ہوم بلاگ صفحہ 9318

’پارٹی صدارت سے استعفیٰ نہیں دیا‘

0

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ پارٹی صدارت سے استعفیٰ نہیں دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے لیے صدارت چھوڑنے کی خواہش ظاہر کی تھی لیکن پارٹی دوستوں نے خواہش کو پسند نہیں کیا، موجودہ صورتحال میں دوستوں نے کہا پارٹی صدارت نہ چھوڑیں۔

جام کمال نے کہا کہ پارٹی دوستوں کی خواہش پر ارادہ ترک کردیا ہے، عہدے پر آئینی مدت تک رہوں گا، دوستوں کے اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ قائمقام صدر کے نوٹیفکیشن کی قانونی حیثیت نہیں ہے، ایگزیکٹو کونسل میں قائمقام صدر کی تقرری کا فیصلہ نہیں ہوا۔

مزید پڑھیں: ناراض اراکین نے جام کمال کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ جو چیزیں پارٹی کو نقصان پہنچائیں گی اس کے خلاف ہوں گے، پارٹی بچانے کے لیے پہلے بھی کردار ادا کیا آئندہ بھی ادا کریں گے۔

جام کمال نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی اپنا موقف خود دے گی، آنے والوں دنوں میں پارٹی کی ملاقات ہوگی سب کو بٹھائیں گے، کچھ لوگوں کے مقاصد سامنے آگئے انہیں بعض لوگ قبول بھی نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ماہ بعد بی اے پی مزید مضبوط ہوکر سامنے آئے گی، جو ناراض ہیں وہی سب سے زیادہ مجھ سے ملتے تھے، پارٹی کے متفقہ فیصلے سب کو ماننا پڑیں گے۔

مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی بربریت، 5 کشمیری شہید

0

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں میں پانچ کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں کے علاقے تلران میں جعلی مقابلوں میں تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا، اسی طرح کی بزدلانہ کارروائی شوپیاں کے علاقے فیری پورہ میں کی گئی، جہاں ریاستی آپریشن کے دوران مزید دو نوجوانوں کو شہید کیا گیا، جس کے بعد آج بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد پانچ ہوگئی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چھ روز کے دوران بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد سات ہوگئی ہے، قابض فوج نے سری نگر سمیت کئی اضلاع میں موبال اور انٹرنیٹ سروس کو بند کردیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گذشتہ روز اسلام آباد اور بانڈی پورہ کے اضلاع میں مجاہدین سے جھڑپ کے دوران پانچ بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔

واضح رہےدو روز قبل مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 900 سے زائد کشمیری نوجوانوں کو گرفتارکیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: قابض فورسز کا کریک ڈاؤن، 900 کشمیری نوجوان گرفتار

کشمیر میڈیا سروس کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو مجاہدین کے ساتھ رابطوں کے جعلی الزامات لگا کر گرفتار کیا گیا ، تاہم بھارتی فوج نے تصدیق کرتے ہوئے 700 نوجوانوں کی گرفتاری ظاہر کی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی میں کریک ڈاؤن کشمیری پنڈت کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد شروع ہوا۔

پاکستان نے نہتے کشمیریوں کی گرفتاری پر مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات سے دنیا کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا۔

’جب گھر میں پیسے نہیں تو تالا کیوں لگایا‘: ناکام چور سرکاری افسر کے نام خط چھوڑ گیا

0

بھارت میں عادی چور جب مال سمیٹنے گھر میں داخل ہوا تو اُسے کچھ نہ ملا، جس پر اُس نے مالک کے نام انوکھا نوٹ لکھ کر چھوڑ گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ریاست مدھیا پردیش کے ضلع دیواس میں ایک چور سرکاری افسر کے گھر میں داخل ہوا، جہاں سے اُسے کوئی بھی چیز نہیں ملی، یعنی وہ اپنے مشن میں کامیاب نہ ہوا اور مجبور ہوکر خالی ہاتھ لوٹا۔

چور نے جاتے جاتے مالک کے لیے دروازے پر ایک تحریرپرچے پر لکھا کر چھوڑی، جس میں اُس نے پیسے نہ ہونے اور گھر بند ہونے کا شکوہ کیا۔

بھارتی صحافی نے چور کا خط اور گھر کی تصویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر کی۔ جس میں لکھا ہوا ہے کہ ’جب پیسے نہیں تھے تو تالا نہیں لگانا تھا، کلیکٹر صاحب‘۔

کتوالی پولیس اسٹیشن کے انچار عمراؤ سنگھ نے کہا کہ چور اپنے ساتھ 30 ہزار روپے اور کچھ قیمتی اشیا لے کر گیا ہے۔ چوری کی واردات ترل چوہان گوہر کے گھر پر ہوئی جنہیں حال ہی میں کتھی گاؤں ضلع کا مجسٹریٹ تعینات کیا گیا ہے۔

قومی اسکواڈ کی تیاریاں، بولرز کا کامیابی سے اہداف کا دفاع

0

لاہور: آئی سی سی مینز ٹی20ورلڈکپ کے لیے قومی اسکواڈ کی تیاریوں کا سلسلہ برقرار ہے۔

ٹی20اسکواڈ نے ایل سی سی اےگراؤنڈ میں پہلا سینریو پریکٹس میچ مکمل کر لیا۔ سنیریو میچ میں بالرز نے اپنے ‏اہداف کا کامیابی سے دفاع کیا،

پہلے حصے میں ٹاپ آرڈر کو ابتدائی 15 اوورز میں 150 رنز کا ہدف ملا تھا۔شاہین آفریدی، عمادوسیم، حسن علی، ‏شاداب خان، حارث رؤف 106رنز دیے۔

میچ کے دوسرے حصے میں مڈل آرڈر بیٹرز کو 12اوورز میں 102رنز بنانے تھے۔ محمدحفیظ، عثمان قادر، ‏محمدنواز، محمدوسیم جونیئر، شاہنوازدھانی نے100رنز دیئے۔ عماد وسیم38 اور محمدحفیظ 30 رنز بنا کر ٹاپ ‏اسکورر رہے۔

یاد رہے کہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے عمان اور یو اے ای میں کھیلا جائے گا، قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 24 ‏اکتوبر کو بھارت کے خلاف کھیلے گی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف کامیابی کے لئے لیجنڈری بیٹسمین جاوید میانداد نے ‏قومی ٹیم کو اہم مشورہ دیا ہے۔
جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا ضروری نہیں ‏پرفارمنس دینے والا ہی اچھا کھیلے لیکن جیت کے لئے ایک ٹیم کی حیثیت سے کھیلنا ہوگا۔

ایف آئی اے نے 63 ملین ڈالر خریدنے والوں کا سراغ لگا لیا

0

لاہور: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے اسٹرکچر طریقے سے 63 ملین ڈالر خریدنے والوں کا سراغ لگالیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے اسٹرکچر طریقے سے 63 ملین ڈالر خریدنے والوں کا سراغ لگالیا، ڈالر ترسیل کو دانستہ 35 ہزار روپے کم رکھا جاتا ہے تاکہ اسٹیٹ بینک کو پتا نہ چلے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 35 ہزار ڈالر سے کم مقدار ظاہر کرکے ہزاروں ٹرانزکشنز کی گئیں۔

ذرائع کے مطابق چند منی ایکسچینج کمپنیاں براہ راست دھوکا دہی، منظم منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، صرف 100 افراد کو اسٹرکچر طریقے سے 63 ملین ڈالر فروخت کیے گئے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ صرف 500 افراد کو اسٹرکچر طریقے سے 100 ملین ڈالر سے زائد فروخت ہوئے، ڈالر فارن کرنسی اکاؤنٹس میں براہ راست منتقلی شرط سے چھٹکارا حاصل کیا گیا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ منظم طریقہ کار ڈالر کی ہورڈنگ، منی لانڈرنگ کو خفیہ رکھنے کے لیے استعمال کیا گیا، ایف آئی اے نے اسٹرکچر ڈالر خریدوفروخت والی کمپنیز مالکان، خریداروں کو طلب کرلیا۔

بھارت سے مقابلہ؛ جاوید میانداد کا قومی ٹیم کو اہم مشورہ

0

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف کامیابی کے لئے لیجنڈری بیٹسمین جاوید میانداد نے ‏قومی ٹیم کو اہم مشورہ دیا ہے۔

جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا ضروری نہیں ‏پرفارمنس دینے والا ہی اچھا کھیلے لیکن جیت کے لئے ایک ٹیم کی حیثیت سے کھیلنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف جیت کے لئے مستقل مزاجی ضروری ہے جب دو ٹیمیں امنے سنے ہوتی ہیں ‏کسی ایک کی جیت ہوتی ہے کرکٹ اور پیسے دو الگ بات ہے پاکستان سب سے پہلے اور کرکٹ ترجیحات میں ‏شامل ہونی چاہیے۔ ‏

لیجنڈری بیٹسمین کا کہنا تھا کہ کھیلنے والے چیئرمین پی سی بی نہیں کھلاڑی ہیں جب اچھی کرکٹ کھیلیں گے ‏تو پیسہ بھی آئے گا۔

یاد رہے کہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے عمان اور یو اے ای میں کھیلا جائے گا، قومی ٹیم اپنا پہلا میچ 24 ‏اکتوبر کو بھارت کے خلاف کھیلے گی۔
واضح رہے کہ 4 اکتوبر کو ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کے میچوں کے ٹکٹوں کی فروخت شروع ہوتے ہی پاکستان اور ‏بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کے ٹکٹ ابتدائی چند منٹوں میں ہی فروخت ہو گئے تھے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچوں کے ٹکٹ فروخت ہونے اور ٹکٹوں کے حصول میں کامیاب ہونے والوں نے اپنی خوشی ‏کے اظہار کے لیے سوشل ٹائم لائنز کا رخ کیا تو بھرپور طریقے سے اپنے جذبات کا اظہار بھی کیا تھا۔

حقّا تُو مولٰی تُو…

0

کہتے ہیں بعض پرندوں کی بولیاں اور جو مختلف آوازیں وہ اکثر نکالتے ہیں، وہ بے مقصد، مہمل اور لایعنی نہیں بلکہ ان میں سے اکثر خدائے بزرگ و برتر کی حمد و ثنا اور ایسے کلمات ادا کرتے ہیں جو غور سے سننے پر ہماری سمجھ میں بھی آسکتے ہیں۔

ایسی کئی کہانیاں اور حکایات مشہور ہیں جنھیں ہم بچپن سے سنتے اور پڑھتے آئے ہیں۔ یہ لیلیٰ خواجہ بانو کی ایک ایسی ہی کہانی ہے جس کے کردار فاختہ اور کوّا ہیں۔

یہ دل چسپ اور سبق آموز والدین اپنے بچّوں کو سنا سکتے ہیں۔

بچاری فاختہ جہاں دیکھو دیوار پر حقّا تو حقّا تو کہا کرتی ہے۔ اصل میں یہ اللہ میاں سے فریاد کرتی ہے۔ کیوں کہ کوّے نے اس پر بڑاظلم کیا ہے۔

سنا نہیں؟ لوگ کہا کرتے ہیں محنت کریں بی فاختہ، کوّا میوہ کھائے۔ اس کی کہانی اس طرح ہے کہ ایک دفعہ کوّے اور فاختہ نے مل کر باغ لگایا تھا اور دونوں محنت اور نفع میں ساجھے تھے۔

پہلے دن جب باغ میں پودے لگانے کا وقت آیا تو فاختہ کوّے کے پاس گئی اور اس سے کہا چل کوّے چل کر باغ میں درختوں کے پودے لگائیں۔ کوّے نے جواب دیا۔

تُو چل میں آتا ہوں۔ ٹھنڈی ٹھنڈی چھائیاں بیٹھا ہوں
چلم تمباکو کو پیتا ہوں، پئیاں پئیاں آتا ہوں

فاختہ نے کوّے کی بہت راہ دیکھی۔ جب وہ نہ آیا تو اس نے خود اکیلے ہی محنت کر کے پودے لگا دیے۔ اس کے بعد باغ میں پانی دینے کا وقت آیا تو فاختہ کوّے کے پاس پھر گئی کہ چلو چل کر پانی دے آئیں۔ کوّے نے پھر وہی جواب دیا کہ:

تو چل میں آتا ہوں، ٹھنڈی ٹھنڈی چھائیاں بیٹھا ہوں
چلم تمباکو پیتا ہوں پئیاں پئیاں آتا ہوں

فاختہ نے پھر بہت راہ دیکھی مگر کوّا نہ آیا تو بچاری نے خود ہی پانی بھی دے لیا۔ اس کے بعد باغ کی رکھوالی کا وقت آیا۔ تب بھی کوّے نے یہی جواب دیا۔ جب میوہ پک گیا تو فاختہ پھر گئی کہ چلو چل کر میوہ توڑ لائیں۔ کوّے نے پھر وہی جواب دیا۔

فاختہ نے میوہ توڑنے کی محنت اٹھائی اور میوہ باغ میں ایک جگہ جمع کردیا۔ دوسرے دن کوّے کے پاس گئی کہ چلو چل کر میوہ لائیں تو کیا دیکھتی ہے کہ کوّا گھر سے غائب ہے۔ وہ فوراً باغ میں گئی تو دیکھا سارا میوہ کوئی لے گیا۔ یعنی کوّا اس کے آنے سے پہلے آیا اور سب میوہ اٹھا کر کسی اور گھر میں لے گیا۔

فاختہ بے چاری بہت روئی پیٹی۔ مگر کیا کر سکتی تھی۔ خدا کے سوا کوّے سے بدلہ کون لے سکتا تھا۔ اس واسطے وہ اس دن سے جب بولتی ہے یہی بولتی ہے، حقّا تُو، حقّا تُو۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ الہٰی تُو حق ہے، میرا حق کوّے سے دلوا۔

سابق فاسٹ بولر کو چلنے میں دشواری کا سامنا، ویڈیو سامنے آگئی

0

کراچی: قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر سرفراز نواز کو چلنے میں دشواری کا سامنا ہے، ان کی واکر سے چلنے کی ویڈیو سامنے آگئی۔

تفصیلات کے مطابق لندن میں مقیم قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر سرفراز نواز کی واکر سے چلنے کی ویڈیو منظرعام پر آگئی، سابق فاسٹ بولر کو چلنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

سرفراز نواز کا کہنا ہے کہ کورونا کے دوران ایک سال گھر میں رہا، مسلسل گھر میں رہنے کی وجہ سے ٹانگوں کی نسیں جام ہوگئیں۔

انہوں نے کہا کہ مالی مسائل کے باعث علاج میں دشواری کا سامنا ہے، کرکٹ بورڈ نے بھی تین سال سے پینشن نہیں دی ہے۔

واضح رہے کہ سرفراز نواز اہل خانہ کے ہمراہ کئی برس سے لندن کے علاقے ٹوٹنگ میں مقیم ہیں۔

سابق فاسٹ بولر سرفراز احمد نے 55 ٹیسٹ میچوں میں 32 اعشاریہ 75 کی اوسط سے 177 وکٹیں حاصل کیں، ٹیسٹ میں اُن کی بہترین بولنگ 125 رنز کے عوض 11وکٹیں رہی۔

انہوں نے 45 ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی اور 63 وکٹیں حاصل کیں، بہترین بولنگ 27 رنز دے کر 4 وکٹیں رہی تھی۔

درآمدی ایل این جی کی نئی قیمتوں کا‎ ‎اعلان

0

اسلام آباد:‏‎ ‎اوگرا‎ ‎نے‎ ‎اکتوبر‎ ‎کیلئے‎ ‎درآمدی ایل این جی کی نئی قیمتوں کا‎ ‎اعلان کر‎ ‎دیا۔

تفصیلات کے مطابق اوگرا نے ماہ اکتوبر کیلئے درآمدی ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری ‏کر دیا ہے جس کے مطاطق سوئی ناردرن سسٹم کیلئے ایل این جی کی فی یونٹ قیمت میں 0.4294 ڈالر اضافہ کیا ‏گیا ہے جب کہ سوئی سدرن سسٹم پر ایل این جی کی قیمت میں 0.4362 ڈالر فی یونٹ اضافہ ہوا ہے۔

ماہ اکتوبر کے لیے سوئی ناردرن سسٹم پر ایل این جی کی نئی قیمت 15.7828 ڈالر فی یونٹ اور سوئی سدرن ‏سسٹم پرایل این جی کی نئی قیمت 15.5280 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔

سوئی ناردرن سسٹم پرستمبر میں ایل این جی کی قیمت 15.3534 ڈالر فی یونٹ تھی۔ سوئی سدرن سسٹم پر ستمبر ‏میں ایل این جی قیمت 15.0918 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تھی۔

منشیات فروشوں کے منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کے انکشاف، کراچی پولیس کا بڑا فیصلہ

0

کراچی : ایف آئی اے نے منشیات فروشوں کے منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کے انکشاف کے بعد کراچی پولیس سے منشیات کے اہم کیس کی تفصیلات طلب کرلیں۔

تفصیلات کے مطابق منشیات فروشوں کے منی لانڈرنگ میں بھی ملوث ہونے کا انکشاف سامنے آیا ،جس کے بعد ایف آئی اے نے کراچی پولیس سے منشیات کے اہم کیس کی تفصیلات طلب کرلیں۔

پولیس نے منشیات فروشوں کیخلاف منی لانڈرنگ اور ٹیررفنانسنگ کی تحقیقات کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات فروشوں کے تمام کیسزکا ریکارڈ فراہم کیا جائے۔

حکام کا کہنا ہے کہ منظم منشیات فروشوں کےکرمنل ریکارڈسمیت دیگرتفصیل دی جائیں گی، جس پر پولیس نے منشیات فروشوں کا ریکارڈ جمع کرنا شروع کردیا ہے۔

خیال رہے کراچی میں پولیس افسران بھی منشیات فروشی میں ملوث نکلے تھے ، منشیات فروشوں کو چھوڑنے کے لیے 18 لاکھ رشوت لینے والے سچل پولیس افسران کے خلاف رپورٹ تیار کر لی تھی۔