اسلام آباد: پاکستان نے سارک کووڈ19ایمرجنسی فنڈ کے لیے 3 ملین ڈالر دینے کا اعلان کردیا، پاکستان نے کرونا کے خلاف جنگ میں علاقائی کوششوں کی حمایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور سکریٹری جنرل سارک میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ گفتگو میں فنڈز کے استعمال سے متعلق پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا گیا۔
دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ فنڈ کی تمام رقم سارک سیکرٹریٹ کے زیر انتظام چلنی چاہیے، فنڈز کے استعمال کے لیے سارک چارٹر کے مطابق مشاورت کی جائے گی۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان سارک کو علاقائی تعاون کا اہم پلیٹ فارم سمجھتا ہے، علاقائی تعاون کو مستحکم کرنے کے لیے مل کر کام جاری رکھا جائے گا۔
خدشہ ہے رواں ماہ کے آخر تک کورونا کیسز میں اضافہ ہوگا،وزیراعظم
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اپنے ایک بیان میں کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وباء سے مؤثر انداز سے نمٹنے کے لیے علاقائی سطح پر مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ کرونا کے پیش نظر کئی ممالک نے سارک کووڈ 19 ایمرجنسی فنڈ کے قیام پر زور بھی دیا تھا۔