منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

پاک بھارت سیریز: شاہد آفریدی کا بیان سامنے آگیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پاکستان اور بھارت کے مابین ٹی 20 سیریز کی خبریں سامنے آنے کے بعد سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ اسپورٹس ہی ایک ایسی چیز ہے جو دونوں ممالک کے مابین تلخیوں کو دور کرسکتی ہے۔

گزشتہ روز خبریں گردش کررہی تھیں کہ پاکستان اور بھارت کے مابین ٹی ٹوینٹی سیریز کھیلی جائے گی تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور نہ ہی بی سی سی آئی نے اس حوالے سے کوئی وضاحت جاری کی ہے۔

شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین کرکٹ سیریز دونوں ممالک کے تعلقات کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

- Advertisement -

سابق کپتان نے کہا کہ کھیل اور سیاست کو ہمیشہ الگ الگ ہی رکھنا چاہیے، کرکٹ ہی ایک بڑا ذریعہ ہے جس سے دونوں ممالک کے تعلقات اچھے ہوسکتے ہیں۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ جس طرح بھارتی کرکٹرز پاکستان آکر کرکٹ انجوائے کرتے ہیں ٹھیک اسی طرح پاکستانی کرکٹرز بھی بھارت میں کھیل کر لطف اندوز ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بحال کرنا چاہیں تو کرکٹ اس کا بہترین ذریعہ ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز خبریں گردش کررہی تھیں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز ہوسکتی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے آخری سیریز 13-2012 میں بھارت میں جاکر کھیلی تھی، ٹی ٹوینٹی سیریز 1-1 سے برابر رہی تھی جبکہ ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم نے 2-1 سے کامیابی حاصل کی تھی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں