کراچی : پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکا اللہ نے کہا ہے کہ ہم ایک باہمت اور پرعزم فورس ہیں، پاکستان نیوی میری ٹائم سیکیورٹی ہر قسم کے چیلنجزسے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ذکا اللہ نے ساتویں بین الاقوامی میری ٹائم کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس کے ذریعے میری ٹائم کو درپیش مسائل پر بات کرنے کا موقع ملے گا، خطے میں مسلسل تذویراتی تبدیلیاں ہورہی ہیں، تذویراتی تبدیلیوں کےدوران میری ٹائم سیکیورٹی کی ضرورت بڑھ جاتی ہے۔
سربراہ پاک بحریہ نے کہا کہ پاکستان سمیت کوئی بھی ملک ان خطرات سے اکیلا نبردآزما نہیں ہوسکتا ہے، اسی لئے پاکستان نیوی سمندری حدود کی حفاظت کے لئے دیگرممالک کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔
نیول چیف نے توقع کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ کانفرنس بامقصد اور نتیجہ خیز ثابت ہوگی، تجارت کے فروغ کے حوالے سے دنیا بھرکی نظریں سمندری راستوں کی سیکیورٹی پر مرکوز ہیں کیونکہ سمندری راستوں کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر خطرات موجود ہیں.
ایڈمرل ذکا اللہ کا مزید کہنا تھا کہ ایک پرعزم اور باہمت فورس ہونے کے ناطے پاک بحریہ میری ٹائم سیکیورٹی ملک کے دفاع کے لئے ہر قسم کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ سمندری راستوں کو محفوظ بنا کر معیشت کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے، اسی لئے پاکستان کی اقتصادی صورت حال بہتر بنانے کی خاطر سی پیک اور گوادرکی حفاظت کیلئے خصوصی فورس تشکیل دی ہے تاکہ پاکستان کی معاشی صورتحال پر مثبت اثرات مرتب ہو اور پاکستان کے لئے ترقی کے دروازے کھولیں۔
مزید پڑھیں:پاک بحریہ کی امن مشقیں 2017 کا آغاز
واضح رہے کہ گذشتہ روز ملکی تاریخ کی سب سے بڑی پاک بحریہ کی مشترکہ امن مشقوں کا آغاز کیا گیا ، جس میں روس، امریکہ سمیت چھتیس ممالک نے شرکت کی۔