اتوار, جولائی 12, 2026
اشتہار

افغانستان میں جدید اسلحے اور گولہ بارود کے ذخائر، پاکستان نے عالمی برادری کو خبردار کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

نیویارک : پاکستان نے افغانستان میں جدید اسلحے اور گولہ بارود کے ذخائر پر اظہار تشویش کرتے ہوئے دہشت گرد گروہوں کی غیرقانونی اسلحے تک رسائی علاقائی امن کیلئے خطرہ قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے خطاب میں کہا کہ دہشتگرد گروہ افغانستان سے کھلے عام کارروائیاں کر رہے ہیں اور ان کے پاس جدید اسلحے اور گولہ بارود کے ذخائر موجود ہیں، جو علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

پاکستانی مندوب نے خبردار کیا کہ یہ دہشتگرد تنظیمیں غیرقانونی اسلحہ پاکستانی شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف استعمال کر رہی ہیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں بےگناہ جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان دہشتگرد گروہوں کو خطے کے ایک بڑے تخریبی کردار کی مالی اور عملی مدد حاصل ہے، جس سے خطے میں عدم استحکام بڑھ رہا ہے۔

عاصم افتخار نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغان عبوری حکام کو ان کے وعدوں پر عمل درآمد کا پابند بنائے اور افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کو غیرقانونی اسلحے تک رسائی سے روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ جدید ٹیکنالوجی اور جنگ کے بدلتے انداز غیرقانونی اسلحے کے پھیلاؤ کے نئے چیلنجز پیدا کر رہے ہیں، اس لیے روایتی اسلحہ کنٹرول کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ضروری ہے۔

پاکستانی مندوب نے مزید کہا کہ غیرقانونی اسلحے کی تجارت پر قابو پانے، عالمی امن کے فروغ اور علاقائی استحکام کے لیے بین الاقوامی تعاون میں اضافہ ناگزیر ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں