کراچی: شہرقائد میں ہونے والی ریکارڈ بارشوں کے بعد متاثرین کی مدد کے لیے پاک فضائیہ بھی پیش پیش ہے، شہریوں کو امدادی سامان اور راشن فراہم کیے جارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش سے متاثرہ علاقوں میں راشن تقسیم کی جارہی ہے، بے سروسامان خاندانوں کے لیے پاک فضائیہ امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے۔
ترجمان کے مطابق ایئر چیف کی ہدایت پر بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن شروع کردی گئی، ضرورت مندخاندانوں کو کھانے پینے کی اشیا اور امدادی سامان دیا جارہا ہے۔ آٹا،چاول، دالیں، گھی اور چینی ودیگر چیزیں راشن میں شامل ہیں۔ پہلے مرحلے میں پی اے ایف مسرور اور فیصل بیس کے اطراف راشن تقسیم کیا گیا۔
مشکل گھڑی میں سندھ حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں: وزیراعظم آزادکشمیر
خیال رہے کہ بارش سے متاثرین کی مدد کے لیے پاک آرمی بھی ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔
دوسری جانب کراچی کےآفت زدہ علاقوں میں ریلیف کا کام شروع کردیا گیا۔ ضلع غربی میں رکن اسمبلی لیاقت آفکانی اورڈپٹی کمشنر کی جانب سے کیمپ قائم کیا گیا، جہاں 300متاثرہ افراد کو رہائش کے لیے خیمے اور کھانے پینے کا سامان فراہم کیا گیا ہے، میڈیکل کیمپ لگا کرمتاثرین کو ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔
ضلع ملیر میں ڈٖپٹی کمشنر اور سلمان عبداللہ مراد نے ریلیف کیمپوں کا دورہ بھی کیا۔