اسلام آباد (2 جون 2026): پاکستان میں عیدالاضحیٰ پر قربانی کے جانوروں کی کھالوں سے 8.7 ارب روپے کی معاشی سرگرمی متوقع ہے۔
پاکستان میں ایک دہائی کے دوران جانوروں کی قربانی میں 17 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے اور اس سال 28 لاکھ گائے اور بیلوں، 43 لاکھ بکروں، پانچ لاکھ بھیڑوں اور 30 ہزار اونٹوں کی کھالوں سے 8.7 ارب روپے کی معاشی سرگرمی متوقع ہے۔
اس حوالے سے عرب نیوز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کھالوں کی خرید وفروخت سے لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ جبکہ چمڑے کی صنعت کا ملکی برآمدات میں اہم حصہ ہے۔ پاکستان میں عیدالاضحیٰ پر جانوروں کی کھالوں کی خرید و فروخت ایک وسیع معاشی سرگرمی کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔
گزشتہ نو سال میں چمڑے کی صنعت کا رجحان کھالوں کی فراہمی سے منافع بخش تیار مصنوعات کی طرف منتقل ہوا اور پاکستانی برآمدات میں چمڑے سے تیار شدہ مصنوعات اور جوتوں کا حجم 694.20 ملین ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔
حکومت ملک میں چمڑے کی صنعت کو خام مال کی فراہمی سے تیار شدہ مصنوعات کی طرف منتقل کرنے کیلیے کوشاں ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ قربانی کے جانوروں اور ان کی کھالوں کی بڑھتی تعداد ملک میں خریداری کی مضبوط صلاحیت اور معاشی اعتماد کی عکاس ہے۔
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں


