نیویارک : پاکستان نے وینزویلا میں بڑھتی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکی کارروائی کو اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب عثمان جدون نے سلامتی کونسل سے خطاب میں وینزویلا میں بڑھتی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا دنیا پہلے ہی متعدد بحرانوں سے دوچار ہے اور کیریبین خطے میں عدم استحکام عالمی امن و سلامتی کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
عثمان جدون کا کہنا تھا کہ فریقین کو کشیدگی میں کمی اور ثالثی کی کوششوں کو موقع دینا چاہیے، جبکہ یکطرفہ فوجی کارروائیاں بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی ہیں ، جو عالمی قانونی نظام کو کمزور اور طویل المدتی عدم استحکام کو جنم دے سکتی ہیں۔
قائم مقام مستقل مندوب نے واضح کیا کہ وینزویلا کے بحران کا واحد پائیدار حل مکالمہ اور سفارتکاری ہے، جبکہ وینزویلا کے عوام کی مرضی کا احترام اور بیرونی مداخلت سے اجتناب ناگزیر ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ لاطینی امریکا اور کیریبین خطہ تصادم اور محاذ آرائی سے محفوظ رہے گا اور وینزویلا میں امن، استحکام اور عوام کی فلاح و بہبود تمام کوششوں کا حتمی مقصد ہونا چاہیے۔
عثمان جدون نے پاکستان کے تنازعات کے پرامن حل، اقوام متحدہ کے منشور کی پاسداری کے عزم کا اعادہ کیا اور سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے پر صومالیہ کو مبارکباد بھی دی۔


