پاکستان کرکٹ ٹیم 5 سال بعد آئرلینڈ کا دورہ کرے گی جہاں وہ تین ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی جس کے شیڈول کا اعلان ہو گیا ہے۔
گرین شرٹس نیوزی لینڈ کے خلاف اپریل میں پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل ہوم سیریز کھیلنے کے بعد مئی میں آئرلینڈ کا دورہ کریں گے جہاں تین میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے تینوں میچز بالترتیب 10، 12، 14 مئی کو آئرش کرکٹ بورڈ کی میزبانی میں کھیلے جائیں گے۔
اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز 2018 میں ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ جون میں امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا انعقاد ہو رہا ہے اور اس سے قبل پاکستان نے نیوزی لینڈ، آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف مختصر دورانیے کی سیریز کھیلنی ہیں جو ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہیں۔