کراچی: پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں ہونے والے مال گاڑی کے حادثے کے بعد ملک بھر میں ریلوے کا نظام درہم برہم ہوگیا، ریلوے افسران کا کہنا ہے کہ صورتحال ٹھیک ہونے میں وقت لگے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے قریب مال گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے بعد ٹریک کو بند کردیا گیا، ٹریک بند ہونے کی وجہ سے ملک بھر میں ریلوے کا نظام مفلوج ہوگیا اور مسافروں کا انتظار کر کر کے برا حال ہوگیا۔
کراچی کینٹ اسٹیشن سے اپنی منزل کو جانے والےمسافروں کا انتظار کر کر کے برا حال ہوگیا، مسافر پلیٹ فارم پر بیٹھ کر ہی اپنی گاڑیوں کا انتظار کررہے ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے ٹرینوں کاشیڈول ٹھیک ہونے میں ٹائم لگےگا۔
کراچی میں ٹرینیں چھ سے آٹھ گھنٹے تاخیرکاشکار ہوئیں، مسافروں نے شکوہ کیا ہے کہ انتظامیہ ان کے ساتھ تعاون نہیں کررہی اور نہ ہی درست وقت بتایا جارہا ہے۔
لاہور کے اسٹیشن پر بھی آمد و رفت میں تاخیر کی وجہ سے مسافروں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی، اپنی گاڑی کا انتظار کرنے والے مسافروں کو آگاہی فراہم کرنے والا ریلوے کا عملہ بھی غائب ہوگیا۔ کراچی اور لاہور کی طرح فیصل آباد میں بھی ریلوے کی آمد و رفت کا شیڈول بری طرح سے متاثر ہوا۔ ٹرینوں کی آمد کے انتظار میں بچوں، بزرگوں نے پوری رات پلیٹ فارم پر گزاری۔
ریلوے حکام کے مطابق متاثرہ ٹریک کو بحال کردیا گیا۔ ٹریک کی بحالی کے باوجود پاکستان ایکسپریس کراچی کینٹ اسٹیشن 19 گھنٹے تاخیر سے پہنچی۔