اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل اور رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کو خط لکھ دیا جس میں بھارتی مسلمانوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ کی جانب سے لکھے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں کو کروناوائرس کے پھیلاؤ کا ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے، مسلمانوں کو انسانی بم قرار دے کر ان کی کردار کشی کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اسلام سے نفرت کے عنوانات کی بھرمار ہے، کروناوائرس کے لیے مسلمانوں کو مورد الزام ٹھہرانا انتہائی خطرناک ہے، ہندوتوا نظریے کے طویل مدتی نتائج انتہائی خطرناک ہوسکتے ہیں۔
کرونا وائرس کی آڑ میں مسلمان نسل کشی کی تیاری، بھارتی مصنفہ نے مودی کا چہرہ بے نقاب کردیا
خط متن کے مطابق او آئی سی کی جانب سے بھارتی مسلمان دشمنی کی مذمت کا خیرمقدم کرتے ہیں، معاملے کو ایچ آر سی سمیت عالمی فورمز میں اٹھایا جائے، اوآئی سی اسلاموفوبیا آبزرویٹری کو مزید تقویت دی جائے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بھارتی مصنفہ ارون دتی رائے نے بھی انکشاف کیا تھا کہ بھارتی حکومت کرونا وائرس کی آڑ میں مسلمانوں کے خلاف ہندو انتہا پسندوں کے جزبات کو بھڑکا رہی ہے تاکہ مسلم نسل کشی شروع ہو، بھارتی حکومت نے مسلمانوں پر کرونا کا الزام عائد کر کے مذہبی کشیدگی کو ہوا دینے کی کوشش کی۔