کراچی (16 ستمبر 2025) ایشیا کپ میں دو روز قبل ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے کے تنازع کے دوران دونوں حریف ممالک کا کل پھر مقابلہ ہوگا۔
متحدہ عرب امارات میں کھیلے جا رہے ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ میں بھارتی کپتان اور کھلاڑیوں کا میدان میں پاکستانی کپتان اور کھلاڑیوں سے مصافحہ نہ کرنے کا تنازع شدت اختیار کر گیا ہے اور پی سی بی نے میچ ریفری اینڈی کرافٹ کو ٹورنامنٹ سے نہ ہٹانے پر ایشیا کپ سے دستبرداری کی دھمکی دے دی ہے۔
اس تنازع کی گونج کے دوران ہی دونوں حریف ممالک کل ایک بار پھر کھیل میں مدمقابل ہوں گے۔ تاہم اس بار میدان کرکٹ میں نہیں بلکہ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں سجے گا جو جاپان کے شہر ٹوکیو میں کھیلی جا رہی ہے۔
کل (بدھ) فخر پاکستان اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم روایتی حریف بھارت کے نیرج چوپڑا کے درمیان ہوگا۔ جویلین تھرو کے اس مقابلے میں جرمنی کے ویبر سمیت دیگر معروف جیولین تھروور بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔
جیولین تھرو کا کوالیفائنگ راؤنڈ کل پاکستانی وقت کے مطابق شام پونے پانچ بجے شروع ہوگا۔ اس کوالیفائنگ راؤنڈ میں ٹاپ 8 ایتھلیٹ جمعرات کو ہونے والے فائنل کھیلنے کے اہل ہوں گے۔
ارشد ندیم جنہوں نے گزشتہ سال پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو فائنل میں بھارتی نیرج چوپـڑا دیگر حریفوں کو ہرا کر گولڈ میڈل جیتا تھا بلکہ انہوں نے اولمپک کی حالیہ تاریخ کی طویل ترین تھرو کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا تھا۔
ارشد ندیم نے قوم سے ان کی جیت کے لیے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھرپور محنت کی ہے۔ پوری کوشش کروں گا کہ ایک بار پھر گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کروں۔


