ہوم بلاگ صفحہ 9930

سعودی عرب: نئی پابندی عائد!

0

ریاض: سعودی عرب کے اسکولوں میں موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت تعلیم نے اسکولوں میں موبائل فون کے استعمال پر مکمل پابندی لگادی ہے، انتظامیہ کو حکم پر عمل درآمد کرانے کے لیے ہدایات بھی جاری کردی گئیں۔

علاوہ ازیں اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نتعلم یحذر (احتیاط کے ساتھ تعلیم حاصل کریں) سروس سے توکلنا ویب پر طلبا اور اپنے عملے کا ہیلتھ اسٹیٹس بھی ہر روز چیک کریں۔

اسکول کے نئے طلبا یا کسی اور اسکول سے ٹرانسفر کیے گئے طلبا یا کورونا وائرس سے صحت یاب افراد سے توکلنا سسٹم میں صحت حالت کی اپ ڈیٹ طلب کی جائے۔

متعلقہ افراد توکلنا ایپ سے اسکول انتظامیہ کے موبائل پر اپنی صحت حالت کا پرنٹ ارسال کریں۔

وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ اسکول انتظامیہ ایسے طلبا کو جن کے صحت حالات موبائل ہمراہ رکھنے کے متقاضی ہوں انہیں موبائل پر پابندی سے استثنی دے سکتی ہے۔

مذکورہ بالا صورت میں طالب علم کو اپنا موبائل اسکول انتظامیہ کے پاس رکھوانا ہوگا۔

وزیر اعظم نے ٹیکس وصولی سے متعلق خوشخبری سنادی

0
وزیراعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جولائی اور اگست میں 850 ارب ٹیکس وصولی کی، یہ شرح گزشتہ سال کی نسبت 51 فیصد زیادہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس وصولی سے متعلق خوش خبری ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جولائی اور اگست میں 850 ارب ٹیکس وصولی کی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ شرح ٹیکس وصولی کے ہدف سے 23 فیصد اور گزشتہ سال کی نسبت 51 فیصد زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ رفتار سے ٹیکس کا سالانہ ہدف 5 ہزار 829 ارب آسانی سے حاصل کیا جا سکے گا۔

آج سے تین دن تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، محکمہ موسمیات

0

کراچی : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یکم سے 3 ستمبر کے دوران کراچی سمیت پورے سندھ میں بارشوں کا امکان ہے، اس دوران تیز رفتار ہوائیں بھی چلیں گی۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے سندھ بھر میں کل سے بارشیں شروع ہونے کی پیش گوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون ہوائیں آج رات سے سندھ میں داخل ہوں گی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون ہوائیں 45 تا 50 کلو میٹر کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران تھر پارکر، عمر کوٹ اور سانگھڑ سمیت دیگر اضلاع میں بارش کا امکان ہے، کراچی میں بھی یکم تا 3 ستمبر کے دوران ہلکی اور درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔

اس حوالے سے ڈائریکٹر میٹ کا کہنا ہے کہ بارشوں کا موجودہ اسپیل زیادہ ہیوی نہیں ہے، تاہم سندھ کے تمام اضلاع میں بارش ہوگی، کراچی، ٹھٹھہ، بدین، تھرپارکر میں تیزبارش ہوسکتی ہے۔

قاتل کا انوکھا اعتراف جرم : پولیس بھی حیران رہ گئی

0

ماسکو : روس میں ایک شخص نے جھگڑے کے بعد تین افراد کو گولیاں ماردیں وہ چاہتا تو موقع واردارت سے فرار بھی ہوسکتا تھالیکن اس نے پولیس کو ایک نئے انداز سے آگاہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق روس کے مشرقی علاقے کے جنگل میں ایک شخص نے شراب پی کر جھگڑے کے دوران تین افراد کو قتل کردیا اور جرم کا اعتراف کرنے کے لیے انوکھا طریقہ اپنایا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق روس میں سنگین جرائم کی تحقیق کرنے والی کمیٹی نے گزشتہ روز بتایا کہ اس شخص اور اس کے ایک جاننے والے نے چین کی سرحد کے قریب واقع علاقے خبرواسک میں ایک فارم میں شراب پینے کے دوران جھگڑا شروع کر دیا تھا۔

کمیٹی کے بیان میں مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا گیا ہے کہ اس شخص نے اس کے بعد اپنے جاننے والے ایک آدمی اور دو خواتین کو گولی مار دی تھی۔

فارم کے دور دراز مقام پر واقع ہونے اور وہاں تک ٹرانسپورٹ کی سہولیات کی کمی کی وجہ سے اس شخص کو اوخوتسک گاؤں  پہنچنے میں ایک ہفتہ لگا جہاں اس نے خود کو پولیس کے حوالے کیا اور بتایا کہ اس نے یہ جرائم کیے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ شخص جس کی شناخت ابھی نہیں ہوئی، اسے حراست میں لے لیا گیا ہے اور تفتیش کار اس فارم کی جانب روانہ ہو گئے ہیں جو ایکی گھنے جنگل میں گھرا ہوا ہے۔

خیال رہے کہ روس میں الکوحل مشروبات کے خلاف مہمات اور حکام کی جانب سے فروخت پر قابو پانے کے لیے جارحانہ اقدامات کے بعد چند برسوں سے شراب نوشی کم ہو رہی ہے لیکن اس پیش رفت کے باوجود شراب پینے کے دوران اس طرح کے واقعات عام ہیں۔

واضح رہے کہ چار برس قبل 2017 میں ماسکو کے شمال مغربی گاؤں میں ایک شخص نے شراب نوشی کے جھگڑے کے دوران نو افراد کو قتل کردیا تھا۔

امریکی صدرنے افغانستان سے انخلا کو بڑی کامیابی قرار دے دیا

0

واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ امریکا کی طویل ترین افغان جنگ کا خاتمہ ہوگیا، افغانستان میں داعش کی کمر توڑ دی لیکن افغانستان میں‌ دہشت گردوں‌ کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق افغانستان سے فوجی انخلا کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کابل سے فوجیوں، شہریوں کے خطرناک انخلا کا چیلنج پورا کیا، 30 ہزار افغان فوجیوں کو 20 سال میں تربیت دی، افغان جنگ کے خاتمے کا فیصلہ میں نے کیا، کابل کی سیکیورٹی کے لیے 6 ہزار امریکی فوجیوں کی تعیناتی کی منظوری دی۔

امریکی صدر نے کہا کہ 17 دن پہلے جب انخلا کا فیصلہ کیا تو حالات کا باریکی سے جائزہ لیا، داعش کے حملے میں ہلاک 13 امریکی فوجیوں کا کوئی نعم البدل نہیں، امریکی افواج کی افغانستان میں قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

جوبائیڈن نے کہا کہ امریکی فوج نے خطرناک مشن احسن طریقے سے پورا کیا، سلامتی کونسل نے بھی طالبان کو وعدے پورے کرنے کی تاکید کی، طالبان نے خود انخلا کے لیے محفوظ راستہ دینے کا وعدہ کیا تھا، افغانستان سے جو بھی جانا چاہے اسے اجازت ہو طالبان وعدہ پورا کریں، طالبان کے بیانات پر یقین نہیں ان کے عمل کو دیکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی شہری 100 سے 200 اب بھی افغانستان سے انخلا چاہتے ہیں، جو امریکی شہری افغانستان سے نکلنا چاہیں گے ان کی مدد کریں گے۔

امریکی صدر نے کہا کہ اندازہ نہیں تھا اشرف غنی افغانستان سے فرار ہوجائے گا، افغانستان سے انخلا کے فیصلے کی پوری ذمہ داری لیتا ہوں، افغانستان سے انخلا کا فیصلہ سول اور عسکری قیادت نے مشترکہ کیا تھا۔

کراچی لاک ڈاؤن کے خلاف تاجروں کا بھوک ہڑتال کا اعلان

0

کراچی: تاجروں کی نمائندہ تنظیم تاجر ایکشن کمیٹی نے لاک ڈاؤن کے خلاف بھوک ہڑتال کا اعلان کردیا۔

تاجر ایکشن کمیٹی کے رہنما شرجیل گوپلانی نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کے خلاف دو ستمبر کو بھوک ہڑتال کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ ضلع جنوبی میں 84 فیصد ویکسی نیشن ہوچکی ہے، اُس کے باوجود حکومت نے متعصبانہ فیصلہ کیا۔

رضوان عرفان نے کہا کہ کراچی تاجر ایکشن کمیٹی ایم اےجناح روڈ پر بھوک ہڑتال کرے گی۔

تاجر رہنماؤں نے حکومت سندھ سے رات دس بجے تک کاروبار کی اجازت دینے اور اندرون سندھ کی طرح کراچی میں بھی ایک دن تجارتی و کاروباری مراکز بند رکھنے کا مطالبہ کیا۔

ریسٹورنٹس ایسو سی ایشن کے رہنما وقاص عظیم نے کہا کہ حکومت سندھ ہوٹلوں میں ان ڈور ڈائننگ کی اجازت دے جبکہ شادی ہالز ایسوسی ایشن کے چیئرمین رانا رئیس نے ان ڈور شادیوں کی اجازت دینے کا مطالبہ بھی کیا۔

مزید پڑھیں: سندھ میں تجارتی سرگرمیوں اور ریستورانوں کے حوالے سے نیا حکم نامہ جاری

واضح رہے کہ 29 اگست کو کرونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں حیدرآباد اور کراچی کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

محکمہ داخلہ سندھ نے کرونا وائرس ایس او پیز سے متعلق نیا حکم نامہ جاری کیا، جس کے مطابق کراچی اور حیدر آباد میں تجارتی سرگرمیاں رات 8 بجے تک جاری رکھنے کی اجازت دی گئی جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں مارکیٹ اور کاروبار رات 10 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی۔

نوٹی فکیشن میں بتایا تھا کہ بنیادی اشیائے ضروریہ، ادویات اور ویکسی نیشن سینٹرز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔  صوبے بھر کے سی این جی اسٹیشنز ہفتے کے ساتوں روز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔ کراچی میں جمعہ اور اتوار کو کاروبار مکمل بند رہے گا جبکہ حیدر آباد میں کاروبار جمعہ اور ہفتے کے روز بند رہے گا۔

’پھٹے ہوئے سویٹر‘ کی قیمت آپ کے ہوش اُڑا دے گی

0

سردی سے بچنے کے لیے سویٹر تو سب ہی لوگ زیب تن کرتے ہیں لیکن کیا آپ نے کبھی پھٹا ہوا سویٹر پہنا ہے یقیناً آپ کا جواب نفی میں ہی ہوگا۔

لیکن اٹلی میں مہنگے کپڑے بنانے والی ایک کمپنی نے پھٹے ہوئے سویٹر پیش کردئیے جن کی قیمت 1450 ڈالر یعنی ڈھائی لاکھ پاکستانی روپے کے قریب ہے۔

بیلنسیاگا نامی کمپنی کے تیار کردہ سویٹروں کو دیکھ کر لگتا ہے جیسے وہ بہت پرانے ہوں، انہیں چوہوں نے جگہ جگہ سے کتر دیا ہو اور وہ جگہ جگہ سے ادھڑے ہوئے ہیں۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ سویٹر آرام دہ ہیں جنہٰں بھیڑوں سے پہلی بار اتاری گئی خالص اُون سے تیار کیا گیا ہے۔

پچھلے سال بھی اٹلی کے مشہور برانڈ ’’گوچی‘‘ نے ’’غمزدہ جینز‘‘ پیش کی تھی جس کی قیمت سوا لاکھ روپے سے زیادہ تھی۔

ان پھٹے ہوئے مہنگے سویٹروں کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کی جارہی ہے۔

ان صارف نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ بیوقوف نہیں بناسکتے یہ سویٹر آثار قدیمہ ہیں جو کھدائی کے دوران برآمد ہوئے ہیں اور آپ نے ان کی قیمت 1450 ڈالر رکھ دی۔

منشیات فروشوں کی سرپرستی کرنے والے کالی بھیڑوں کی فہرست تیار

0

کراچی: شہر قائد میں 363 منشیات کے اڈے چلانے والے 100 سے زائد افسران و اہلکاروں کی فہرست تیار ہوگئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اسپیشل برانچ پولیس نے منشیات فروشوں کی سرپرستی کرنے والے محکمے کی کالی بھیڑوں کی فہرست تیار کرلی ہے، جس کے مطابق کراچی میں 363 منشیات کے اڈے چلائے جارہے ہیں۔

رپورٹ  کے مطابق منشیات کے دھندے میں 100سے زائد افسران و  اہلکار ملوث ہیں، مذکورہ افسران اور اہلکار آنکھیں بند کرنے اور کارروائی نہ کرنے کے عوض بھاری رقم لیا کرتے تھے۔

اسپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق ہیروئن، افیون، آئس سمیت دیگر خطرناک نشہ آور اشیا سب  پولیس کی سرپرستی میں فروخت کی جاتی ہیں،  منشیات فروشی کے عوض پولیس افسران اور اہلکاروں کو باقاعدگی سے بھتہ دیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق سٹی میں42، کورنگی میں15، ایسٹ میں20،  ملیر میں4، سینٹرل میں169 منشیات کے اڈوں سے بھتہ لیاجاتا ہے، اسی طرح  ضلع جنوبی میں28، ویسٹ میں منشیات کے87 اڈےچلوانے کیلئے بھتہ لیاجاتا۔

مزید پڑھیں: منشیات فروشوں سے آہنی ہاتھوں‌ سے نمٹنا ہوگا، آرمی چیف

اسپیشل برانچ کے افسران نے رپورٹ مرتب  آئی جی سندھ کو ارسال کردی ہے، جس میں ایس ایچ اوز، پولیس اہلکاروں سمیت ڈی ایس پیز کے نام بھی شامل ہیں، اس رپورٹ  میں100سےزائدافسران اور اہلکاروں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

دوسری جانب ملیرمیں منشیات فروشوں کی سرپرستی کرنے والوں کےخلاف ایکشن لیتے ہوئے 2 اے ایس آئی، ہیڈ کانسٹیبل سمیت 8 پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق اسپیشل برانچ کی جاری کردہ لسٹ میں سب انسپکٹرز،انسپکٹرز،اور ڈی ایس پیز کے نام آنے پر زونل پولیس حکام سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں کیونکہ اس رپورٹ کی وجہ سے وہ خود بڑی مشکل میں پھنس گئے ہیں۔

’میں اُڑا‘ علی ظفر کی تصاویر وائرل

0

پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

معروف پاکستانی گلوکار علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی تصاویر شیئر کی جس میں انہیں ہاتھ میں گریٹار تھامے دیکھا جاسکتا ہے کہ جبکہ عقب میں طیارے بھی موجود ہیں۔

علی ظفر نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں ’میں اُڑا‘ اور ’کمنگ سون‘ لکھا اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ گلوکار کا نیا گانا آنے والا ہے۔

مداحوں کی جانب سے علی ظفر کی تصاویر کو خوب سراہا جارہا ہے۔

علی ظفر کے مداح بھی اپنی طرف سے یہی اندازہ لگا رہے ہیں کہ شاید ان کا نیا گانا 6 ستمبر یوم دفاع کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔

گلوکار نے مزید تفصیلات تو نہیں بتائیں اب جب ان کا یہ گانا منظر عام پر آئے گا تب ہی کچھ علم ہوسکے گا۔

کیا دی راک رومن رینز کو ’ریسل مینیا 38‘ میں پچھاڑیں گے؟

0

لاس اینجلس: ہالی ووڈ اسٹار اور سابق ڈبلیو ڈبلیو ای معروف ریسلر دی راک اور رومن رینز کے مقابلے سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکا کی ریاست ڈیلاس میں ریسل مینیا 38 میں ہونے والا دی راک اور رومن رینز کا مقابلہ ہونے کا امکانات ختم ہوگئے، اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ دونوں ریسلر یونیورسٹل ٹائٹل کے لیے ریسل مینیا 38 میں مدمقابل آئیں گے۔

خیال کیا جارہا تھا کہ رومن رینز اور دی راک کا مقابلہ 2023 میں لاس اینجلس میں ہونے والے ریسل مینیا 39 میں ہوگا لیکن اب خبریں سامنے آئی ہیں مقابلے کے امکانات کم ہیں کیونکہ ریسلنگ کا انعقاد راک کے شیڈول پر منحصر ہوگا۔

گزشتہ روز ریسلنگ آبزرور ریڈیو کے دوران ڈیو میلٹزر نے دی راک کے بارے میں گفتگو کی اور کہا کہ شائقین انہیں دوبارہ رنگ میں دیکھنے کے لیے زیادہ انتظار کرنا پڑسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: بروک لیسنر کی رنگ میں واپسی، ہوش کس کے اُڑے؟

میلٹزر نے کہا کہ سمر سلیم کے آخری لمحات میں بروک لیسنر کی انٹری یہ گمان ہوتا ہے کہ لیسنر کا مقابلہ رومن رینز سے اگلے سال ریسل مینیا میں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ دی راک کی عدم شرکت کے باعث لیسنر کو واپس لایا گیا ہے اور رومن رینز کا مقابلہ ریسل مینیا میں بروک لیسنر سے کروایا جائے گا۔

میلٹزر نے مزید کہا کہ رنگ میں واپسی اب دی راک پر ہی منحصر ہے کہ کب وہ رنگ میں اترنا چاہتے ہیں اور کب انہیں اپنے شیڈول سے فرصت ملتی ہے تبھی وہ رومن رینز سے مقابلہ کرسکیں گے۔