ہوم بلاگ صفحہ 7234

سوناکشی سے محبت کا اظہار کرنے والا سامنے آگیا

0

بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا کی منگنی اور پھر شادی کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

بالی ووڈ اداکارہ سوناکشی سنہا کے دوست ظہیر اقبال نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سوناکشی سنہا کی سالگرہ کے موقع پر تصویر شیئر کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔

ظہیر اقبال نے سوناکشی کو ناصرف سالگرہ کی مبارک باد دی بلکہ ان سے محبت کا اظہار بھی کردیا۔

انہوں نے لکھا کہ ’سالگرہ مبارک ہو سوز، شکریہ مجھے نہ مارنے کے لیے، آئی لو یو۔‘

سوناکشی کے دوست نے مزید لکھا کہ ’آپ کے لیے اور کھانے بھی ہیں، یہ ویڈیو اس وقت کی یاد دلاتی ہے جب سے ہم ایک دوسرے کو جانتے ہیں۔‘

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Zaheer Iqbal (@iamzahero)

ظہیر اقبال کی یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے اس پر تبصرے شروع کر دیئے علاوہ ازیں ساتھی اداکاروں نے بھی اس پوسٹ پر کمنٹ کر کے اپنا ردِ وعمل دیا تو سناکشی نے بھی کمنٹ میں اپنے قریبی دوست ظہیر کو شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ شکریہ ، آئی لو یو ٹو ، اب میں آرہی ہوں تمہارا قتل کرنے‘‘۔


یہ پہلی مرتبہ ہے کہ سناکشی سنہا اور ظہیر اقبال کی جانب سے اپنے قریبی تعلق اور محبت کا کھل کا اعلان کیا گیا ہے تاہم اس سے قبل اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں انہوں نے ایک ہیرے کی انگوٹھی پہن رکھی تھی اور ان کے ساتھ کوئی شخص موجود تھا جس کا چہرہ واضح نہیں کیا گیا تھا۔

‘بابراعظم کی طرح نام بنانا چاہتا ہوں’

0

محدود طرز کی عالمی درجہ بندی میں صف اول کے بیٹر اور پاکستان کے کپتان بابراعظم دنیائے کرکٹ کے نوجوانوں کے لیےایک مثال ہیں۔ دنیا بھر میں موجود لاتعداد پرستاروں کی طرح قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان قاسم اکرم بھی بیٹنگ میں بابراعظم کو اپنے لیے مشعل راہ سمجھتے ہیں ۔

19 سالہ نوجوان کرکٹر کا کہنا ہے کہ بابراعظم ان کے پسندیدہ بیٹر ہیں اور وہ انہی کی طرح دنیائے کرکٹ میں نام کمانا چاہتے ہیں۔

بابراعظم کی طرح قاسم اکرم کا تعلق بھی لاہور سے ہے۔دونوں نے اپنے کرکٹ کا سفر کا آغاز دائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بیٹر اور آف اسپن باؤلنگ سے کیا۔ قاسم اکرم سینٹرل پنجاب اور کراچی کنگز میں بابراعظم کی زیرقیادت کھیل رہے ہیں۔

قاسم اکرم کا کہنا ہے کہ بابراعظم کے ساتھ سینٹرل پنجاب اور کراچی کنگز کے ڈریسنگ رومز شیئر کرنے کا تجربہ ناقابل فراموش ہے۔ ایک بیٹر کی حیثیت سےانہوں نے پاکستان کے کپتان سے لمبی اننگز کھیلنے کے لیے کریز پر ٹھہرے رہنے، کؤر ڈرائیو کھیلنے اور پل شاٹ میں بہتری لانے کے لیے مفید مشورے لیے ہیں۔

قاسم اکرم کے والد لاہور میں لُنڈا بازار کی دکان پر کام کرتے ہیں۔ نوجوان آلراؤنڈرنے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2022 کے 6 میچز میں 203 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 10 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ انہوں نے نیشنل ٹی ٹونٹی میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے 11 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے ایک نصف سنچری بھی بنائی تھی۔گزشتہ سیزن میں کھیلے گئے پاکستان کپ میں بھی انہوں نے 285 رنز بنائے اور 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

نوجوان کرکٹر نے کہا کہ بابراعظم نے دنیابھر میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ ان کی بیٹنگ صلاحیتوں کے مداح ہیں۔ وہ دنیا کے نمبر ون بیٹر کے ہمراہ ڈریسنگ روم کا تبادلہ کرنے پر خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بابراعظم نے اپنی بیٹنگ کے ذریعےدنیا بھر میں پاکستان کرکٹ کا جو معیار مقرر کیا ہے وہ اسے حاصل کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

قاسم اکرم کا تعلق ان 107 نوجوان کھلاڑیوں میں سے ہے، جو پی سی بی پاتھ ویز پروگرام کا حصہ ہیں۔ ان باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 14 جون سے مریدکے میں شروع ہوگا، جو چار ہفتے تک جاری رہے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ پی سی بی پاتھ ویز پروگرام نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک زبردست اقدام ہے، جس کے تحت نوجوان کھلاڑیوں کو مکمل تعلیمی اسکالرشپ اور 30 ہزار روپے ماہوار وظیفہ دیا جائے گا۔

قاسم اکرم اب تک 9 فرسٹ کلاس میچز میں 14 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ شعیب ملک اور محمد حفیظ کی طرح ایک آلراؤنڈرکی حیثیت سے اپنے کیرئیر کو طول دینا چاہتے ہیں۔ وہ فی الحال اپنی آف اسپن باؤلنگ میں بہتری لانے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔

بینکوں اوروزارت مذہبی امور کی نااہلی: حج کیلئے درخواست دینے والے سینکڑوں افراد رل گئے

0

اسلام آباد : بینکوں اور وزارت مذہبی امور کی نااہلی کے باعث حج کیلئے درخواست دینے والے سینکڑوں افراد رل گئے۔

تفصیلات کے مطابق حج 2022 کے لیے بینکوں اور وزارت مذہبی امور کی نااہلی کے باعث سینکڑوں درخواست گزار رل گئے۔

حج قرعہ اندازی میں کامیاب ہونیوالے عازمین حج نے کوہسار بلاک میں احتجاج کیا ، احتجاج میں درجنوں حج درخواست گزار شریک ہوئے۔

متاثرین نے کہا کہ ہم نے کامیابی کا پیغام ملنے پر بینکوں میں واجبات جمع کرائے، 30 مئی کو بینکوں کے منیجرز سے پتہ چلا درخواست عدم ادائیگی پرمسترد ہو گئی ہے۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ بینکوں اور وزارت سے رابطہ کیا لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی، سینکڑوں درخواست گزار حج فلائٹس کے انتظار میں ہیں لیکن پتہ چلا نااہل ہوگئے۔

متاثرین نے مزید کہا کہ ہمارے مسئلے ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں، درخواستوں کو کامیاب قرار دے کر فلائٹس کا شیڈول جاری کیا جائے، حاجی کیمپس میں تربیت بھی حاصل کر چکے ہیں۔

پیزا پہنچانے میں تاخیر پر شہری نے عجیب حرکت کردی

0

پیزا پہنچانے کے لیے بہت سے کمپنیوں کی جانب سے پیزا پہنچانے کے لیے 15 منٹ کا کہا جاتا ہے اور تاخیر پر مفت میں پیزا دینے کیلیے کہا جاتا ہے۔

ایسا ایک غیر معمولی واقعہ برطانوی علاقے ایسیکس میں پیش آیا جہاں پولیس کو شکایت کی ایک فون کال موصول ہوئی۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی شہری کا پیزا گھر پہنچنے میں تاخیر کا شکار ہوا تو اس نے پولیس کو فون کرنے کا فیصلہ کیا اور فون پر پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے پیزا کی ڈیلیوری کے لیے 30 منٹ سے انتظار کر رہا ہے۔

اس کال کےبعد پولیس نے اس شخص پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘یہ ہیلپ لائن غیر سنجیدہ لوگوں کے لیے ہرگز نہیں ہے، اس پر فون کرنا آپ کے پاس آخری آپشن ہونا چاہیے، کسی ہنگامی صورت حال میں ہی اس نمبر پر رابطہ کریں’۔

تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ مذکورہ شخص نے مذاق کیا ہے یا وہ واقعی سنجیدہ تھا۔

کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی سج گئی

0

سپر ہائی وے پر قائم ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں جانوروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

سپر ہائی وے پر قائم ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں پاکستان بھر سے سنت ابراہیمی کا فریضہ انجام دینے کے لیے بڑی تعداد میں جانوروں کو لایا جارہا ہے۔

ایڈمنسٹریٹر مظفر حسن کا کہنا ہے کہ ملک بھر سےآئے گائے،بیل بکرے و دیگر جانور پہلے منڈی کے مارشلنگ ایریا میں پہنچتے ہیں جہاں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم موجود ہے جو تمام جانور کے سرٹیفیکٹ چیک کرتی ہے اور اس کے بعد خود معائنہ کر کے اس جانور کے سرٹیفکیٹ کا اجرا کرتی ہے جس کے بعد ہی جانور منڈی میں داخل ہوتا ہے۔

منگل کو ملک بھر سے دو سو کے قریب قربانی کے جانوروں سے لدے ٹریلر منڈی میں پہنچے جس کے بعد منڈی میں جانوروں کی تعداد چار ہزار سے زائد ہو چکی ہے اس کے علاوہ بکروں کے ٹریلر بھی منڈی میں موجود ہیں۔

سخت چیکنگ کی وجہ سے جانوروں کو منڈی میں داخل ہونے میں ٹائم لگ رہا ہے جبکہ منڈی میں بجلی کا انتظام مکمل ہو چکا ہے اور شہریوں کی بڑی تعداد جانور دیکھنے کے لئے منڈی کا رخ کر رہی ہے ۔

قومی کرکٹر نے بیٹی کی صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کردی

0

کراچی: قومی ٹیم کے اسپنر آصف آفریدی نے ننھی بیٹی کی صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کردی۔

تفصیلات کے مطابق کشمیر پریمیئر لیگ میں شاندار کارکردگی سے اپنی دھاک بٹھانے والے اسپنر آصف آفریدی نے بیٹی کی صحت یابی کے لیے دعاؤں کی اپیل کردی۔

انہوں ںے لکھا کہ ’برائے مہربانی میری بیٹی کے لیے دعا کریں۔

شاہنواز دہانی نے بھی لکھا کہ ’ہم دعا کریں گے اور آپ کی بیٹی جلد صحت یاب ہوجائیں گے۔‘

شرجیل خان نے لکھا کہ ’اللہ تعالیٰ جلد صحت یاب کریں گے آمین۔‘

سابق کپتان سرفراز احمد نے لکھا کہ جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں انشا اللہ طبیعت ٹھیک ہوجائے گی۔

راشد لطیف نے لکھا کہ ’اللہ تعالیٰ جلد صحت یابی دے، آمین۔‘ عمر گل نے بھی لکھا کہ ’اللہ جلد صحت یاب کرے۔آمین
سوشل میڈیا صارفین بھی آصف آفریدی کی ننھی شہزادی کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

محکمہ موسمیات کی مون سون بارشوں کے حوالے سے بڑی پیش گوئی

0

اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے جون کے دوسرے ہفتے میں ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کے آغاز کی پیش گوئی کردی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے اس سال کی متوقع مون سون بارشوں کی تفصیلات جاری کردیں ، جس میں کہا ہے کہ ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کا آغاز جون کے دوسرے ہفتے سے متوقع ہے۔

یکم جولائی سے اگست کے وسط تک کے پہلے فیزمیں زیادہ بارشیں متوقع ہیں، مون سون کا موسم یکم جولائی سے ستمبرتک ہوتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ اس سال پنجاب اور سندھ میں معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں جبکہ ملک کےدیگرحصوں میں معمول سےزیادہ بارشیں ہوسکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارش کے نتیجے میں سندھ اور پنجاب میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہیں، آزاد کشمیر اور کے پی کے شہروں میں بھی اربن فلڈنگ کے خدشات ہیں۔

کراچی کے شہریوں کیلئے بجلی مزید مہنگی ہونے کا خدشہ

0

کراچی: کے الیکٹرک نے نیپرا سے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 86 پیسے کے اضافے کی درخواست کردی ہے۔

کے الیکٹرک نے بجلی کی قیمت میں اضافہ کی درخواست اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں کی ہے، نیپرا کے الیکٹرک کی درخواست پر سماعت 14 جون کو کرے گا، جس کے بعد قیمت میں اضافہ کا فیصلہ کیا جائے گا۔

کے الیکٹرک نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ مارچ 2022 سے اپریل 2022 تک فرنس آئل کی قیمتوں میں 22 فیصد جبکہ سی پی پی اے-جی کی  قیمتوں میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث بجلی مہنگی پڑی۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ نیپرا نے کے الیکٹرک کے درخواست پر بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 4 روپے 83 پیسے اضافے کی منظوری دی تھی۔ قیمتوں میں اضافہ مارچ کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا تھا، جس کا اطلاق جون کے بلوں پر ہوگا۔

نیپرا کا کہنا تھا کہ اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا۔

ملک بھر میں جاری بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

0
لوڈ شیڈنگ

لاہور : ملک بھر میں جاری بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔

تفصیلات کےمطابق لاہور ہائی کورٹ میں ملک بھر میں جاری بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف درخواست دائر کردی گئی۔

جوڈیشل ایکٹو ازم پینل کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے درخواست دائر کی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔

درخواست گزار نے کہا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے نظام زندگی مفلوج ہو گئی ہے، بجلی کے بلوں کی مد میں بھاری رقوم صارفین سے وصول کی جا رہی ہیں، اس لیے لوڈشیڈنگ کا کوئی جواز نہیں ہے۔
.
درخواست میں استدعا کی گئی کہ فوری غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا حکم دیا جائے اور آٸین کے مطابق عوام کو ریلیف دیا جاٸے۔

خیال رہے ملک بھر میں بجلی کی کئی کئی گھنٹے لوڈ شیڈنگ جاری ہے، شدیدگرمی میں عوام کا جینا محال ہو چکا ہے۔

شہروں میں 6 سے 8 جب کہ دیہات میں 10 سے 12 گھنٹے بجلی غائب ہوتی ہے، کے الیکٹرک نے بھی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا کر 15 گھنٹے کر دیا، بعض علاقوں میں دورانیہ اٹھارہ گھنٹے تک بڑھا دیا گیا ہے۔

پٹرول قیمتوں میں ممکنہ اضافہ، پمپس پر عوام کا رش لگ گیا

0

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے عندیے کے بعد پٹرول پمپس پر شہریوں کا رش لگ گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اشارہ دیے جانے کے بعد شہر قائد میں مہنگائی کے ستائے شہریوں کا پٹرول لینے کے لیے پٹرول پمپس پر رش لگ گیا۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے منگل کی سہ پہر اسلام آباد میں ایک تقریب میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کا اشارہ دینے کی دیر تھی کہ شہر قائد میں افواہ پھیلنے لگی پٹرول کی قیمت میں 15 سے 20 روپے فی لیٹر ایک بار پھر اضافہ کیا جارہا ہے۔

اس خبر کے پھیلتے ہی پہلے سے مہنگائی کے ستائے شہریوں نے اپنی گاڑیوں میں پٹرول بھروانے کیلیے پٹرول پمپس کی طرف رخ کیا جس کے باعث پٹرول پمپس پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جس کی وجہ سے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

دوسری جانب آئل کمپنیز نے جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی کے پٹرول پمپ کی سپلائی روک دی ہے، جس کے باعث ڈپو کے باہر پٹرول ٹینکرکی لائنیں لگ گئیں جب کہ پٹرول پمپس پر شہری بھی خوار ہورہے ہیں۔

اس حوالے سے پٹرولیم ڈیلرز کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ابھی اضافہ بھی نہ ہوا اور سپلائی رک گئی ہے جس کے باعث کاروبار مکمل طور پر ٹھپ ہوجائے گا کیونکہ شہر میں اس وقت چند گھنٹوں کا ہی پٹرولیم کا ذخیرہ ہے۔

پٹرولیم ڈیلرز نے آئل کمپنیوں کے مالکان سے مطالبہ کیا ہے کہ پمپس کو پٹرول کی سپلائی بحال کریں۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اسلام آباد میں بزنس کانفرنس کے دوران توانائی اور پٹرول کے معاملے پر خطاب کے دوران قہقہہ لگاتے ہوئے ایک اور پٹرول بم گرانے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ پٹرول ابھی تھوڑا اور مہنگا ہوگا۔

مفتاح اسماعیل نے قہقہہ لگا کر ایک اور پٹرول بم گرانےکا اشارہ دیدیا

مفتاح اسماعیل نے کہا تھا کہ پٹرولیم سیکٹرمیں81 ارب روپے سبسڈی دی گئی، 3 گنا زیادہ خرچہ اس پٹرول سبسڈی کی وجہ سے ہورہا تھا، کسی بھی وزیراعظم کیلئے پٹرولیم مصنوعات پر30 روپے بڑھانا آسان نہیں ہوتا لیکن اگر پٹرول کی قیمتیں برقراررکھتے تو ہر ماہ 120 ارب روپے کا نقصان ہوتا۔