کراچی: صحرائے تھر میں قحط کی صورتحال برقرار ہے۔ تھری عوام کو امداد فراہم کرنے کے لیے پاک فوج کی جانب سے میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھر میں قحط کی صورتحال تاحال برقرار ہے جس کی وجہ سے اموات اور وبائی امراض کا سلسلہ طول پکڑ گیا ہے۔ سردیاں ختم ہوتے ہی تھر میں وبائی امراض بھی پھوٹ پڑے۔
بھوک اور پیاس سے بے حال تھری باشندوں نے نقل مکانی بھی شروع کردی ہے۔ تھر میں قائم اسپتال حکومتی عدم توجہی کے باعث سنسان پڑے ہیں جبکہ ادویات ناپید ہیں۔
اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج نے تھر کے متاثرہ گاؤں واؤڑی دورا میں میڈیکل کیمپ قائم کیا ہے۔ کیمپ کے تحت غذائی قلت کا شکار متاثرین کو طبی امداد اور دوائیں فراہم کی گئیں۔
بیمار افراد کو میڈیکل کیمپ تک لانے اور لے جانے کے لیے بلا معاوضہ ٹرانسپورٹ سروس کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ میڈیکل کیمپ میں جدید سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی تھر میں قحط کی صورتحال پیش آنے کے بعد پاک فوج کی جانب سے امدادی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں تھی جس کے تحت راشن، پانی اور طبی امداد فراہم کی گئی۔