جمعرات, مارچ 20, 2025
اشتہار

بھارت کی ماحولیاتی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا ڈوزیئر اقوام متحدہ میں پیش

اشتہار

حیرت انگیز

 اسلام آباد: بھارت کی ماحولیاتی دہشت گردی پر پاکستان نے ڈوزیئر عالمی ادارہ ماحولیات میں پیش کردیا، ڈوزیئر میں بھارت کو ماحولیاتی دہشت قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارت کی ماحولیاتی دہشت گردی کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھا دیا۔ بھارت کو ماحولیاتی دہشت گرد قرار دینے کا ڈوزیئر عالمی ادارہ ماحولیات میں پیش کردیا گیا۔

ڈوزیئر وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ان کے مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے پیش کیا۔ ڈوزیئر میں کہا گیا ہے کہ 26 فروری کو بھارت نے پے لوڈ پاکستانی جنگلات پر گرانے کی حرکت کی، اور جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائیں۔

ڈوزیئر میں کہا گیا کہ اقوام متحدہ نریندر مودی کو دیا گیا ’چیمپیئن آف ارتھ‘ کا خطاب واپس لے اور بھارتی در اندازی کا نوٹس لے۔ اسٹرائیک کے نام پر درختوں کو نقصان پہنچا کر ماحولیاتی دہشت گردی کی گئی۔

وزیر اعظم کے مشیر ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ حملے سے بھارت نے پاکستان کے ماحولیاتی اثاثوں کو نقصان پہنچایا، درختوں کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ بھارت کو کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی دہشت گردی پر پاکستان کا بھارت کے خلاف مقدمہ مضبوط ہے۔

خیال رہے کہ 26 فروری کو رات کے اندھیرے میں بھارتی طیارے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کے بالا کوٹ تک آئے، تاہم پاک فضائیہ کے بروقت ایکشن نے بھارتی طیاروں کو دم دبا کر واپس بھاگنے پر مجبور کردیا۔

جاتے ہوئے بھارتی طیارے اپنا پے لوڈ گرا گئے تاکہ تیزی سے واپس بھاگ سکیں، ان کے گرائے پے لوڈ سے چند درخت تباہ ہوئے۔

بعد ازاں پاکستان نے اسے بھارت کی ماحولیاتی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے معاملے کو اقوام متحدہ میں اٹھانے کا اعلان کیا۔

وزیر اعظم کے مشیر ماحولیات ملک امین اسلم نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی اقدام سے ماحولیاتی نقصان ہوا، بھارت نے جنرل اسمبلی کی قرارداد 47/37 کی خلاف ورزی کی ہے۔

اہم ترین

عبدالقادر
عبدالقادر
عبدالقادر پچھلے 8برس سے اے آر وائی نیوز میں بطور سینئر رپورٹر خدمات انجام دے رہے ہیں، آپ وزیراعظم عمران خان اور حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف سے جڑی خبروں اور سیاسی معاملات پر گہری نظر رکھتے ہیں۔

مزید خبریں