راولپنڈی : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاک فوج کی بنیادی اقدار بالخصوص کردار، جرات اور قابلیت کو اجاگر کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستانی فوجیوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کھاریاں میں منعقد ہونے والا 9واں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلہ 9 فروری کو کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ٹیم اسپرٹ مقابلہ 60 گھنٹوں پر مشتمل ایک پیشہ ورانہ پیٹرولنگ مشق ہے، جس کا مقصد شریک افواج کے درمیان جدید عسکری مہارتوں، حربی تجربات اور بہترین طریقۂ کار کا تبادلہ یقینی بنانا ہے، یہ مشق 5 فروری سے پنجاب کے پہاڑی علاقے میں منعقد کی گئی، جہاں شرکا کو حقیقت کے قریب آپریشنل ماحول میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔
اس سال مقابلے میں بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، سعودی عرب، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، امریکا اور ازبکستان سمیت 19 ممالک کی ٹیموں نے شرکت کی، جبکہ انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ نے مبصرین کے طور پر ایونٹ میں شرکت کی۔ پاکستان آرمی اور پاک بحریہ کی 16 مقامی ٹیمیں بھی مقابلے کا حصہ تھیں، جبکہ پاک فضائیہ کے مبصرین نے بھی مشق کا مشاہدہ کیا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شریک ٹیموں کی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی و ذہنی برداشت، آپریشنل قابلیت اور بلند حوصلے کو سراہا۔
انہوں نے پاک فوج کی بنیادی اقدار، خصوصاً کردار، جرات اور قابلیت کو اجاگر کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستانی فوجیوں کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شرکا میں انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ غیر ملکی مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے مقابلے کے اعلیٰ معیارِ تنظیم اور پیشہ ورانہ سطح کو سراہا۔
بعد ازاں آرمی چیف نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف تربیتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا اور نئے قائم کردہ ٹیکٹیکل سمیولیٹر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سمیولیٹر پر مبنی تربیت کو روایتی عسکری تربیت کے ساتھ ناگزیر قرار دیتے ہوئے متعلقہ دستوں اور تکنیکی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں


