دوحہ : افغان طالبان کی درخواست پر مذاکرات کیلئے پاکستان کا اعلی سطح کا وفد وزیر دفاع کی قیادت میں دوحہ پہنچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کا اعلی سطح وفد دوحہ پہنچ گیا، وزیر دفاع خواجہ آصف کی قیادت میں پاکستانی وفد دوحہ پہنچا، وفد افغان طالبان کے نمائندوں سے بات چیت کرے گا۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا کہ مذاکرات میں سرحد پار دہشت گردی کے فوری خاتمے پر بات چیت کی جائے گی اور افغان طالبان سے عالمی وعدوں کی پاسداری اور اپنی سرزمین پر سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف قابلِ تصدیق کارروائی کا مطالبہ کیا جائے گا۔
پاکستانی وفد مذاکرات میں سرحدی سلامتی، اطلاعات کے تبادلے اور علاقائی استحکام سے متعلق اقدامات پر بھی تبادلۂ خیال کرے گا۔
مزید پڑھیں : افغان طالبان رجیم نے قطر سے پاکستان کیساتھ ثالثی کی درخواست کر دی
ترجمان دفترِ خارجہ نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ مذاکرات خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے معاون ثابت ہوں گے۔
گذشتہ روز پاکستان سے مذاکرات کیلئے افغان طالبان رجیم نے قطری حکومت سے رابطہ کیا تھا اور افغان طالبان رجیم نے قطر سے پاکستان کیساتھ ثالثی کی درخواست کی۔
پاکستان نے جواب دیا تھا کہ برادر ملک قطر کی ثالثی کی پیشکش کا احترام کرتے ہیں اگر افغان سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کیلئے استعمال ہوتی رہی تو مذاکرات نہیں ہو سکتے۔
پاکستان نے واضح کیا تھا کہ افغان طالبان رجیم کو مذاکرات کیلئے اپنی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال سے روکنا ہو گی اور طالبان رجیم کو اپنی سرزمین کا دہشت گردی میں استعمال روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


