اسلام آباد(17 جولائی 2026): پاکستان نے جولائی کے مہینے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مزید ایل این جی کی خریداری کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) نے اسپاٹ خریداری کا ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔
پی ایل ایل کے مطابق عالمی کمپنیوں سے ایل این جی کارگو کی فراہمی کے لیے 20 جولائی تک بولیاں طلب کی گئی ہیں اور موصول ہونے والی تمام بولیاں اسی روز کھولی جائیں گی۔ یہ بولیاں 27 سے 28 جولائی کے دوران ایل این جی کارگو کی ڈیلیوری کے لیے مانگی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان جولائی کے مہینے کے لیے اب تک ایل این جی کے 4 کارگوز خرید چکا ہے، 30 جون سے 4 جولائی کی ڈیلیوری کے لیے پہلا ایل این جی کارگو 16.73 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو میں خریدا گیا تھا۔
10 سے 11 جولائی کی ڈیلیوری کے لیے دوسرا کارگو 17.37 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو میں حاصل کیا گیا۔15 سے 16 جولائی کی ڈیلیوری کے لیے تیسرا کارگو 18.23 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو میں خریدا گیا تھا جبکہ چوتھا اور آخری کارگو دو روز قبل سب سے مہنگی قیمت یعنی 20.69 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو میں خریدا گیا ہے۔


