیٹی اداکارہ سارہ علی خان کو فلم میں کام دینے سے انکار کر دیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹا گرام پر انٹرنیشنل انڈیا فلم اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب کا ایک مختصر ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں دونوں فنکار گفتگو کر رہے ہیں۔

ویڈیو میں سارہ علی خان بتاتی ہیں کہ ”دراصل میں کوئی برینڈ لانچ کرنے جا رہی ہوں“۔ اس پر سلمان خان حیرت کا اظہار کرتے ہیں تاہم اسی لمحے وہ اداکار کا ہاتھ پکڑ کر کہتی ہیں ”سلمان انکل (Uncle) کے ساتھ۔۔“

اداکارہ کے یہ کہتے ہی تقریب میں موجود تمام لوگ قہقہہ لگاتے ہیں۔

اس کے بعد سلو میاں اداکارہ سے کہتے ہیں کہ ”دیکھو تمہاری فلم تو گئی، کاش تم میرے ساتھ ہیروئن آتی لیکن تم نے مجھے انکل کہہ ڈالا۔“

اس کے بعد دونوں فنکار گانے پر رقص کرتے ہیں۔

View this post on Instagram

A post shared by ColorsTV (@colorstv)

ضمنی انتخابات: ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن کا ایکشن

0

لاہور: صوبہ پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے کارروائی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر لاہور، لودھراں اور خوشاب میں کارروائیاں کی گئی، لاہور میں ضابطہ اخلاف کی ورزی پر طلب کیے گئے ن لیگ کے امیدوار نذیرچوہان اور پی ٹی آئی کے امیدوار شبیر گجر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کے سامنے پیش ہوئے، جہاں دونوں امیدواروں نے اپنے بیان ریکارڈ کروائے۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے کارروائی کی رپورٹ الیکشن کمیشن کو ارسال کردی ہے۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر لودھراں نے انتخابی مہم میں شرکت پر وزیر مملکت عبدالرحمان کو نوٹس جاری کردیا ہے، الیکشن کمشین نے وزیر مملکت کو 27جون کو وضاحت کےلئے طلب کرلیا ہے۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر خوشاب نے تقرری وتبادلے کا اعلامیہ منسوخ کرنے کے احکامات دیے تھے، جس کے بعد اسسٹنٹ کمشنر قائد آباد نے تقرری و تبادلے کا اعلامیہ منسوخ کردیا ہے۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر خوشاب نے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کیلئے ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو مراسلہ بھی لکھ دیا ہے۔