ہوم بلاگ صفحہ 9458

متحدہ عرب امارات: جائیداد کو تباہ کرنے پر قید اور جرمانے کا اعلان

0

ابو ظہبی: متحدہ عرب امارت کے پبلک پراسیکیوشن نے کہا ہے کہ املاک کی تباہی یا کسی کی جائیداد کو نقصان پہنچانا ایک جرم ہے جس کی سزا 5 سال قید ہوسکتی ہے۔

پبلک پراسیکیوشن کی جانب سے انسٹاگرام پر جاری حالیہ ویڈیو کے مطابق ملزمان پر 10 ہزار درہم جرمانہ بھی ہوسکتا ہے۔

پبلک پراسیکیوشن کی جانب سے کہا گیا کہ جو شخص کسی ایسی جائیداد کو مسمار کرے گا یا نقصان پہنچائے گا جو دوسروں کی ملکیت ہو، ایسے شخص کو ایک سال سے زائد عرصے کی سزا اور 10 ہزار درہم جرمانہ ہوسکتا ہے۔

اس عمل سے اگر لوگوں کی زندگی، حفاظت یا صحت کو بھی خطرہ لاحق ہو تو قید کا عرصہ طویل ہوسکتا ہے۔

پنالٹی قانون کے آرٹیکل 424 کے مطابق جرم اگر کم سے کم 3 افراد پر مشتمل گروہ نے کیا ہے تو 5 سال سے زیادہ کی قید بھی ہوسکتی ہے۔

گلابی نمک کیا ہے؟ پاکستان میں موجود ‘پنک گولڈ’ کے بارے میں جانیے

0

گلابی نمک کی پیداوار صرف پاکستان میں ہوتی ہے لیکن بھارت اسے اپنے نام سے دنیا میں فروخت کرتا ہے، ماہرین کے مطابق اگلے 10 ہزار سالوں تک یہاں سے نمک نکالا جاسکتا ہے۔

نمک ہماری خوراک کا اہم جزو ہے جس کا ہماری خوراک سے گہرا تعلق ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ پاکستان نمک کے ذخائر سے مالا مال ملک ہے اور دنیا میں سب سے زیادہ نمک کے ذخائر پاکستان میں پائے جاتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان نمک کے دو کروڑ بیس لاکھ ٹن ذخائر موجود ہیں جس کا رقبہ جہلم سے لیکر میانوالی، کالا باغ اور کوہاٹ تک پھیلا ہوا ہے۔

نمک کے ذخائر کی لمبائی تین سے ساڑھے تین سو کلومیٹر ہے، چوڑائی 8 سے تیس کلومیٹر جب کہ اونچائی دو ہزار سے چار سو نو فٹ تک بتائی جاتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ نمک کے تین رنگ ہوتے ہیں، سفید گلابی اور لال، سفید نمک کے اندر سوڈیم کلورائیڈ، گلابی نمک میگنیشئم اور لال نمک آئرن سے مالا مال ہوتا ہے۔

گلابی نمک صحت کےلیے انتہائی مفید ہوتا ہے اور صرف پاکستان میں پایا جاتا ہے، لیکن دنیا بھر میں اس کی فروخت بھارت کے لیبل سے ہوتی ہے۔

بھارتی شہر امرتسر میں پاکستانی نمک کے بہت کارخانے لگے ہوئے ہیں جو پاکستانی گلابی نمک کو بھارتی نمک بتاکر دنیا بھر میں مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں جب کہ پاکستان سے یہ گلابی نمک مٹی کے بہاؤ خریدا جاتا ہے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس وقت دنیا میں تقریباً 100 ممالک نمک پیدا کررہے ہیں، جن میں امریکا دنیا کا ایک چوتھائی نمک پیدا کرتا ہے۔

ایک اندازے کے مطابق امریکی کارخانے سالانہ 48 ملین ٹن نمک پیدا کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ کینیڈا میں سالانہ 16 ملین ٹن نمک پیدا کیا جاتا ہے جب کہ میکسیکو میں 8.2 ملین ٹن نمک حاصل کیا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق چین گزشتہ کچھ سالوں میں دنیا کا سب سے زیادہ نمک پیدا کرنے والا ملک بن کر ابھرا ہے۔

آریان خان کی گرفتاری: کروز شپ پر ہوئی پارٹی کی ویڈیو منظر عام پر آگئی

0

دہلی: بھارت میں شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی گرفتاری دو اکتوبر کو کروز شپ پر ہوئی پارٹی کے دوران عمل میں آئی اور اب پارٹی کی مبینہ ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کے ویریفائیڈ سوشل اکاؤنٹ سے مختلف ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں جس سے متعلق دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ ویڈیو اسی کروز شپ پارٹی کی ہے جہاں سے آریان کو گرفتار کیا گیا، شیئر کی گئی ویڈیو میں پارٹی کا ماحول دیکھا جاسکتا ہے، لڑکے اور لڑکیاں میوزک پر رقص بھی کررہے ہیں۔

اسی ویریفائیڈ سوشل اکاؤنٹ پر ایک اور ویڈیو میں آریان خان کی گرفتاری کے مناظر دیکھے جاسکتے ہیں، ممبئی پولیس اور این سی بی کے اہلکار آریان کو گرفتار کرنے کے بعد انہیں تیزی سے لے کر جارہے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارتی نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو دو اکتوبر کی رات بحری جہاز پر منعقد ہونے والی ریو پارٹی پر اچانک چھاپہ مار کر گرفتار کیا تھا، چھاپے کے دوران اہلکاروں نے آریان خان اور ان کے ساتھیوں سے غیر قانونی منشیات بر آمد کی تھی۔

بعد ازاں دوران تفتیش شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان نے مشیات استعمال کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

کینیڈین جوڑا سمندر پار منتقل ہوتے ہوئے گھر بھی ساتھ لے گیا

0

کینیڈا میں ایک جوڑے نے اپنے پرانے گھر کو کشتیوں کی مدد سے پانی سے گزار کر نئی جگہ لے جا کر کھڑا کردیا، جوڑے کو یہ گھر بہت پسند تھا اور وہ اسی میں رہائش رکھنا چاہتے تھے۔

کینیڈا کے صوبے نیو فاؤنڈ لینڈ میں یہ جوڑا دو منزلہ مکان میں رہتا تھا جب انہیں علم ہوا کہ گھر کا مالک اسے توڑ کر نئے سرے سے بنانا چاہتا ہے۔

جوڑا اس مکان کو چھوڑنا نہیں چاہتا تھا چنانچہ انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اس گھر کو خرید کر اپنی ملکیتی زمین پر منتقل کریں گے جو سمندر کے قریب واقع ہے۔

بعد ازاں بھاری بھرکم ٹریلر اور کئی کشتیوں کی مدد سے انہوں نے اپنے فیصلے کو عملی جامہ پہنایا۔

مکان کو ایک ٹریلر نے سمندر کے قریب پہنچایا جس کے بعد تقریباً آدھا درجن کشتیاں اسے پانی میں سے گزار کر مطلوبہ مقام تک لے گئیں۔ یہ سفر 8 گھنٹوں میں مکمل ہوا۔

ایک موقع پر گھر ڈوبنے لگا اور اسے سنبھالنے والی کشتی ٹوٹنے لگی لیکن دیگر کشتیوں نے فوری طور پر اسے سہارا دیا۔

گھر کے مالک ڈینیئل پینی کا کہنا ہے کہ گھر کی کچھ چیزوں میں پانی بھر گیا ہے لیکن گھر جلد ہی خشک ہوجائے گا جس کے بعد وہ اس کی مرمت کر کے اس میں رہنا شروع کردیں گے۔

یومِ وفات:‌حمید اختر کا تذکرہ جنھوں نے "آٹو میٹک” قسم کی تنہائی کاٹی

0

دراز قد اور خوب رُو حمید اختر کی آواز بھی جان دار تھی۔ انھیں اداکاری کا شوق ہوا تو قسمت آزمانے بمبئی کی فلم نگری کا رخ کیا جہاں انھیں کسی طرح ’آزادی کی راہ پر‘ نامی ایک فلم میں سائیڈ ہیرو کا رول بھی مل گیا، لیکن یہ سفر یہیں تمام ہوا اور حمید اختر نے ایک صحافی، ادیب، فلم ساز اور ترقی پسند تحریک کے کارکن کی حیثیت سے نام و مقام بنایا۔

آج حمید اختر کا یومِ وفات ہے۔ 2011ء میں ان کی زندگی کا آخری سال ثابت ہوا۔ انھیں کینسر کا مرض لاحق تھا۔

1924ء میں ضلع لدھیانہ میں پیدا ہونے والے حمید اختر مشہور شاعر ساحر لدھیانوی کے بچپن کے دوست تھے۔ انھیں نوجوانی میں اردو کے ممتاز ادیب اور شاعر ابن انشاء کی رفاقت بھی نصیب ہوئی اور یوں فکروفن اور علم و ادب سے تعلق گہرا ہوتا چلا گیا۔ اسی ذوق و شوق اور ترقی پسند رجحانات نے حمید اختر کو انجمن ترقی پسند مصنفیں سے ناتا جوڑنے پر آمادہ کر لیا۔

جن دنوں وہ بمبئی میں مقیم تھے، وہاں انھیں کرشن چندر، سجاد ظہیر، سبطِ حسن اور ابراہیم جلیس جیسے ترقی پسندوں سے ملنے کا موقع ملا اور بعد میں ان سے گہری شناسائی ہوگئی۔

تقسیمِ ہند کے بعد حمید اختر پاکستان آئے جہاں ان دنوں اشتراکی فکر کے حامل دانش وروں پر کڑا وقت آیا ہوا تھا۔ حمید اختر بھی گرفتار ہوئے اور دو سال کے لیے زنداں میں رہنا پڑا۔

’کال کوٹھڑی‘ حمید اختر کے انہی ایامِ اسیری کی روداد ہے۔ 1970ء میں انھوں نے آئی اے رحمان اور عبداللہ ملک کے ساتھ مل کر روزنامہ ’آزاد‘ جاری کیا جو بائیں بازو کے آزاد خیال گروپ کا ترجمان تھا۔ یہ اخبار بعد میں اپنی پالیسیوں کی وجہ سے مالی مشکلات کے بعد بند ہوگیا۔

حمید اختر نے اپنے ترقی پسند ساتھیوں کے خاکے بھی احوالِ دوستاں کے نام سے لکھے ہیں۔ ان کی اسیری کے دنوں کی ایک یاد ہم یہاں نقل کررہے ہیں۔

” ایک روز میں تنہائی سے تنگ آکر بوکھلا گیا، شام کو ڈپٹی صاحب آئے تو میں نے ان سے کہا، ”جناب عالی! میں اس تنہائی سے پاگل ہو جاﺅں گا۔ میں نے کوئی سنگین جرم نہیں کیا، میرے وارنٹ پر قیدِ تنہائی کی سزا نہیں لکھی۔ مجھے سیفٹی ایکٹ میں نظر بند کرنے کا وارنٹ ہے، قیدِ تنہائی میں ڈالنے کے لیے نہیں لکھا ہوا، اگر مجھے مارنا ہی ہے تو ایک ہی دن مار کر قصہ ختم کر دیجیے۔

ڈپٹی صاحب نے بہت سوچ بچار کے بعد بظاہر ہمدردانہ لہجے میں کہا: ” تمہارے وارنٹ پر تنہائی کی قید نہیں لکھی ہوئی، مگر تمہاری تنہائی آٹو میٹک قسم کی ہے، کیونکہ نظر بندوں کے قانون میں یہ لکھا ہوا ہے کہ انھیں دوسرے قیدیوں سے نہ ملنے دیا جائے، اب کوئی اور سیاسی قیدی آجائے تو اسے تمہارے ساتھ رکھا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ تو اور کچھ نہیں ہو سکتا۔

میں نے کہا: ”خدا کے لیے کسی اور کو گرفتار کرائیے یہ اہلِ ملتان اس قدر مردہ دل کیوں ہو گئے ہیں؟ کوئی صاحبِ دل اس شہر میں ایسا نہیں ہے کہ جو ایک تقریر کر کے گرفتار ہو جائے۔ مولوی مودودی کے کسی چیلے کو ہی پکڑ لائیے، کوئی انسان تو ہو جس سے بات کر سکوں، مگر افسوس کہ نہ ڈپٹی صاحب میری بات مانے اور نہ ملتان شہر نے کوئی ایسا صاحبِ دل پیدا کیا۔

ٹیچر پرنسپل بننے کےلئے لڑپڑے، ویڈیو وائرل

0

اسکول پرنسپل کا عہدہ حاصل کرنے کےلیے دو افراد محکمہ تعلیم کے دفتر میں گتم گتھا ہوگئے جیسے دو بچے آپس میں لڑرہے ہوں، واقعے کی مضحکہ خیز ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارت سے ایسی مضحکہ خیز ویڈیوز اکثر و بیشتر انٹرنیٹ کی زینت بنتی رہتی ہیں، ایسی ہی ایک اور ویڈیو ان دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں دو افراد کو پرنسپل کے عہدے کےلیے لڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

واقعے کی تفصیلات کچھ اس طرح ہیں کہ شوشنکر گری نامی اسکول ٹیچر اور رنکی کماری نامی خاتون ٹیچر کا شوہر ضروری دستاویزات جمع کروانے محکمہ تعلیم موتی ہری ٹاؤن کے دفتر پہنچے۔

محکمہ تعلیم کے دفتر میں دونوں افراد کا آپس میں بحث مباحثہ شروع ہوا کہ کون زیادہ حقدار ہے پرائمری اسکول پرنسپل کے عہدے کا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے دونوں آپس میں بچوں کی طرح سے گتم گتھا ہوگئے۔

اس جھگڑے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رنّکی کے شوہر نے ڈبلیو ڈبلیو ای والا داؤ لگاتے ہوئے شیوشنکر کو گردن سے پکڑا اور زمین پر پٹخ دیا۔

شہری انجانے میں اپنی سائیکل چرانے والے چور کی مدد کرنے پہنچ گیا

0

اسکاٹ لینڈ میں ایک سائیکل چور اس وقت عجیب وغریب صورتحال کا شکار ہوگیا جب اس کی چرائی ہوئی سائیکل عین سائیکل کے مالک کے گھر کے سامنے خراب ہوگئی اور سائیکل کا مالک ہی اس کی مدد کرنے پہنچ گیا۔

جان ڈیولن نامی شہری نائٹ شفٹ مکمل کر کے اپنے گھر آرہا تھا کہ گھر کے قریب اس نے ایک شخص کو سائیکل کے ساتھ زور آزمائی کرتے ہوئے پایا، وہ اس شخص کی مدد کے لیے پہنچ گیا۔

اس دوران اسے سائیکل پر ایک اسٹیکر دکھائی دیا جو اسے جانا پہچانا لگا، سائیکل کے ساتھ لگا ہیلمٹ بھی اسے شناسا لگا، تب اچانک اسے احساس ہوا کہ یہ اسی کی سائیکل ہے جو چند روز قبل گھر کے باہر سے چوری ہوگئی تھی۔

جان نے اس شخص کو بتایا کہ یہ اس کی سائیکل ہے تو چور نے دوبارہ سائیکل اٹھائی اور بھاگنے لگا، اس دوران اس نے جیب سے چاقو نکال کر جان کو دھمکیاں بھی دیں۔

جان نے چور کا پیچھا کرتے ہوئے پولیس کو فون کردیا جو فوراً ہی موقع پر پہنچ کر چور کو پکڑنے میں کامیاب ہوگئی۔ بعد ازاں چور نے جان کے گھر کے بیرونی حصے میں نقب لگانے اور سائیکل چرانے کا اعتراف کرلیا۔

مقامی عدالت نے چور کو 15 ماہ قید کی سزا سنا دی۔

طالبان حکومت کا افغانستان میں اولین انسداد پولیو مہم کے آغاز کا فیصلہ

0

کابل: افغانستان میں بننے والی نئی طالبان حکومت نے ملک میں اولین انسداد پولیو مہم کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے، پہلی قومی انسداد پولیو مہم 8 نومبر سے شروع ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان نے پاکستان کو انسداد پولیو مہم چلانے بارے آگاہ کر دیا۔ افغانستان میں پہلی قومی انسداد پولیو مہم 8 نومبر سے شروع ہو گی۔ موجودہ افغان حکومت کی جانب سے منعقدہ پہلی انسداد پولیو مہم ہوگی۔

افغانستان میں انسدادپولیومہم میں 5سال عمر تک کے بچوں کی ویکسینیشن ہوگی۔ افغان وزیرصحت نے صوبوں اور پولیو ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے نام مراسلہ بھی جاری کردیا۔

افغان وزیر صحت نے پہلی انسداد پولیو مہم کی بھرپور تیاریوں کی ہدایت کی ہے۔ وزیر ڈاکٹر قلندر عباد کا کہنا ہے کہ صوبے انسداد پولیو مہم کی کامیابی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں، شہری پولیو مہم کی کامیابی کیلئے حکومت کا بھرپور ساتھ دیں، شہری تعاون کے بغیر پولیو کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔

دوسری جانب ذرایع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان میں رواں سال ایک، ایک پولیو کیس سامنے آیا، پاکستان اور افغانستان ماضی میں بیک وقت انسداد پولیو مہم چلاتے رہے ہیں، پاک افغان قریبی رابطوں اور تعاون سے پولیو کیسز میں نمایاں کمی آئی، پاکستان اور افغانستان دنیا میں پولیو وائرس سے متاثرہ آخری دو ممالک ہیں۔

پاک افغان مشترکہ اقدامات اور بیک وقت مہم سے پولیو کا جلد خاتمہ یقینی ہے۔

ملزمہ نے پولیس کو کیسے چکما دیا؟ ویڈیو وائرل ہوگئی

0

یوں تو دنیا بھر میں جرائم کی واردات ہوتی ہے اور ملزمان خود کو پولیس سے محفوظ رکھنے کیے لیے ہرممکن کوششیں بھی کرتے ہیں۔

جرائم میں ملوث افراد قانون کی گرفت میں آجاتے ہیں تو کبھی سیکیورٹی اداروں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ ایسا ہی کچھ انوکھہ واقعہ پیش آیا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

مناظر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کسی نامعلوم مقام پر ایک خاتون اور اس کے چند ساتھی پولیس اہلکاروں سے فرار ہوتے ہوئے گلیوں میں پناہ ڈھونڈ رہے ہیں۔

اس دوران اچانک خاتون کو ایک گھر میں گندے برتنوں کا ٹوکرا نظر آتا ہے اور وہ اسی گھر کی خاتون بن کر برتن دھونے میں مصروف ہوجاتی ہے۔

اس کا یہ گر پولیس والوں کو چکما دینے میں کامیاب رہا، اس طرح وہ اہلکاروں سے بچ کر بعد میں فرار ہوگئی۔

ٹی 20 ورلڈ کپ: عمان کا ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ

0

انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میلہ آج سے سج رہا ہے، ایونٹ کے پہلے میچ میں عمان نے ٹاس جیت پر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آئی سی سی کے تحت منعقدہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میلہ آج سے عمان اور متحدہ عرب امارات میں سج گیا ہے، ایونٹ کے پہلے روز عمان اور پاپوا نیو گنی ایکشن میں نظر آئیں گے جب کہ دوسرا مقابلہ بنگلادیش اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان ہوگا۔

ایونٹ کے پہلے میچ میں عمان نے ٹاس جیت پر پاپوا نیو گنی کو پہلے بلے بازی کا موقع دیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کے رنگا رنگ میلے سے متعلق قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی ٹوئٹ کیا اور کہا کہ ’ایکشن سے بھرپور کرکٹ شروع ہوگئی‘۔

واضح ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کا پہلا مقابلہ 24 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت سے ہوگا، قومی ٹیم ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی دکھانے کے لیے پُرعزم ہے۔