جمعہ, جولائی 17, 2026
اشتہار

پاک امریکا تعلقات نئی بلندیوں پر ، دنیا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کامیاب ڈپلومیسی کی معترف

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پاک امریکا تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ گئے جبکہ دنیا فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی کامیاب ڈپلومیسی کی معترف نظر آئی۔

تفصیلات کے مطابق سول و عسکری قیادت کی مؤثر حکمتِ عملی اور کامیاب سفارت کاری کے نتیجے میں پاک امریکا تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ ایران امریکا جنگ بندی اور خطے کے دیگر اہم معاملات میں فعال کردار کے باعث پاکستان عالمی منظرنامے میں ایک معتبر طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے۔

امریکی جریدے "فارن پالیسی” نے اپنی حالیہ رپورٹ میں پاکستان کی سفارتی کامیابیوں اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی بین الاقوامی ڈپلومیسی کا تفصیلی احاطہ کیا ہے۔

معروف امریکی جریدے نے پاکستان کی بدلتی ہوئی سفارتی پوزیشن پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ صرف دو سال پہلے تک بھی امریکا اور ایران کے درمیان امن مذاکرات میں پاکستان کا ایسا کلیدی کردار ناقابلِ تصور تھا، لیکن اب پاکستان نے ایران، امریکا، چین اور خطے کی دیگر بڑی طاقتوں کے درمیان اپنی جغرافیائی حکمتِ عملی کی صلاحیت کو لوہا منوایا ہے۔

جنرل سید عاصم منیر نے واشنگٹن میں پاکستان کی ساکھ کو مضبوط اور سفارتی حیثیت کو انتہائی مؤثر بنایا ہے، وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے روابط اور ایران ثالثی سمیت پاکستان کی سفارتی حکمتِ عملی کے مرکزی کردار بن کر ابھرے ہیں۔

جریدے کے مطابق عسکری قیادت نے خود کو طاقت کے مرکز کے طور پر منوایا ہے، اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں "میرا پسندیدہ جنرل” قرار دیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی قیادت نے پاک بھارت جنگ بندی میں پیشرفت کا کریڈٹ ٹرمپ کو دے کر اعلیٰ سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کیا، جس سے تعلقات میں مزید گرم جوشی آئی۔

سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کے حساس ترین معاملے میں جنرل عاصم منیر نے خود امریکی صدر ٹرمپ اور دیگر عالمی رہنماؤں سے رابطوں پر مشتمل ایک وسیع سفارتی مہم کی قیادت کی، عسکری قیادت کی اسی منظم اور مربوط حکمتِ عملی کے نتیجے میں پاکستان کی سفارتی پوزیشن میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اور عالمی سطح پر اس کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم ہوا ہے۔

بین الاقوامی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ عسکری قیادت کی فیصلہ سازی واضح وژن اور مضبوط سمت پر مبنی ہے، جس نے پاکستان کی ریاستی ترجیحات کو زیادہ مربوط اور عالمی سطح پر مؤثر بنایا ہے، دنیا اس وقت پاکستان کی کامیاب ڈپلومیسی کا اعتراف کر رہی ہے، جس نے ملک کو عالمی سفارت کاری کے اہم ترین فورمز پر فرنٹ سیٹ پر لا کھڑا کیا ہے۔

اہم ترین

لئیق الرحمن
لئیق الرحمن
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں

مزید خبریں