سابق کرکٹر کامران اکمل نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنے اور بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے حکومتی فیصلے کی حمایت کی ہے۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ حکومت پاکستان نے جو فیصلہ لیا اسے مکمل سپورٹ کرتے ہیں پاکستان نے ہمیشہ ہاتھ آگے بڑھایا مگر بی سی سی آئی نے کبھی ایسا نہیں کیا۔
کامران اکمل نے کہا کہ ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم کا ہاتھ نہ ملانا اور ٹاس کے وقت جو رویہ رکھا وہ سامنے ہے، بی سی سی آئی اپنا رویہ درست کرلے ورنہ باقی بورڈ بھی ایسا رویہ اپنا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی اور بی سی سی آئی اس خبر سے مشکل میں پڑ گئی ہو گی، پاکستان کے بھارت کیخلاف میچ کے بائیکاٹ کی خبر سے براڈکاسٹرز کی نیندیں اڑ گئی ہوں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی وجہ سے ایشیا کپ میں کرکٹ اسپرٹ کو نقصان پہنچایا گیا، کرکٹ کو اپنی مرضی سے نہیں چلایا جاسکتا، آئی سی سی کو اقدام اٹھانا پڑے گا، پاکستان کا بھارت سے میچ نہ کھیلنا آئی سی سی اور براڈ کاسٹرز کیلئے ٹھیک نہیں ہو گا آئی سی سی اب ضرور پی سی بی سے بات کرے گی۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


