جمعرات, فروری 12, 2026
اشتہار

پاکستان کا جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس پہلا ایئر کوالٹی فور کاسٹ سسٹم تیار

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور(27 ستمبر 2025): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب میں پاکستان کا جدید ترین اور ٹیکنالوجی سے لیس پہلا ایئر کوالٹی فورکاسٹ سسٹم تیار کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یہ جدید نظام پورے پنجاب میں موسمی حالات اور فضائی آلودگی کی پیش گوئی کرے گا جس سے لاہور، فیصل آباد اور دیگر بڑے شہروں میں فضائی آلودگی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ یہ ایئر فورکاسٹنگ سسٹم ریئل ٹائم مانیٹرنگ اور جدید سائنسی ماڈلز کا امتزاج ہے جو "ونڈی” اور "یورو” جیسے انٹرنیشنل ماڈلز، عالمی فضائی انڈیکس اور مقامی ضروریات کو مدنظر رکھ کر کام کرتا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اس نظام میں رواں سال نصب کیے گئے 41 جدید ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشنز سے حاصل ہونے والا ڈیٹا بھی شامل ہوگا، جن کی تعداد آئندہ دنوں میں 100 تک بڑھائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ خودکار نظام فضائی آلودگی کی مقدار کو ناپے گا، موسمی تبدیلیوں کا ریکارڈ مرتب کرے گا اور شہریوں کو صحت کی حفاظتی اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ بھی کرے گا، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے تحت یہ جدید نظام سائنسی بنیادوں پر مبنی پالیسی سازی میں مددگار ثابت ہوگا۔

سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے سیکریٹری ماحولیات، ڈی جی ماحولیات اور ای پی اے ٹیم کو اس اہم ماڈل کی تیاری پر سراہا اور کہا کہ یہ نظام پنجاب میں اسموگ کے خاتمے کے حکومتی منصوبے کا حصہ ہے۔ اس میں فصل کی باقیات جلانے پر کریک ڈاؤن بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدید آلات کے ذریعے فضائی آلودگی، موسمی حالات اور ہوا کے معیار کی مسلسل نگرانی کی جائے گی جبکہ گاڑیوں اور صنعتی دھوئیں پر قابو پانے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔

مریم اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی کہ ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لیے ہر فرد اپنا کردار ادا کرے اور سموگ سیزن کے دوران غیر ضروری گھروں سے نکلنے سے گریز کرے۔ خاص طور پر بزرگ، بچے اور سانس کے مریض خصوصی احتیاط کریں۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں