فیصل آباد (9 نومبر 2025): پاک جنوبی افریقہ تیسرے ون ڈے میں صرف بابر اعظم ہی نہیں بلکہ تین کرکٹرز نے شاندار کارنامے انجام دیے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے گزشتہ روز کھیلے گئے تیسرے میچ میں صرف بابر اعظم نے کارنامہ انجام نہیں دیا بلکہ ان سمیت تین کرکٹرز نے سنگ میل عبور کر کے اپنے ملک کا نام روشن کیا۔
گزشتہ روز کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے 23 رنز بنا کر انٹرنیشنل کرکٹ میں 15 ہزار رنز مکمل کرنے والے پانچویں پاکستانی بلے باز کا اعزاز اپنے نام کیا۔
تاہم اسی میچ کے ہیرو مسٹری اسپنر ابرار احمد بھی ایک اہم کارنامہ انجام دینے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے اس میچ میں چار وکٹیں لے کر کیریئر بیسٹ بولنگ کی۔ تاہم اس کے ساتھ ہی وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں 100 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنے میں بھی کامیاب ہوئے۔
ابرار احمد کی انٹرنیشنل وکٹوں کی تعداد 102 ہو گئی ہے۔ انہوں نے ٹیسٹ میں 46، ون ڈے میں 25 اور ٹی 20 میں 31 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
اس کے علاوہ پروٹیز اوپنر کوئنٹن ڈی کاک جنہوں نے تیسرے میچ میں نصف سنچری اسکور کی۔ ان کی یہ اننگ جنوبی افریقہ کو میچ تو نہ جتوا سکی۔ تاہم اس کے ساتھ ہی وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں تیز رفتار سات ہزار رنز مکمل کرنے والے بیٹرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے۔
ڈی کاک نے 7 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے کے لیے 158 اننگز کا سہارا لیا۔ ان سے آگے سر فہرست لیجنڈری ہاشم آملہ ہیں، جنہوں نے 150 اننگز میں سات ہزار رنز بنائے۔


