اسلام آباد (16 جون 2026): وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا معاہدے کے بعد معاشی اہداف بہتر ہونے کی امید ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران تنازع نے مہنگائی دوبارہ ڈبل ڈیجٹ میں پہنچا دی، تاہم یہ تنازع ختم ہونے سے اقتصادی صورتحال بہتر ہونے کا امکان ہے۔ پاکستان 2027 کی معاشی پیش گوئیوں میں بہتری لا سکتا ہے۔
محمد اورنگزیب نےمزید کہا کہ ایران جنگ کے باعث توانائی انفرااسٹرکچر متاثر ہوا ہے اور سپلائی چین معمول پر آنے میں وقت لگے گا۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ بجٹ میں ترمیم ابھی قبل از وقت ہے۔ مالی سال 2027 میں معاشی شرح نمو کا ہدف 4 فیصد مقرر ہے، اور آئندہ سال مہنگائی 8.2 فیصد تک رکھنے کا ہدف ہے۔ سرحدی کشیدگی کے باعث دفاعی اخراجات ترجیح ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان قرضوں کے ڈھانچے میں تبدیلی پر کام کر رہا ہے اور دو طرفہ قرضوں کو کمرشل فنانسنگ سے تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے۔ پاکستان مزید پانڈا، یورو اور ڈالر بانڈز جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
محمد اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ ڈیجیٹل اثاثوں کو مستقبل میں ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔ پاکستان کرپٹو، ٹوکنائزیشن اور ڈیجیٹل ایکسچینجز کو ریگولیٹ کرے گا۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ دفاعی صنعت میں عالمی دلچسپی بڑھی، تاہم برآمدات کا اندازہ لگانا قبل از وقت ہو گا۔
ٹیکسز کی آمدن بڑھانے کیلیے اقدامات مزید سخت کریں گے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب


