راولپنڈی (24 جنوری 2026): انسانی ہمدردی کے آپریشن میں پاک بحریہ کے جہازوں تبوک اور معاون نے کھلے سمندر میں انڈونیشیائی پرچم بردار بحری جہاز ایم وی گرے پام پر موجود ایک سری لنکن شہری کا کامیاب طبی انخلا کیا جسے فوری طبی امداد کی ضرورت تھی۔
پاکستان کی مسلح افواج کے میڈیا ونگ آئی ایس پی ار کے مطابق یہ ریسکیو آپریشن سری لنکن میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سینٹر (MRCC) کی جانب سے موصول ہونے والی ایک ہنگامی درخواست پر شروع کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بحریہ کے فلوٹیلا کا عمان کی بندرگاہ سلطان قابوس مسقط کا دورہ
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں پاکستان کے ساحل سے تقریباً 800 ناٹیکل میل (تقریبا 1500 کلومیٹر) کے فاصلے پر موجود تجارتی جہاز گرے پام کے عملے کے ایک رکن کی تشویشناک حالت کے پیشِ نظر فوری طبی امداد کی اپیل کی گئی تھی۔
پاک بحریہ نے اطلاع ملتے ہی فوری طور پر اپنے جہاز روانہ کیے اور بیمار رکن کو بحفاظت نکال لیا۔ بعد ازاں، مریض کو فوری طور پر پاک بحریہ کے جہاز تبوک پر ضروری طبی امداد فراہم کی گئی۔
سری لنکن حکام اور متاثرہ فرد کے اہل خانہ نے اس فوری ردعمل اور تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ کامیاب طبی انخلاء پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور قومیت سے بالاتر ہو کر سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ کیلیے دیرینہ عزم کا ایک اور منہ بولتا ثبوت ہے۔
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں


