اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان سعودی عرب پرمیزائل حملےکی سخت الفاظ مذمت کرتا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں پاکستان نے سعودی عرب پر دوسرے بیلسٹک میزائل حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ نے سعودی فورسز کا میزائل تباہ کرنے کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی، ترجمان نے یمن میں متحرک حکومت مخالف قوتوں کو سعودی عرب پر حملے سے باز رہنے کا مشورہ بھی دیا۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں نے گزشتہ روز سعودی عرب پر دوسری بار بیلسٹک میزائل کا حملہ کیا تھا جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنادیا تھا۔
مزید پڑھیں: ریاض، حوثی باغیوں کا ایئرپورٹ پر میزائل حملہ
قبل ازیں رواں برس 5 نومبر کو حوثی باغیوں کی جانب سے کنگ خالد ائیرپورٹ پر بیلسٹک میزائل سے حملہ کیا گیا تھا جسے سعودی ایئر ڈیفنس نے ناکام بنادیا تھا۔
یمن کے باغی گروہ حوثی مزاحمت کاروں کی جانب سے سوشل میڈیا پر ریاض میں واقع الخالد ایئرپورٹ پر بیلسٹک میزائل سے حملہ کرنے کا دعوی کیا گیا تھا اور اس کی ویڈیو بھی جاری کی گئی تھی۔
حوثی باغیوں کے ترجمان نے الجزیرہ سے بات کرتے ہوئے دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ 800 کلومیٹر تک مار کرنے والے برقان ایچ ٹو نامی میزائل داغا گیا جو اپنے ہدف تک پہنچنے میں کامیاب رہا۔