پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹیست میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
پورٹ آف اسپین میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے دیا جانے والا 75 رنز کا ہدف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پاکستان نے تین سال بعد غیرملکی دورے پر ٹیسٹ جیتا ہے جبکہ 26 سال سے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز نہ ہارنے کا ریکارڈ برقرار رکھا ہے۔
عبداللہ شفیق 24 اور بابر اعظم 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، اذان اویس 18 اور امام الحق 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیڈن سیلز اور شمار جوزف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم دوسری اننگز میں 117 رنز پر ڈھیر ہوئی تھی اور پاکستان کو جیت کے لیے 75 رنز کا ہدف دیا تھا۔
کیوم ہوج 34، چندر پال اور کپتان روسٹن چیز 17، 17 رنز بناسکے۔
پاکستان کی جانب سے ساجد خان اور علی عثمان نے چار، چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 344 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی، پاکستان نے 387 رنز بنا کر 43 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔


