نیویارک: وزیر مملکت بلال بن ثاقب کا کہنا ہے کہ پاکستان کی عالمی سطح پر کرپٹو کرنسی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کی راہ ہموار ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر وزیرمملکت برائے کرپٹو اور بلاک چین بلال بن ثاقب نے پاکستان کی ٹیکنالوجی اور معیشت کے مستقبل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر کرپٹو کرنسی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
وزیرمملکت کا کہنا تھا کہ کرپٹو کرنسی پاکستان کی معاشی ترقی میں انقلابی کردار ادا کر رہی ہے جبکہ مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) ترقی پذیر ممالک کے لیے کامیابی کی ضمانت ہے۔
انھوں نے بتایا کہ پاکستان کی 250 ملین آبادی دنیا کی چوتھی سب سے بڑی فری لانس مارکیٹ ہے، جو جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
وزیرمملکت نے زور دیا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو عالمی سطح کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے ٹیکنالوجی اپنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کے دور میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے پاکستان کو ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی اور جدید انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے۔
بلال بن ثاقب نے مزید کہا کہ وہی ممالک معاشی طور پر مضبوط ہوں گے جو مصنوعی ذہانت سے مطابقت پیدا کرنے میں کامیاب ہوں گے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


