کراچی : پاک بحریہ میں گزشتہ روز ہائیڈرو گرافی کا عالمی دن منایا گیا، ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ ہائیڈرو گرافک سرگرمیاں قومی معیشت میں پائیدار اضافے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ نے عالمی دن برائے ہائیڈروگرافی جوش اور اس عزم کے ساتھ منایا کہ بلو اکانومی اور قومی ترقی میں اس کے کردار کو اجاگر کیا جائے، ہر سال دنیا بھر میں عالمی دن برائے ہائیڈروگرافی21جون کو منایا جاتا ہے ۔
اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر کی توجہ ہائیڈروگرافی کی اہمیت کی طرف مر کوز کروانا اور دنیا بھر میں کھلے سمندروں، بندرگاہوں اور دیگر محفوظ سمندری علاقوں میں محفوظ نیوی گیشن سے متعلق کیے گئے کاموں کو سراہنا ہے۔
اس سال ہائیڈرو گرافی کے دن کے لئے منتخب کردہ موضوع”Hydrographic Information Driving Marine Knowledge ” ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاک بحریہ محفوظ جہاز رانی کو یقینی بنانے اور میر ی ٹائم سیکٹر میں معاشی سر گرمیوں میں اضافے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے ۔
بحری وسائل کی تلاش کے ضمن میں ہائیڈرو گرافک سرگرمیوں کی افادیت ایک عالمی مسلمہ حقیقت ہے، پاکستان نیوی ہائیڈرو گرافک ڈیپارٹمنٹ مطلوبہ سمندری معلومات اور ڈیجیٹل چارٹس فراہم کرتا ہے تا کہ پاکستانی بحری خطے کو جہاز رانی کے لیے محفوظ بنایا جائے۔