پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ ماہ ہونے والی پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے نظر ثانی شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان آئندہ ماہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے انگلینڈ کی میزبانی کرے گا۔ جس کے میچز ابتدائی طور پر کراچی، ملتان اور پنڈی میں شیڈول تھے تاہم کراچی میں چیمپئنز ٹرافی کے لیے جاری تعمیراتی کام کے باعث وہاں اب میچ نہیں ہوگا۔
پی سی بی نے مذکورہ ٹیسٹ سیریز کا نظر ثانی شیڈول جاری کر دیا ہے اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول ٹیسٹ کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم منتقل کر دیا گیا ہے۔
سیریز کا آغاز 7 سے 28 اکتوبر تک ہوگی اور ابتدائی دو ٹیسٹ میچز ملتان میں کھیلے جائیں گے۔
پہلا ٹیسٹ میچ شیڈول کے مطابق 7 سے 11 اکتوبر تک ملتان میں ہوگا جب کہ دوسرا میچ بھی اسی اسٹیڈیم میں 15 سے 19 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔
سیریز کا تیسرا اور آخری میچ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 24 سے 28 اکتوبر تک ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ بنگلہ دیش کے خلاف کراچی میں شیڈول ٹیسٹ میچ بھی ترقیاتی کاموں کے باعث پنڈی اسٹیڈیم منتقل کر دیا گیا تھا۔
پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے جس کی دو ٹاپ ٹیمیں آئندہ سال جون میں برطانیہ میں فائنل کھیلیں گی۔
اس وقت ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت پہلے اور آسٹریلیا دوسرے نمبر پر ہے جب کہ پاکستان کا آٹھواں نمبر ہے۔ تاہم اس کے پاس اب بھی فائنل کھیلنے کا موقع ہے جس کے لیے اسے جاری ٹیسٹ سائیکل میں اپنے بقیہ تمام 7 ٹیسٹ میچز نہ صرف جیتنے ہوں گے بلکہ دیگر ٹیموں کے میچوں کے نتائج پر انحصار کرنا ہوگا۔
آئی سی سی وفد کا چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات پر اظہار اطمینان