The news is by your side.

Advertisement

دوسرا ٹی ٹوئنٹی، آسٹریلیا کو شکست، سیریز قومی ٹیم کے نام

دبئی: پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں آسٹریلیا کی ٹیم کو  سنسنی خیز مقابلے کے بعد 11 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔

تفصیلات کے مطابق دبئی کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے مابین دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا گیا، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور فخر زمان نے اوپننگ کی، 29 کے مجموعی اسکور پر پہلا کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین روانہ ہوا۔

بعد ازاں بابر اعظم اور محمد حفیظ نے تیسری وکٹ کے دوران 70 رنز کی شراکت داری قائم کی بعد ازاں پروفیسر 99 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، پاکستان کی تیسری وکٹ 106، چوتھی 117، پانچویں اور چھٹی 131 کے مجموعی اسکور پر گریں۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے، بابر اعظم 45 اور محمد حفیظ 40 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ فخر زمان 11، شعیب ملک 14، آصف علی 9، حسن علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے، فہیم اشرف 17 اور عماد وسیم 1 رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن کولٹرنائل نے 3اوربلی اسٹین لیک نے2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو 31 کے مجموعی اسکور پر تین کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے، بعد ازاں میکس ویل اور مارش نے شراکت داری قائم کرنے کی کوشش کی مگر 61 پر آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ گری اور ایک رن اضافے کے بعد آدھی ٹیم پویلین لوٹی۔

آسٹریلیا کی چھٹی وکٹ 73 ، ساتویں 132 اور آٹھویں 134 پر گری۔ مکیس ویل نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 37 گیندوں پر 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے 2 ، 2 جبکہ عماد وسیم اور محمد حفیظ نے 1،1 وکٹ حاصل کی، فیلڈنگ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں سے چار کیچز بھی ڈراپ ہوئے۔

میچ کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا اور پاکستان نے آسٹریلیا کو 11 رنز سے شکست دے کر  0-2 سے برتری حاصل کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کرلی۔

کپتان سرفرازاحمدکی قیادت میں قومی ٹیم نے مسلسل 10ویں سیریز اپنے نام کی۔

اسکواڈ

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ’ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، حسین طلعت کی جگہ آج شعیب ملک کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے، ہمارے پاس سیریز جتینے کا بہترین موقع ہے‘۔

یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو باآسانی 66 رنز سے شکست دی تھی، پہلے میچ بابر اعظم نے68 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہعماد وسیم نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔

شاہین آفرید اور فہیم اشرف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا، حسن علی اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ مایہ ناز آل راؤنڈر عماد وسیم کو شاندار باؤلنگ پرمیچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب تک 18 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے ہیں جن میں سے گیارہ میچز میں پاکستان اور سات میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی ہے۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں