کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم کے والد بھی قومی ٹیم کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں۔
والد محمد اعظم صدیق کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے خلاف قومی ٹیم آج بھی کامیاب ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم اور پوری ٹیم کی کامیابی کے لیے دعا گو ہوں پوری ٹیم اس وقت اچھا پرفارم کررہی ہے بابر اعظم ہی نہیں بلکہ پوری ٹیم کی کامیابی کے لیے دعاہے۔
بڑے ایونٹ کے بڑے مقابلے میں آج ناقابل شکست پاکستان اور آسٹریلیا مد مقابل ہوں گے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔
پاکستان حالیہ ورلڈکپ میں اپنے دو میچز اسی گراؤنڈ میں کھیل چکا ہے، پاکستان ٹیم متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر مسلسل 16 میچز میں ناقابل شکست ہے۔
گرین شرٹس کو 2016ء سے اب تک اس میدان پر کسی ٹی 20 میں شکست نہیں ہوئی تاہم اس بار میچ آئی سی سی ورلڈ کپ کا ناک آؤٹ معرکہ ہے اور آئی سی سی ایونٹ کے ناک آؤٹ مقابلوں میں پاکستان کا کینگروز کے خلاف ریکارڈ کوئی حوصلہ افزا نہیں۔
میڈیکل پینل نے تفصیلی معائنے کے بعد شعیب ملک اور محمد رضوان کو مکمل فٹ قرار دیتے ہوئے انہیں آج کا میچ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔
بھارت کے خلاف فتح کے اہم کردار محمد رضوان اور نمیبیا کے خلاف ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین نصف سینچری کا اعزاز پانے والے شعیب ملک کے مکمل فٹ ہونے کے بعد گرین شرٹس ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہنے والے اسکواڈ کے ساتھ میدان میں اترے گا۔