تازہ ترین

پاکستان کو آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر قرض پروگرام کی توقع

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ...

اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ

امریکی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آرہا...

روس نے فلسطین کو اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دینے کی حمایت کردی

اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا غزہ کی صورتحال کے...

پاکستان کرکٹ ٹیم نے تاریخ رقم کردی!

بابر خان کا بلاگ: پاکستان کرکٹ ٹیم نے تاریخ رقم کردی۔ بابر اعظم کی کپتانی میں قومی ٹیم نے وہ کر دکھایا جو پاکستان کی 75 سالہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں کسی ٹیم نے نہیں کیا تھا۔

رمیز راجہ کی دور اندیشی اور بابر اعظم کی شاندار کپتانی نے ٹیسٹ کرکٹ میں قومی ٹیم کو پہلی بار ہوم گراونڈ پر وائٹ واش کا موقع دیا جو یقیناً ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ ایسا کرنے کے لئے بابر اعظم اور ٹیم منیجمنٹ نے کتنی سوچ بچار کی ہوگی کتنے منصوبے بنائیں ہوں گے آپ سوچ بھی نہیں سکتے۔ ایسا کارنامہ جو پاکستان کے بڑے بڑے کپتان نہیں کرسکے۔ عبدالحٖفیظ کاردار ہوں یا آصف اقبال، عمران خان جیسے عظیم لیڈر ہوں یا انضمام الحق اور تو اور مصباح الحق کو ٹیسٹ کرکٹ کے سب سے کامیاب کپتان مانا جاتا ہے وہ بھی کبھی ٹیسٹ کرکٹ میں ہوم گراونڈ پر وائٹ واش نہ ہوسکے۔ لیکن یہ اعزاز بابر اعظم کے حصہ میں آیا۔ کیوں کہ وہ دوست بہت اچھے ہیں۔ دوست بھی وہ جو اپنے سے بہتر کو دیکھ کر ان سیکیور محسوس کرے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Pakistan Cricket (@therealpcb)

ہر بار میچ ہارنے کے بعد بابر کہتے ہیں ہم نے شکست سے بہت کچھ سیکھا ۔ اب تک جیتنی سیریز اور میچز ہارنے سے بابر نے جوکچھ سیکھا ان تمام تجربات کو یکجا کرکے انہوں نے اس وائٹ واش شکست کو گلے لگایا ۔ وائٹ واش تو اپنی جگہ قومی ٹیم اتنے عرصے سے ٹیسٹ کرکٹ کھیل رہی ہے کبھی ہوم گراونڈ پر مسلسل 4 ٹیسٹ نہیں ہاری تھی لیکن بابر تو عظیم کپتان ہیں انہوں نے یہ اعزاز بھی چٹکی بجاتے ہیں پاکستان کے نام کرادیا۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی کبھی قومی ٹیم کے لئے مضبوط قلعہ ہوا کرتا تھا۔ پاکستان نے نیشنل اسٹیڈیم میں 46 ٹیسٹ میچز کھیلے اور 23 میں کامیابی حاصل کی۔ 19 میچز ڈرا ہوئے۔ ایک میچ منسوخ ہوگیا۔ صرف 3 میچز میں قومی ٹیم کو شکست ہوئی۔ آخری مرتبہ 2007 میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو نیشنل اسٹیڈیم میں شکست دی تھی۔ یہ بابر اعظم ہی تھے جنہوں نے پورے 15 سال بعد قومی ٹیم کو اس قابل کیا کہ وہ اپنے مضبوط قلعے میں بھی آسانی سے زیر ہوسکے۔

اس شاندار کارکردگی پر ماہرین کہتے ہیں بابر اعظم کے کیرئیر پر داغ لگ گیا ہے۔ لیکن بابر اعظم کہتے ہیں داغ تو اچھے ہوتے ہیں۔ کوئی بھی سیریز ہارنے کے بعد سب سے مزے کی کوچ اور کپتان کی پریس کانفرنس دیکھنے والی ہوتی ہے۔ آج بابر اعظم نے بہت بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے شکست کے ذمہ داری قبول کی۔ لیکن مزے کی بات اس پر ان سے کوئی پوچھ نہیں ہوگی۔ اگر ہم ایک چھوٹے سے دفتر میں بھی کام کریں تو پہلی غلطی پر تنبیہ دوسری پر ڈانٹ اور تیسری غلطی پر شوکاز نوٹس مل جاتا ہے۔ لیکن قومی ٹیم میں اپنی مان مانی کرتے رہیں جسے دل چاہے ٹیم میں جگہ دیں اور جب نتیجہ خراب ہوجائے تو ہم نے شکست سے بہت کچھ سیکھا کا بیان دے کر اگے چلتے بنیں۔

پریس کانفرنس میں بابر سے سوال ہوا محمد رضوان مسلسل ناکام ہیں تو سرفراز کو موقع کیوں نہیں دیا۔ بولے اہم سیریز تھی رضوان اچھی فارم میں تھے اس لئے ان کو موقع دیا۔ سمجھ سے باہر ہے محمد رضوان گزشتہ 10 میچز سے اسٹرگل کر رہے ہیں۔ انکی گزشتہ 12 اننگز مٰیں کوئی پچاس تک نہیں ہے۔ پھر کس بات کی اچھی فارم لیکن رضوان لاڈلہ ہے اس لئے وہ کھیلے گا۔ دوسری جانب فواد کو ڈراپ کرنے پر بابر کہتے ہیں فواد فارم میں نہیں تھا اس لئے ڈراپ کردیا۔ وہی  فواد جو 2021 کی ٹیسٹ ٹیم آف دی آئیر کے ممبر تھے۔ صرف آسٹریلیا کی سیریز خراب ہونے پر انہیں ڈراپ کردیا گیا۔ اب ایک ہی ٹیم میں دو کھلاڑیوں کے لئے دو الگ فارمولے کیوں۔ جب فواد چھ اننگز میں پرفارم نہ کرکے ڈراپ ہوسکتا ہے تو رضوان 12 اننگز میں ناکام ہوکر کیوں نہیں ہوسکتا۔

بابر اعظم عظیم بلے باز ہیں اس میں کوئی شک نہیں لیکن وہ بہترین کپتان ہیں یہ کوئی ماننے کو تیار نہیں۔ جو کپتان اپنے بولرز کو ٹھیک طرح سے استمعال نہ کرے اس کی کرکٹ نالج کیا ہوگی۔ لیکن رمیز راجہ کی آنکھ پرپٹی بندھی ہوئی ہے۔ انہیں بابر سے اگے کچھ دیکھتا ہی نہیں۔ جب سب کچھ برباد ہوجائے گا تو پھر چئیرمین بولیں گے غلطیوں سے بہت کچھ سیکھا۔ لیکن ان غلطیوں سے پاکستان کا جو نقصان ہوا اسکا ازالہ کون کرے گا معلوم نہیں۔

بابر بھی چلے جائیں گے اور رمیز راجہ بھی بس یہ ریکارڈز رہ جائیں گے جو ہمیشہ پاکستان کو منہ چڑھاتے رہیں گے۔

بابر خان تیرہ سال سے زائد عرصے سے اسپورٹس رپورٹنگ سے وابستہ ہیں۔ڈریسنگ روم میں ہونے والے تنازعات سے لیکر کھلاڑیوں کی کارکردگی تک ہر خبر پر نظر رکھتے ہیں

Comments

- Advertisement -