کراچی : پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 14 سال بعد براہِ راست فضائی رابطے بحال ہوگئے، آج ڈھاکہ سے پہلی پرواز کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق 14 سال کے وقفے کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہِ راست فضائی رابطے آج سے بحال ہو جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا بنگلہ دیش کی قومی ایئرلائن بیمان ایئرلائن کی پہلی پرواز آج ڈھاکہ سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی اور تقریباً تین گھنٹے کا سفر طے کرنے کے بعد رات 11 بجے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔
کراچی ایئرپورٹ پر ایئرپورٹ اتھارٹی اور سول ایوی ایشن نے پرواز کے شیڈول کے مطابق خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
رات 8 بجے کے قریب روانہ ہونے والی یہ پرواز ہفتہ وار دو پروازیں کراچی اور ڈھاکہ کے درمیان چلائے گی۔
اس اقدام سے دونوں ممالک کے شہریوں کے لیے سفری سہولیات میں بہتری آئے گی اور تجارتی و کاروباری روابط کو بھی فروغ ملے گا۔
ابتدائی مرحلے میں ہفتے میں 2 پروازیں چلائی جائیں گی، جو جمعرات اور ہفتہ کے روز آپریٹ ہوں گی۔
براہِ راست فضائی رابطے کی بحالی سے مسافروں کے سفر کا دورانیہ اور اخراجات نمایاں طور پر کم ہونے کی توقع ہے، جبکہ ٹرانزٹ کے ساتھ سفر کرنے کے مقابلے میں کرایوں میں 30 ہزار ٹکا تک کمی متوقع ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


