ہوم بلاگ صفحہ 9691

نیا ریکارڈ قائم ، امریکی ڈالر 172 روپے سے بھی تجاوز کرگیا

0

کراچی: اوپن مارکیٹ میں ڈالر 172 روپے سے بھی تجاوز کرگیا جبکہ انٹر بینک میں بھی ڈالر ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 170 روپے پرجا پہنچا۔

تفصیلات کے مطابق کرنسی مارکیٹ روپے کی بے قدری اور ڈالر کی قیمت میں تیزی سے اضافے کا سلسلہ جاری ہے ، کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی ٹریڈنگ کے آغاز سے ڈالر کی قیمت میں اضافے کا رجحان دیکھا گیا۔

انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر برقرار ہے ، ٹریڈنگ کے دوران انٹر بینک میں ڈالر 40 پیسے مہنگا ہوا ، جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 170 روپے پر پہنچ گیا۔

اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں 60 پیسے کا اضافہ ہوا اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح 172 روپے 20 پیسے پر جا پہنچا۔

یاد رہے رواں سال 7 مئی کو انٹر بینک میں ڈالر 152.28 روپے پر تھا اور چار ماہ میں ڈالر17روپے سے زائد مہنگا ہوچکا ہے۔

خیال رہے معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر بڑھنے سے ملک پر عائد واجب الادا قرضوں میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، ڈالر کی قدر بڑھنے سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا، جس کے باعث درآمدی اشیاء اور خام مال کی قیمت بڑھے گی۔

معروف کامیڈین عمر شریف کو کیا بیماری ہے؟

0

کراچی: امریکا میں مقیم ماہر امراض قلب ڈاکٹر طارق شہاب کا کہنا ہے کہ معروف کامیڈین عمر شریف کی ہارٹ سرجری ایک پیچیدہ عمل ہے، امریکا پہنچتے ہی انہیں اسپتال میں داخل کرلیا جائے گا اور ایک سے دو دن میں ان کی سرجری کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق امریکا میں مقیم ڈاکٹر طارق شہاب نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں معروف کامیڈین عمر شریف کی بیماری کی تفصیلات بتائیں۔

ڈاکٹر طارق کا کہنا تھا کہ عمر شریف کے دل کے ایک والو کے مسلز کمزور ہوچکے ہیں، جس کی وجہ سے خون کی گردش میں رکاوٹ ہے جبکہ انہیں سانس لینے میں بھی تکلیف کا سامنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس کا علاج اوپن ہارٹ سرجری سے ہوسکتا ہے، لیکن عمر شریف کی پہلے ہی ایک اوپن ہارٹ سرجری ہوچکی ہے جبکہ ان کے گردے بھی کمزور ہیں لہٰذا دوبارہ سرجری کرنا ان کے لیے جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

ڈاکٹر طارق کے مطابق عمر شریف کی سرجری اب نئے طریقہ علاج کے ذریعے کی جائے گی جس میں دل کو کھولے بغیر شریانوں کے اندر سے ہی اس والو کی جراحت کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا یہ ایک مشکل سرجری ہے اور اس کے لیے ماہر امراض قلب کی پوری ٹیم چاہیئے جن کا پاکستان آنا مشکل تھا، اسی لیے عمر شریف کو یہاں بلایا گیا۔ امریکا پہنچتے ہی عمر شریف کو اسپتال میں داخل کرلیا جائے گا اور ضروری پروسیجر کے بعد ان کی سرجری کا عمل شروع کردیا جائے گا۔

یاد رہے کہ کراچی ایئرپورٹ سے ایئر ایمبولنس عمر شریف کو لے کر امریکا روانہ ہوچکی ہے، ایئر ایمبولینس میں اہلیہ بھی عمر شریف کے ہمراہ ہیں۔

بھارت : آئی سی یو میں داخل مریضوں پر قیامت ٹوٹ پڑی

0

محبوب آباد : بھارت میں سمندری طوفان گلاب نے تباہی مچادی، تیز اور موسلادھار طوفانی بارشوں نے سارا نظام زندگی مفلوج کرکے رکھ دیا۔

بارشوں سے ہونے والی تباہی سے اسپتال بھی محفوظ نہ رہ سکے، اسپتالوں میں داخل مریضوں کو اپنے علاج کے بجائے براہ راست خود کو موت کے منہ سے بچانے کی فکر لگ گئی۔

بھارتی ریاست تلنگانہ میں جاری موسلا دھار بارش کے دوران محبوب آباد کے ایک ضلعی اسپتال کے آئی سی یو وارڈ کی فالس سیلنگ اچانک گرگئی۔

آئی سی یو وارڈ میں داخل مریض کسی بھی حادثے سے بے خبر لیٹا ہوا تھا کہ اس کے اوپر فالس سیلنگ گرگئی لیکن خوش قسمتی سے وہ زخمی ہونے سے محفوظ رہا۔

اسپتال کے عملے نے فوری طور پر اسے اس جگہ سے منتقل کیا اور ضروری اقدامات کیے، عملے کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

بھارت میں سمندری طوفان “گلاب” اب کیا ہونے جارہا ہے؟

واضح رہے کہ سمندر میں ہوا کے کم دباؤ کے باعث ریاست تلنگانہ کے کئی حصوں میں تیز بارش ہوئی جس سے سڑکیں زیر آب آگئیں۔ بھارتی محکمہ موسمیات نے ریاست کے14 اضلاع میں مزید شدید بارشوں کا ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے۔

بوسٹر شاٹ: ایک شخص کا 2 مختلف کورونا ویکسین کی خوراکیں لینا کیسا؟ ماہرین نے بتا دیا

0

طبی ماہرین کا ماننا ہے کہ بوسٹر شاٹ اسی کورونا ویکسین کا لیں جو آپ پہلے لگوا چکے ہیں۔ کووڈ ویکسین کا مکس اینڈ میچ کرنا (ایک فرد کو ایک سے زائد ویکسین لگانا) خطرناک ہوسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ہیلتھ سروسز اکیڈمی (ایچ ایس اے) میں منعقدہ کانفرنس کے دوران مقررین نے متنبہ کیا کہ ویکسین کا ‘مکس اینڈ میچ’ خطرے کا سبب بن سکتا ہے۔ ان کے مطابق ملک میں کوروناویکسینشین کا سلسلہ بہتر ہے، لوگوں کی بڑی تعداد ویکسین لگوانے کے عمل کا حصہ بن رہی ہے۔

اس موقع پر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ عوام کو بوسٹر شاٹ کے حوالے سے بہت محتاط رہنے کی ضرورت ہے، اگر وہ بوسٹر شاٹ لگوانا چاہیں تو اسی ویکسین کی لگوائیں جو ویکسین انہیں لگ چکی ہے، کیوں کہ ابھی تک کوئی ایسی تحقیق نہیں جس میں یہ بات ثابت ہو کہ بوسٹر شاٹ محفوظ ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نوزائیدہ بچوں کو ویکسین لگوانے کی بحث بھی شروع ہوچکی ہے لیکن میرا ماننا ہے کہ ابھی تحقیق کا انتظار کرنا چاہیے جب تک کسی مطالعے میں یہ بچوں کے لیے محفوظ نہ قرار دی جائے۔

خیال رہے کہ مذکورہ کانفرنس کے دوران 100 سے زائد تحقیقی مقالے پیش کیے گئے اور ان میں سے 65 کو ہیلتھ سروسز اکیڈمی کی جانب سے اشاعت کے لیے منتخب کیا گیا۔

ڈیری مصنوعات کے استعمال کا فائدہ سامنے آگیا

0

حال ہی میں کی گئی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ وہ افراد جو ڈیری مصنوعات کا زیادہ استعمال کرتے ہیں ان میں امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

آن لائن ریسرچ جرنل پی ایل او ایس میڈیسن کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں ماہرین نے دودھ کے استعمال اور دل کی صحت سے متعلق 18 مطالعات کا جائزہ لیا جو پچھلے 16 سال کے دوران سوئیڈن، امریکا، برطانیہ اور ڈنمارک میں کیے گئے تھے۔

ان تمام مطالعات میں مجموعی طور پر 47 ہزار سے زائد رضا کار شریک ہوئے تھے، جن میں سے بیشتر کی ابتدائی عمر 60 سال کے لگ بھگ تھی۔

اس تجزیے سے معلوم ہوا کہ دودھ اور دودھ سے بنی غذائیں مثلاً دہی، مکھن اور پنیر وغیرہ زیادہ استعمال کرنے والوں میں امراض قلب کی شرح خاصی کم تھی۔

یہی نہیں بلکہ اپنے روزمرہ معمولات میں سب سے زیادہ دودھ اور ڈیری مصنوعات استعمال کرنے والوں کےلیے دل کی بیماریوں کا خطرہ بھی سب سے کم دیکھا گیا۔

ان کے مقابلے میں وہ افراد جن میں ڈیری پروڈکٹس استعمال کرنے رجحان کم تھا، ان کی بڑی تعداد اپنی بعد کی عمر میں دل اور شریانوں کی بیماریوں میں مبتلا ہوئی۔

واضح رہے کہ طبّی ماہرین پچھلے کئی سال سے دودھ اور ڈیری مصنوعات کی کم مقدار استعمال کرنے پر زور دیتے آرہے ہیں کیونکہ ان میں چکنائی کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے، البتہ دوسری کئی تحقیقات سے اس کے برخلاف نتائج بھی سامنے آتے رہے ہیں۔

آسٹریلیا، امریکا، سوئیڈن اور چین کے ماہرین پر مشتمل اس مشترکہ پینل کی تحقیق نے بھی صحت کے حوالے سے دودھ اور دودھ سے بنی مصنوعات کی افادیت ثابت کی ہے۔

ریسرچ پیپر کی مرکزی مصنفہ اور جارج انسٹی ٹیوٹ فار گلوبل ہیلتھ آسٹریلیا کی پروفیسر کیتھی ٹریو کا کہنا ہے کہ دل کی بیماریوں سے بچنے کے لیے دودھ پر مبنی غذاؤں کا استعمال مکمل طور پر ترک کردینا مسئلے کا حل نہیں بلکہ اس کی سنگینی میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔

نور مقدم قتل کیس: مرکزی ملزم ظاہرجعفر کے والدین کی درخواست ضمانت پرفیصلہ کل سنایا جائے گا

0

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نور مقدم قتل کیس میں مرکزی ملزم ظاہرجعفر کے والدین کی درخواست ضمانت پر فیصلہ کل سنائے گی، 5 دن قبل دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق نور مقدم قتل کیس میں مرکزی ملزم ظاہرجعفر کے والدین کی درخواست ضمانت پرفیصلہ کل سنایا جائے گا،کل فیصلہ اوپن کورٹ میں سنایا جائے گا۔

یاد رہے جسٹس عامر فاروق نے 5 دن قبل دلائل مکمل ہونے پر مرکزی ملزم ظاہرجعفرکےوالدین کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا اور ریمارکس دیئے کہ یہ کیس ہمارے ملک میں کرمنل کیسز کا مستقبل طے کرے گا، واقعاتی شواہد کوکیسے جوڑنا ہےاسے سب نےدیکھنا ہے۔

دوران سماعت وکیل شاہ خاور نے کہا تھا ہم نے کیس میں غیرضروری گواہان کو شامل نہیں کیا، اٹھارہ گواہ ہیں جس میں پرائیویٹ گواہ دو ہی ہیں، ہم انتہائی جلدی ٹرائل مکمل کر لیں گے ضمانت نہ دی جائے۔

شاہ خاور ایڈوکیٹ کا کہنا تھا کہ شواہدکےمطابق والدین ملزم سےرابطےمیں تھےجرم سے ان کاتعلق ہے، ہم ٹرائل میں جو شواہد لائیں گے اس پر وہ جرح کر لیں گے ، انتہائی بہیمانہ قتل تھا اس میں ضمانت نہ دی جائے۔

براہ راست سعودی عرب میں داخلہ؟ سفری پابندی سے متعلق بڑی خبر آگئی

0

ریاض: سعودی محکمہ پاسپورٹ وامیگریشن(جوازات) نے غیرملکیوں کے لیے براہ راست مملکت میں داخلے کے حوالے سے اہم وضاحت جاری کی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق مملکت میں جوازات کے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک تارک وطن نے استفسار کیا کہ سعودی عرب میں ایسٹرا زنیکا ویکسین کی پہلی خوراک لی دوسری خوراک اپنے ملک میں لی، کیا براہ راست مملکت آیا جاسکتا ہے؟۔

اس ضمن میں محکمہ پاسپورٹ نے وضاحت پیش کی کہ پابندی والے ممالک سے مسافروں کے مملکت آنے کے لیے لازمی ہے کہ انہوں نے سعودی عرب سے جانے سے قبل کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں حاصل کرلی ہوں اور آن لائن پلیٹ فارم توکلنا ایپ پر ان کا اسٹیٹس امیون ہونا بھی لازمی ہے۔

سعودی عرب سے باہر گئے ہوئے غیرملکیوں کی مشکل آسان

مذکورہ زمرے کے افراد براہ راست سعودی عرب آسکتے ہیں تاہم انہیں چاہیے کہ وہ مملکت آمد سے 70 گھنٹے قبل ’قدوم پورٹل ‘ پرخود کو رجسٹرکرائیں تاکہ امیگریشن کی کارروائی جلد مکمل کی جاسکے۔

قبل ازیں سعودی محکمہ پاسپورٹ کا کہنا تھا کہ وہ غیرملکی جو چھٹیوں پر مملکت سے گئے ہوئے ہیں وہ باہر رہتے بھی اپنے اقامے کی تجدید آن لائن کراسکتے ہیں۔ جوازات نے بیرون مملکت موجود تارکین وطن کے اقامے کی تجدید کی سہولت آن لائن بھی فراہم کر رکھی ہے۔

شادی کا جھانسہ دے کر 100 سے زائد خواتین کو کنگال کرنے والا گرفتار

0

پُونا : بھارتی دھوکے باز نوجوان نے انٹرنیٹ پر درجنوں لڑکیوں اور ادھیڑ عمر خواتین کو شادی کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے لوٹ لیے آخرکار خواتین نے اس سے بدلہ لے ہی لیا؟

بھارتی میڈیا کے مطابق 32سالہ اس شخص کا نام پریم راج تھیو راج ہے جو لڑکیوں اور ادھیڑ عمر کی اکیلی خواتین کو اپنا شکار بناتا تھا وہ انہیں اپنی محبت کے جال میں پھنسا کر ان سے جعلی کاغذات پر شادی کرتا اور چند دن بعد ہی ان کی جمع پونجی ہڑپ کرجاتا۔

رپورٹ کے مطابق چنائی کے ایک 32 سالہ نوجوان نے پُونے اور پمپری چنچواڑ سمیت کئی ریاستوں کی درجنوں لڑکیوں کو محبت کے جال میں پھنسا کرلاکھوں روپے کا چونا لگایا۔

مقامی پولیس نے فلمی انداز میں ہی اس شاطر ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم پریم راج تھیوراج چنئی کا رہائشی ہے۔ جس نے کئی شہروں میں سو سے زائد خواتین سے شادی کے نام پر لاکھوں روپے ایٹھنے کا کام کیا۔

ملزم سے دھوکہ کھانے والی ایک خاتون نے پولیس سے رابطہ کیا جس کے بعد اس کے برے دن آگئے، متاثرہ خاتون کی شکایت کی بنیاد پر پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا۔

رپورٹ کے مطابق ملزم پریم راج پہلے میٹرو منی ویب سائٹ کے ذریعے خواتین سے جان پہچان بڑھاتا پھر شادی کا جھانسہ دے کر انہیں لوٹنے کا کام کرتا تھا۔

ایک خاتون کو اس نے بتایا کہ وہ ریلوے کنٹریکٹر ہے، لاک ڈاؤن میں اسے حکومت سے بل موصول نہیں ہوا، ملازمین کو تنخواہ دینا پڑتی ہے، ایسا بہانہ بنا کر اس نے مجھ سے 12 لاکھ روپے لیے۔

خاتون نے پولیس کو بتایا کہ مجھے اس نے چنائی بلایا اور شادی کے جعلی فارم پر دستخط کرکے رجسٹریشن کرائی اور کہا کہ اب تم میری بیوی ہو اور اب ہندوستان میں کسی اور سے شادی نہیں کر سکتیں۔

خاتون نے مطابق ملزم نے اسرار کیا کہ مجھے اپنے نام پر 80 لاکھ روپے کا بینک قرض لے کر دو جب میں نے انکار کیا تو اس نے دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔ اور جب اس سے اپنے12 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تواس نے ٹال مٹول شروع کردی۔

اسی دوران چنائی سے تعلق رکھنے والی ایک اور متاثرہ خاتون نے اس سے فون پر بات کی اور وہ بھی اس کی دھوکہ دہی کا شکار بن گئی جس کے بعد دوسری خاتون نے بھی پولیس کو شکایت درج کرائی۔

خواتین کی شکایت کے بعد پولیس نے ملزم کو پکڑنے کے لئے فلمی انداز میں جال بچھایا، متاثرہ خاتون نے بہانے سے ملزم کو چنائی سے بلایا اور پونے ائیرپورٹ سے باہر آتے ہی پولیس نے اسے گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف دو خواتین نے شکایت درج کرائی تھی ایک سے 14 لاکھ روپے اور دوسری سے 20 ہزار روپے اینٹھے تھے، اس کے علاوہ چنائی میں ایک خاتون کو دھوکہ دیا اور اس سے 98 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کی۔

اس کے علاوہ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 7 موبائل فونز  ، 13 سم کارڈ ، 4 اے ٹی ایم کارڈ ، 2 پین کارڈ ، 2 آدھار کارڈ  کے علاوہ 2 ڈرائیونگ لائسنس  برآمد کئے ہیں۔

شہبازشریف کی بریت سےمتعلق مسلم لیگ ن کا دعویٰ غلط ثابت

0

اسلام آباد: برطانوی عدالت کے آرڈر کی کاپی نے شہبازشریف کی بریت سےمتعلق مسلم لیگ ن کا دعویٰ غلط ثابت کردیا ، آرڈر میں شہبازشریف کانام اور بریت کاکوئی ذکر نہیں۔

تفصیلات کے مطابق شہبازشریف کی بریت سےمتعلق مسلم لیگ ن کا دعویٰ غلط ثابت ہوگیا ، اےآروائی نیوز نے سلیمان شہبازکے 2اکاؤنٹس پر برطانوی ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ عدالت کے آرڈر کی کاپی حاصل کرلی۔

برطانوی عدالت کےآرڈر میں شہبازشریف کانام اور بریت کاکوئی ذکر نہیں ، آرڈرمیں سلیمان شہباز کے برطانوی بینک کے منجمد 2اکاؤنٹس کی بحالی کا ذکر ہے۔

دوسری جانب مشیر داخلہ و احتساب شہزاداکبر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کے منی لانڈرنگ کیس میں بری ہونےکی خبریں چلائی گئیں، مجسٹریٹ عدالت لندن کا 2صفحات پرمختصر فیصلہ 10ستمبر کو آیا تھا ، ستمبر2019کو ذوالفقار احمد،سلیمان شہباز کے اکاؤنٹ منجمد کرنےکاحکم آیا۔

شہزاداکبر کا کہنا تھا کہ ایسٹ فریزنگ آرڈر نیشنل کرائم ایجنسی نے ممنوعہ ٹرانزکشن پر لیاتھا، یہ آرڈر دونوں پارٹیز کی رضامندی سے جاری ہوا تھا ، اس پورے آرڈر میں شہبازشریف کا نام نہیں تھا ، ایسٹ فریزنگ آرڈر ختم ہونے کو ایسے پیش کیاگیا کہ شہبازشریف بری ہوگئے۔

انھوں نے کہا کہ فیصلے میں شہبازشریف کے منی لانڈرنگ سے بری ہونے کاکوئی ذکرنہیں، شہبازشریف کیخلاف برطانیہ میں کوئی مقدمہ نہیں بنایاگیاتھا، میڈیا پر تاثر دیا گیا کہ شہبازشریف کو بریت ملی ہے۔

مشیر داخلہ و احتساب کا کہنا تھا کہ کل سے تاثر دیا جارہاہے کہ شہبازشریف سرخرو ہوگئے، پاکستان میں جومقدمات چل رہےہیں ان پر شہبازشریف سے پوچھا جاتاہے، ان ٹی ٹیزپر شہبازشریف سوالوں کے جواب آتے ہیں کہ میراان سے تعلق نہیں۔

اہم پیش رفت، عثمان مرزا کیس کا ٹرائل 2ماہ میں مکمل کرنے کا حکم، 3 ملزمان کی ضمانتیں خارج

0

اسلام آباد : اسلام ہائی کورٹ نے لڑکے لڑکی تشدد کیس میں 3شریک ملزمان کی ضمانتیں خارج کردیں اور کیس کا ٹرائل 2ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آبادہائیکورٹ میں لڑکے لڑکی تشدد کیس ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی ، دوران سماعت ایک اور پیش رفت سامنے آئی۔

عدالت نے 3شریک ملزمان کی ضمانتیں خارج کرتے ہوئے عثمان مرزا کیس کا ٹرائل 2ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا، ضمانتیں خارج ہونے والے ملزمان میں ادریس قیوم بٹ،حافظ عطا الرحمان،فرحان شاہین شامل ہیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی نےدرخواست ضمانت پردلائل کےبعدفیصلہ سنایا۔

اس سے قبل ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے لڑکے لڑکی تشدد کیس میں مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت سات ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا تھا۔

فرد جرم عائد ہونے والے دیگر ملزمان میں ریحان،عمر بلال ،محب بنگش،فرحان شاہین اور شریک ملزمان حافظ عطا الرحمن،ادریس قیوم بٹ شامل ہیں، فرد جرم کے بعد باقاعدہ ٹرائل شروع ہوگیا ہے اور استغاثہ سےشہادتیں طلب کرلیں گئیں۔

عدالت نے فرد جرم کی کاپیاں ملزمان کو فراہم کرتے ہوئے پراسیکیوشن کےگواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا اور گواہان کے بیانات قلمبند کرنے کے لیے گواہوں کو نوٹسز جاری کردیئے۔