اسلام آباد : پاکستان نے بھارتی عدالت کی جانب سے حریت رہنما آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں کو سنائی گئی سزاؤں کو مسترد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارتی عدالت کی جانب سے حریت رہنما آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں کو سنائی گئی طویل قید کی سزاؤں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے "انصاف کا قتل” قرار دے دیا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے بھارتی عدالت کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری رہنما آسیہ اندرابی کو عمر قید اور ان کی ساتھیوں کو 30، 30 سال قید کی سزا سنانا انسانی حقوق کی سنگین پامالی اور عدالتی خودمختاری پر سوالیہ نشان ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت "کالے قوانین” کے ذریعے مقبوضہ وادی میں آزادی کی آواز اور سیاسی اظہار کو دبانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ ان سزاؤں کا مقصد اختلافی آوازوں کو خاموش کرنا اور حقِ خودارادیت کے لیے آواز اٹھانے والوں کو ڈرانا ہے۔
پاکستان نے اقوامِ متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی اقدامات کا فوری نوٹس لیں اور عالمی ادارے بھارت کو ان غیر قانونی اقدامات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرائیں۔
ترجمان نے خبردار کیا کہ بھارتی ہتھکنڈے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور اس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھے گی۔
دفترِ خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اظہارِ رائے کی آزادی اور منصفانہ ٹرائل کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے جسے چھینا نہیں جا سکتا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


