راولپنڈی : پاک فوج کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں بھرپور انداز سے جاری ہیں،24 گھنٹوں میں ایک ہزار 991 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہے۔
پاک فوج کے ترجمان نے کہا آرمی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سیلاب متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی کیلئے 200 سے زائد پروازیں ہوئیں، جس کے دوران ہیلی کاپٹرز کے ذریعے امدادی سامان اور راشن بھی منتقل کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ گزشتہ24 گھنٹے میں 1991متاثرہ افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی سمیت 162 ٹن سے زائد امدادی سامان تقسیم کردیا گیا۔
ترجمان کے مطابق سیلاب متاثرہ علاقوں سے اب تک مجموعی طور پر 50 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات تک منتقل کیا جا چکا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 147ریلیف کیمپ 24 گھنٹے کام کررہے ہیں، اب تک 60 ہزار سے زائد مریضوں کا میڈیکل کیمپوں میں علاج کیا جا چکا ہے۔
دوسری جانب سیلاب متاثرہ علاقوں کیلئے عطیات وصولی کے قائم کردہ 221 کلیکشن پوائٹنس پر 1350 ٹن سے زائد خوراک، ادویات اور دیگر سامان اکٹھا کیا گیا۔