راولپنڈی (5 مئی 2026): پاک بحریہ نے بین الاقوامی بحری ذمہ داریوں اور سمندر میں ہنگامی امداد کیلیے ہمہ وقت تیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بحیرہ عرب میں تجارتی بحری جہاز ایم وی گوتم کی جانب سے موصول ہونے والی ایمرجنسی کال پر فوری کارروائی کی۔
آئی ایس پی آر نے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ مطابق ہنگامی صورتحال کے پیش نظر میری ٹائم ریسکیو اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (MRCC) ممبئی نے پاکستانی حکام سے ہنگامی امداد کیلیے رابطہ کیا، اطلاع موصول ہوتے ہی پاک بحریہ نے پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے تعاون سے فوری اور مربوط آپریشن کا آغاز کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بحریہ کا مقامی طور پر تیار کردہ کروز میزائل ‘تیمور’ کا کامیاب تجربہ
بیان میں بتایا گیا کہ مناسب حکمت عملی اپناتے ہوئے پاک بحریہ نے پی ایم ایس اے کے جہاز کشمیر کی فوری تعیناتی کو یقینی بنایا، پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے جہاز کشمیر نے متاثرہ جہاز کو بروقت امداد فراہم کرتے ہوئے عملے کیلیے خوراک اور دیگر ضروری سامان کی فراہمی کے علاوہ جہاز کے سسٹمز کو بحال کرنے میں تکنیکی معاونت بھی فراہم کی۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ پاک بحریہ کا یہ فوری اور مؤثر آپریشن سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ اور قومیت سے بالاتر ہو کر انسانی ہمدردی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کو نبھانے کے پختہ عزم کا عکاس ہے۔
یہ آپریشن پاک بحریہ کے ایک ذمہ دار اور باصلاحیت بحری قوت ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاک بحریہ اپنی ذمہ داری کے دائرہ کار میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلیے ہمہ وقت تیار ہے۔
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں


