پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کا آج سے آغاز ہو رہا ہے آکلینڈ میں پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 10 منٹ پر شروع ہو گا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سنسنی خیزی سے بھرپور پانچ ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کا آج سے آغاز ہو رہا ہے۔ آکلینڈ میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 10 منٹ پر دونوں ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔
آسٹریلیا سے ٹیسٹ میں وائٹ واش کے بعد ٹیم منیجمنٹ کیویز کے خلاف تجربہ کرنے کو تیار ہے۔ سیریز کے پہلے امتحان کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ فاسٹ بولر عباس آفریدی ڈیبیو کریں گے جب کہ رضوان اور بابر کی اوپننگ جوڑی کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے۔ پہلے میچ میں محمد رضوان کے ساتھ صائم ایوب اننگ کا آغاز کریں گے۔
بابر اعظم تیسرے نمبر پر آئیں گے، فخر کو چوتھی پوزیشن ملے گی۔ افتخار احمد پانچویں اور اعظم خان (وکٹ کیپر) چھٹے نمبر پر کھیلیں گے، عامر جمال ساتویں اور اسامہ میر آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئیں گے۔
پاکستان ٹیم چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ حارث رؤف فاسٹ بولنگ میں شاہین شاہ کا ساتھ نبھائیں گے۔
Pakistan's playing XI for the first T20I #NZvPAK | #BackTheBoysInGreen pic.twitter.com/7gDFGxWUC1
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) January 12, 2024
ٹی ٹوئنٹی کے ہیڈ ٹو ہیڈ مقابلوں میں گرین شرٹس کو واضح برتری حاصل ہے۔ دونوں ٹیموں نے 34 میچز کھیلے جن میں 20 پاکستان نے جیتے ہیں۔ قومی ٹیم نے آخری بار ٹی ٹوئنٹی سیریز 2018 میں جیتی تھی۔ 2020 میں میزبان کیوی فاتح رہے تھے جب کہ 2022 کے ورلڈ کپ سے قبل گرین شرٹس نے اسی سر زمین پر سہ فریقی ٹورنامنٹ جیتا تھا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کی ٹرافی کی تقریب رونمائی آکلینڈ میں ہوئی جہاں پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے شرکت کی۔ یاد رہے کہ یہ شاہین شاہ آفریدی کا بطور ٹی ٹوئنٹی کپتان پہلا امتحان ہے۔
سیریز کے شیڈول کے مطابق دوسرا میچ اتوار 14 جنوری کو ہیملٹن میں کھیلا جائے گا۔ تیسرا میچ بدھ 17 جنوری کو ڈونیڈن میں جب کہ آخری دو میچز کرائسٹ چرچ میں 19 اور 21 جنوری کو ہوں گے۔