راولپنڈی:اڈیالہ جیل کی سیکیورٹی فوج اوررینجرزکےحوالے کردی گئی، فوج اور رینجرز کے 200جوان جیل سیکیورٹی پر تعینات کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر اڈیالہ جیل کی سیکیورٹی پاک فوج اور رینجرز کے حوالے کر دی گئی، جیل میں قید دہشت گردوں اور قیدیوں کی سیکیورٹی کے لیے فوج اور رینجرز کے 200 جوان تعینات کیے گئے ہیں۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل سیکیورٹی کی مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے، کنٹرول روم پولیس، رینجرزاور پاک فوج کے جوانوں پرمشتمل ہوگا جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں سے جیل کے اطراف3کلومیٹر تک نگرانی کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق جیل میں قید دہشت گردوں کے لیے الگ بیرک قائم کرتے ہوئے ان کی نقل و حرکت پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے، جیل میں کسی بھی ہنگامی صورتحال پر پندرہ منٹ میں فضائی مدد حاصل کی جا سکے گی۔
مزید پڑھیں : کراچی : سینٹرل جیل کےاطراف پولیس کاکومبنگ آپریشن‘30افرادگرفتار
دوسری جانب دہشت گردی کے خطرات سے بچنے کے لیے جیل حکام کی جانب سے اڈیالہ جیل کے اطراف میں سرچ آپریشن کے لیے بھی پولیس کے 50 سے زائد جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے جو جدید اسلحے سے لیس ہیں۔