لاہور: پاک بھارت عسکری حکام کےدرمیان فلیگ میٹنگ کا انعقاد ہوا، ملاقات نو ستمبر کو ہونے والی میٹنگ کا طریقہ کار طے کرنے لیے ہوئی ۔
کشمیری حریت رہنماؤں کی پاکستان کے سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کے معاملے پر مذاکرات کی دھجیاں اڑانے کے بعد اب پاک بھارت عسکری حکام کےدرمیان فلیگ میٹنگ ہوئی، رینجرز ذرائع کے مطابق واہگہ بارڈر پر ہونے والی یہ ملاقات نو ستمبر کو ہونے والی میٹنگ کا طریقہ کار طے کرنے لیے ہوئی ۔
پاکستان اور بھارت کے سرحدی حکام کے سربراہان کے درمیان مذاکرات 9ستمبر سے نئی دہلی میں ہوں گے ، رینجرز حکام کے مطابق مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل رینجرز میجر جنرل عمر فاروق برکی کریں گے جبکہ بھارت کی نمائندگی انسپکٹر جنرل بارڈر سکیورٹی فورس انیل پلیوال کی سربراہی میں وفد کرے گا، یہ مذاکرات 13ستمبر تک نئی دہلی میں جاری رہیں گے۔
رینجرز حکام کے مطابق ان مذاکرات کے طریق کار اور تفصیلات کے تعین کیلئے ایک فلیگ میٹنگ واہگہ بارڈر پر منعقد ہوئی ، جس میں رینجرز اور بی ایس ایف کے نمائندوں نے شرکت کی ، ذرائع کے مطابق سرحدی حکام کے مابین مذاکرات میں بھارت کی لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بڑھتی ہوئی اشتعال انگیزیوں اور اس کے نتیجے میں پاکستان کی شہری آبادی اور املاک کو پہنچنے والے نقصان کے واقعات پر احتجاج بھی کیا جائے گا اور ان کے سدباب کا مطالبہ پیش کیا جائے گا۔
رینجرز حکام کے مطابق دونوں ممالک کے سرحدی فورسز کے سربراھان 1961ء کے گراؤنڈ رولز کے تحت سال میں دو بار اس سطح پر ملاقاتیں کرکے بات چیت کرتے ہیں۔