ہسپانوی کلب اٹلیٹیکو میڈرڈ کے ارکان پاکستان فٹبال لیگ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے کے حوالے سے کافی پُرجوش ہیں۔
اٹلیٹیکو میڈرڈ اکیڈمی کے منیجر ایڈولفو گریرو گنتھر نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ پی ایف ایل کی افتتاحی تقریب میں مدعو کیے جانے اور دوبارہ پاکستان آنے پر کافی خوش ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بہترین مارکیٹ اور یہاں کافی مواقع موجود ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ اکیڈمی پروگرامز کو آگے بڑھانے کے لیے مختلف امکانات سے فائدہ اٹھائیں۔
پاکستان فٹ بال لیگ کے سلسلے میں تقریب رونمائی اگلے ماہ 4 جون 2024 کو لاہور میں منعقد ہوگی، بعدازاں مختلف شہروں میں اس سلسلے میں عشائیے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
ان تقاریب میں مشہور شخصیات کو بھی مدعو کیا جائے گا، اس کے بعد برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر 5 جون کو کراچی میں اس سلسلے میں تقریب کی میزبانی کریں گے۔
اس سے قبل اٹلیٹیکو میڈرڈ نے اپنے اسٹریٹجک بین الاقوامی منصوبے کے تحت 2016 سے 2020 کے دوران لاہور میں اپنے انٹرنیشنل اکیڈمی پروجیکٹ کا بھی انعقاد کیا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان فٹ بال لیگ کی شروعات 4 جون کو لاہور میں ہونے جارہی ہے جبکہ انگلش فٹ بال لیجنڈ مائیکل اوون کو لیگ کا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔
مائیکل اوون پی ایف ایل کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے، ان کے علاوہ تقریباً 25 غیرملکی مہمانوں کا وفد بھی شامل ہے جس میں مائیک فرنان، ڈیوڈ گومز، لوئس میگوئل اور مائیک ایلیسن جیسی شخصیات بھی موجود ہونگی۔