یوم الحاق پاکستان: ہم کشمیریوں کے حق کی جنگ لڑتے رہیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج ہم یوم الحاق پاکستان کے تاریخی موقع کو یاد کرتے ہیں، آج کےدن اہل کشمیر نے پاکستان سے الحاق کی قرارداد منظور کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق یوم الحاق کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم نے ٹوئٹ کیا کہ کشمیریوں کی جدوجہد حق خودارادیت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہم کشمیریوں کے حق کیلئے جنگ لڑتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل بھی کشمیریوں کا حق خودارادیت تسلیم کرتی ہے، کشمیریوں کو انصاف فراہم کرانے کے لیے جنگ لڑتے رہیں گے، میں جانتا ہوں ایک دن انصاف کا بول بالا ہوگا۔
Today we commemorate the historic occasion of Youm-i-Ilhaq-e-Pakistan, when Kashmiris passed a resolution for accession to Pakistan. We reaffirm our commitment to the Kashmiri people & stand with them in their struggle for self-determination.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) July 19, 2020
عمران خان کا مزید کہا کہ کشمیری ہندوتوا انتہاپسند بھارتی حکومت کے مظالم کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ کشمیریوں کے حقیقی نمائندوں نے 19 جولائی 1947 کو سری نگر میں آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے اجلاس میں پاکستان سے الحاق کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی تھی۔
لیکن 26 اکتوبر 1947 کو کشمیر کے مہا راجا نے عوامی خواہشات کے برخلاف بھارت سے الحاق کا اعلان کر دیا جس کے بعد وادی میں بھارتی فورسز داخل ہوگئیں اور نہتے کشمیریوں پر نہ رکنے والے ظلم وستم کی ابتدا ہوئی۔
قابض بھارتی فوج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ تاحال برقرار ہے۔