ہفتہ, اکتوبر 10, 2026
اشتہار

فرانس میں پاکستانی سفارتخانے میں یومِ دفاع کی تقریب، شہدا کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش

اشتہار

حیرت انگیز

پیرس: فرانس میں پاکستانی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے شہدائے وطن کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہمسایہ ممالک کے ساتھ پْرامن اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کے خواہاں ہیں تاہم اپنے دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق فرانس میں یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر پاکستانی سفارتخانے میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب میں پاکستانی سفیر ممتاز زہرا بلوچ نے مسلح افواج کے شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان عالمی امن، سلامتی اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے پر یقین رکھتا ہے، تاہم اپنے دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملکی سلامتی کی ضامن ہیں اور پوری قوم اپنے بہادر محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے 1965 کی جنگ میں پاکستانی افواج کی بے مثال بہادری اور گزشتہ سال مئی میں بھارتی جارحیت کے جواب میں مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور مؤثر دفاع کا بھی ذکر کیا۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ کہ پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے اور علاقائی و عالمی امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پاکستان کا قومی دفاع روایتی جنگ کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ تک بھی پھیل گیا ہے۔

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

استقبالیہ میں سفارتی کور کے ارکان، مسلح افواج کے افسران اور پاکستان کے دوستوں سمیت مختلف شخصیات نے شرکت کی۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں