اسلام آباد (15 جنوری 2026): ملک کے بیشتر حصے دھند کی لپیٹ میں ہونے کے باعث ملکی اور غیر ملکی پروازوں سمیت ٹرینوں کا شیڈول سخت متاثر ہے۔
ملک کے بیشتر حصے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں، جس کی وجہ سے ملکی اور غیر ملکی پروازوں سمیت ٹرینوں کا شیڈول سخت متاثر ہے۔ متعدد پروازیں منسوخ جب کہ درجنوں پروازوں اور ٹرینوں کی آمدورفت میں تاخیر ہو رہی ہے۔
شدید دھند کے باعث لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن متاثر اور کم حد نگاہ کے باعث ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل فلائٹس شدید متاثر ہوئی ہیں اور آج بھی کئی فلائٹس منسوخ اور اڑان میں تاخیر ہو رہی ہے۔
سی اے اے کے مطابق علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والی نجی ایئر لائنز کی پروازیں SV738 اور SV739 منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ دبئی جانے والی نجی ایئر لائن کی پرواز PA410 اور ابو ظہبی سے لاہور آنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز EY284 بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔
اسلام آباد اور کراچی سے لاہور آنے والی ڈومیسٹک پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔ حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث لینڈنگ اور ٹیک آف میں مشکلات ہو رہی ہیں اور مسافروں کو ایئر لائنز سے رابطہ رکھنے اور فلائٹ شیڈول چیک کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ حد نگاہ بہتر ہونے پر فلائیٹ آپریشن مرحلہ وار بحال کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب دھند کے باعث لاہور اور فیصل آباد سے کراچی، کوئٹہ، پنڈی سمیت ملک کے دیگر شہروں کو روانہ ہونے والی ٹرینوں کا شیڈول سخت متاثر ہوا ہے۔ قراقرم ڈاؤن، پاک بزنس ایکسپریس ڈاؤن، کراچی ایکسپریس ڈاؤن کئی گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں۔
ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور انعام اللہ کی ہدایت پر مسافروں کی سہولت کے پیش نظر پسنجر فیسیلی ٹیشن عملہ ہمہ وقت اسٹیشنوں پر موجود رہے گا۔ مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ مزید رہنمائی اور اپڈیٹ کیلیے ریلوے انکوائری نمبر 117 پر رابطہ قائم کریں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


