ڈھاکا (10 فروری 2026): پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں پاکستان ٹیم 386 رنز پر آؤٹ ہو گئی بنگلہ دیش کو 34 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ ڈھاکا میں جاری ہے۔ بنگلہ دیش کی پہلی اننگ 413 رنز کے جواب میں تیسرے روز پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگ میں 386 رنز پر آؤٹ ہو گئی یوں میزبان ٹیم کو پہلی اننگ میں 27 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔
تیسرے دن جب کھیل خراب روشنی کے باعث ختم کیا گیا تو بنگلہ دیش نے دوسری اننگ میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے 7 رنز بنا کر اپنی مجموعی برتری 34 رنز کر لی۔
تیسرے دن کی خاص بات پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے اذان اویس کی سنچری اور عبداللہ فضل کی نصف سنچری تھی۔ دونوں بالترتیب 103 اور 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ان کے علاوہ محمد رضوان 59، سلمان علی آغا 58 اور امام الحق 45 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان شان مسعود 9، نائب کپتان سعود شکیل صفر کے ساتھ ایک بار پھر ناکام رہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے کامیاب بولر مہدی حسین میراز رہے، جنہوں نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ تیجل الاسلام اور تسکین احمد نے دو، دو اور ناہید رانا نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بنگلہ دیش کی پہلی اننگ 413 رنز کے جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگ شروع کی۔ سینئر بیٹر امام الحق کے ساتھ ڈیبیو کرنے والے اذان اویس نے اوپننگ کا آغاز کیا اور دونوں کے درمیان پہلی وکٹ کے لیے سنچری پارٹنر شپ بنی۔
101 کے مجموعی اسکور پر امام الحق 45 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، مگر اذان اویس نے دوسرے ڈیبیوٹنٹ عبداللہ فضل کے ساتھ مل کر پاکستان کے اسکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے بھی سنچری پارٹنر شپ قائم کی۔
210 کے مجموعی اسکور پر اذان اویس شاندار سنچری اسکور کرنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ یوں وہ اپنے اولین ٹیسٹ میچ میں سنچری بنانے والے پاکستان کے 14 ویں بیٹر بن گئے۔
ڈیبیو ٹیسٹ: پاکستان کے اذان اویس کی سنچری اور عبداللہ فضل کی نصف سنچری
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


